1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورزش اور خوراک کم کیے بغیر وزن کیسے کم ہو؟

25 جنوری 2022

یورپ میں بلقان کی جمہوریہ کروشیا سے تعلق رکھنے والے دو ڈاکٹر ایک ایسی تھیراپی کے ذریعے موٹاپے کے شکار افراد کا بغیر کسی ڈائٹنگ یا اسپورٹس کے علاج کر رہے ہیں، جس کا تعلق انسانوں کے کثیرالجہتی رویوں سے ہے۔

Symbolbild Magersucht im Sport
تصویر: Mathias Fengler/Zoonar/picture alliance

جمہوریہ کروشیا کے دو ڈاکٹر ایک ایسے انوکھے طریقہ سے موٹاپے کا علاج کر رہے ہیں جس کا تعلق انسانوں کے کثیرالجہتی رویوں سے ہے۔ موٹاپا کم کرنے کے لیے نہ تو سخت ڈائٹنگ نہ ہی اسپورٹس کی ضرورت ہے بلکہ ان ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن گھٹانے کے لیے سب سے زیادہ موثر ذہنی توازن اور قوت برداشت پر کنٹرول کرنا ہے۔

مشکل عمل

ہر وہ شخص جو اپنا وزن کم کرنا چاہتا ہے وہی جانتا ہے کہ جسم پر چڑھا اضافی وزن اتارنا کتنا مشکل ہوتا ہے۔ تھکا دینے والی ورزشیں، کھیل اور سب سے بڑھ کر پرہیز۔۔۔ یہ سب کچھ آسان نہیں ہوتا۔ اکثر یہ تدابیر قلیل المدتی کامیابی تو ظاہر کرتی ہیں لیکن ان میں پائیداری نہیں ہوتی۔ ایک آدھ کلو وزن کم کر لینا بہت مشکل ہوتا ہے تاہم اس میں کامیابی اکثر بس تھوڑی ہی دیر کی ہوتی ہے۔ خود پر جبر کر کے ، بھوکے رہ کر اور ورزشیں کر کے جو تھوڑا بہت وزن کم ہوتا ہے اُسے واپس آنے میں بالکل وقت نہیں لگتا۔ شدید مٹاپا یا زیادہ وزن معیار زندگی کو بھی خراب کر دیتا ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ یہ متوقع عمر کو بھی کم کرنے کا سبب بنتا ہے۔

کورونا کی وبا کے دور میں جرمن شہریوں کا وزن بڑھ گیا

بہت سے افراد موٹاپا کم کرنے کے لیے ذہنی الجھن کا شکار رہتے ہیںتصویر: Slimnet

نیا اور انوکھا طریقہ

جمہوریہ کروشیا کے چوتھے بڑے شہر اوسیژک سے تعلق رکھنے والے دو ڈاکٹرز ماریو کورکووچ اور ڈراسن گُرژانسکی اس ضمن میں بڑی مثبت اور کامیاب پیش رفت کا ذکر کرتے ہیں۔ ان دونوں کے انوکھے طریقہ علاج سے اب تک موٹاپے کے شکار لگ بھگ 130 افراد کا علاج کیا جا چکا ہے۔ یہ دونوں موٹاپے کو ایک پیچدہ مگر قابل علاج بیماری کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ان دونوں کا کہنا ہے کہ اپنے اس نئے طریقہ علاج کی کامیابی پر انہیں خود حیرت تھی۔ وہ کہتے ہیں،''موٹاپے کی اپنی وجوہات ہوتی ہیں۔ انسانی جسم میں وزن کو مستقل برقرار رکھنے کا ایک نظام موجود ہوتا ہے۔ اسے ہومیو اسٹیٹک نظام کہا جاتا ہے۔ اس کا انحصار انسانوں کے نظام ہاضمہ اور دماغ میں موجود اُس مرکز کے مابین مواصلات پر ہوتا ہے جو بھوک، سیر ہونے اور خوشگوار حد تک پیٹ کے بھر جانے کے احساس کو محسوس کرنے کا اہم کام انجام دیتا ہے۔‘‘

کیٹو ڈائیٹ: جلد وزن کم کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے

متوازن غذا کا استعمال نقصان نہیں پہنچاتاتصویر: Fotolia/sil007

غذائی عادات

زیادہ تر صحت مند افراد کھانا اُس وقت کھاتے ہیں جب انہیں بھوک لگتی ہے اور عام طور سے وہ وہی کھاتے ہیں جسے کھانے کا ان کا دل چاہے۔ یہ سلسلہ بغیر وزن بڑھے چلتا رہتا ہے۔ جمہوریہ کروشیا سے تعلق رکھنے والے ان ڈاکٹروں کا تاہم کہنا ہے،''آج کے طرز زندگی میں غیر صحت بخش غذا کا کثرت سے استعمال نظام ہاضمہ اور دماغ کے درمیان رابطے کے سلسلے کو ناقص بنا رہا ہے اس میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔‘‘ ڈاکٹر ڈراسن گُرژانسکی کا کہنا ہے کہ انسانی جسم اور دماغ کے مواصلاتی نظام میں دوبارہ توازن پیدا کرنا ''پوسٹ تھیراپی‘‘ کا ہدف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا،''آٹوجینک ٹریننگ یا، میڈیٹیشن یا مراقبے، نظام انہضام کی بحالی اور کبھی کبھار روزہ رکھنے کے ذریعے ہم اصل میں نظام ہاضمہ اور ہومیو اسٹیٹک دونوں نظاموں کو دوبارہ تشکیل دیتے ہیں اور اس طرح یہ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی اور قریبی روابط سے کام کرتے ہیں۔‘‘

ان ڈاکٹروں کے طریقہ علاج کا مرکزی خیال یہ ہے کہ موٹاپے کو دور کرنے اور وزن کم کرنے کے لیے انسانی جسم میں موجود نظاموں کو بحال کیا جائے تاکہ یہ اپنا معمول کا کام انجام دے سکیں۔

میٹھے مشروبات کینسر کا باعث بن سکتے ہیں، نئی ریسرچ

بہت سی دوا ساز کمنیوں نے طرح طرح کے فوڈ سپلیمنٹس تیار کیے ہیںتصویر: NDR

موٹاپے کا غلط تصّور

کروشیا کے دونوں ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ وزن کم کرنے اور موٹاپے کے علاج کے بارے میں بہت سے فضول تصورات پائے جاتے ہیں۔ جیسے کہ کم کھانا، زیادہ جسمانی حرکت۔ یعنی یہ سوچنا کہ کوئی شخص سخت ڈائٹنگ اور ورزش کی مدد سے وزن کم کر لے گا، غلط خیال ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسپورٹس اور ورزش وغیرہ فائدہ مند اور صحت افزا سرگرمیاں ہیں لیکن کوئی بھی مریض ان دونوں سرگرمیوں کی انتہا تک پہنچ کر اپنی بیماری دور نہیں کر سکتا۔ کھانے میں کیلوریز کو گنتے رہنا اور سخت ڈائٹنگ کا مشورہ ڈاکٹر نہیں دیتے بلکہ سب سے زیادہ ضروری خود کی ایسی تربیت کرنا ہے کہ انسان آہستہ آہستہ بھوک سے دور ہوتا جائے۔ یعنی اس تھیراپی کے ذریعے بھوک کے محرک کو کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور دماغ کی بھی ساتھ ہی ساتھی تربیت ہوتی رہتی ہے کہ وہ بھوک کے احساس کو اُس وقت تک متحرک نہیں کرے جب تک جسم کو واقعی غذا کی ضرورت نہ ہو۔

پھلیاں زیادہ، گوشت کم کھائیں!

اپنے جسم کی آواز سننے کی مشق کرنا

ان دونوں ڈاکٹرز نے موٹاپے اور وزن کم کرنے کا جو پروگرام تیار کیا ہے اُس میں چھ ماہ تک ہفتہ وار کورس شامل ہے۔ اس دوران مریضوں کو تقریباً 15 تا 20 کلو وزن کم کرنے کا ہدف دیا جاتا ہے لیکن چند افراد تو اسی عرصے میں 40 کلو گرام تک وزن کم کر لیتے ہیں۔ اس پورے کورس کا مرکزی خیال یہ ہے کہ مریض شعوری طور پر معدے اور دماغ کے درمیان رابطے میں توازن پیدا کرے۔ 

میٹھے کا نشہ شراب کے نشے جیسا ہوتا ہےتصویر: Heinz Leitner/Zoonar/picture alliance

ان دونوں ڈاکٹروں نے ہر وقت کچھ نہ کچھ کھاتے رہنے یا غذا کی ضرورت محسوس کرنے کو ایک نشہ قرار دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں،''غیر ضروری غذا کا استعمال یا کچھ نہ کچھ کھاتے رہنا بھی ایک نشہ یا لت ہے۔‘‘ ڈاکٹر گُرژانسکی کہتے ہیں،''ہمارے طریقہ علاج پر عمل کرنے والے اس لت سے چھٹکارا پانا سیکھ لیتے ہیں۔ کھاتے رہنے کی لت پیچیدہ ہے مگر اس سے نجات حاصل کرنا مشکل ہے۔ سب سے سنگین مسئلہ میٹھے کی لت سے چھٹکارا پانا ہے۔‘‘

ان ماہرین کے مطابق چینی یا میٹھے کی لت بالکل ایسی ہی ہے جیسے کہ شراب نوشی کی لت۔

 

ووک تیسیا/ ک م/ ع ا

                                                                                              

 

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں