نیا اسلام آباد ہوائی اڈہ اب تین مئی سے کام کرنا شروع کرے گا
19 اپریل 2018
پاکستانی دارالحکومت کے لیے نیا ایئر پورٹ کئی برسوں سے زیر تعمیر ہے۔ اب اس کا باضابطہ افتتاح تین مئی کو کیا جائے گا۔ پہلے اس کے افتتاح کے لیے بیس اپریل کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔
اشتہار
اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کے تین مئی سے زیر استعمال آ جانے کی تصدیق پاکستان کے شہری ہوابازی کے محکمے کی جانب سے کی گئی ہے۔ اس ہوائی اڈے کے افتتاح سے قبل میڈیا اور دیگر شعبوں کے افراد کو اس ایئر پورٹ کا دورہ بھی کرایا گیا۔ یہ امر اہم ہے کہ اس ہوائی اڈے کے فعال ہونے کے حوالے سے حتمی تاریخوں کے بار بار اعلان کا سلسلہ ماضی میں بھی جاری رہا ہے۔ پچھلی بار آخری تاریخ بیس اپریل بتائی گئی تھی۔
اسلام آباد کے موجودہ ہوائی اڈے کو سن 2014 میں دنیا کا سب سے خراب ہوائی اڈہ قرار دیا گیا تھا۔ نیا ہوائی اڈہ پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے مرکز سے تیس کلومیٹر کی دوری پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اسے شہر سے ملانے کے لیے ایک خصوصی موٹر وے بھی تعمیر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسے میٹرو بس سسٹم کے ساتھ بھی جوڑا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق نیا ہوائی اڈہ سالانہ بنیادوں پر نوے لاکھ مسافروں اور پچاس ہزار میٹرک ٹن سامان کی آمد و رفت کو سنبھال سکے گا۔ اس نئے ہوائی اڈے پر دنیا کا سب سے بڑا ہوائی جہاز ایئر بس 380 بھی اتر سکے گا۔ ایئر پورٹ پر پندرہ جیٹی یا پیسنجر برج بھی بنائے گئے ہیں تا کہ مسافر بسوں میں سوار ہوئے بغیر براہ راست ہوائی جہازوں میں داخل ہو سکیں۔
اس ہوائی اڈے کی تعمیر پر تقریباً دس برس کا عرصہ لگا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سن 2016 سے اس ہوائی اڈے کے افتتاح کے لیے بار بار مختلف تاریخوں کے اعلان کا سلسلہ جاری ہے۔ اب شہری ہوابازی کے محکمے کے سربراہ نادر شفیع ڈار نے اس کے لیے تین مئی کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
2017ء ميں يورپ و مشرق وسطٰی کے نماياں ہوائی اڈے کون سے رہے؟
2017ء فضائی سفر کے لحاظ سے انتہائی اہم سال ثابت ہوا، جس ميں مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے متعدد ہوائی اڈوں پر نئے ريکارڈ قائم ہوئے۔ پچھلے سال البتہ متحدہ عرب امارات ميں دبئی کا بين الاقوامی ہوائی اڈا مصروف ترين رہا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Charisius
مصروف ترين ايئر پورٹ کا اعزاز دبئی کے نام
گزشتہ برس 88.2 ملين مسافر دبئی انٹرنيشنل ايئر پورٹ سے گزرے۔ سن 2016 کے مقابلے ميں سن 2017 کے دوران 4.6 ملين اضافی مسافر دبئی ايئر پورٹ سے گزرے۔ ايک سال کے عرصے کے دوران سب سے زيادہ مسافروں کے لحاظ سے دبئی کے ہوائی اڈے نے سن 2014 ميں برطانوی دارالحکومت لندن کے ہيتھرو ايئر پورٹ کو پيچھے چھوڑا تھا اور يہ سلسلہ ابھی تک برقرار ہے۔
تصویر: Reuters/A. Mohammad
امريکی پابندی سے بھی استثنیٰ
امريکا نے پچھلے سال مارچ ميں مشرق وسطی کے کئی ملکوں سے وہاں پہنچنے والی پروازوں پر کيبن ميں ليپ ٹاپ لے جانے پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم نئے سکيورٹی اقدامات کے نتيجے ميں دبئی ايئر پورٹ کو اس پابندی سے استثنی حاصل ہے۔
تصویر: Picture-alliance/NurPhoto/N. Economou
ہيتھرو کے ليے سب سے بہترين سال
لندن کے ہيتھرو ايئر پورٹ سے گزشتہ برس اٹہتر ملين مسافر گزرے۔ مسافروں کی تعداد کے اعتبار سے ہيتھرو پر ايک سال قبل يعنی 2016ء کے مقابلے ميں پچھلے سال تين فيصد سے زيادہ کا اضافہ ديکھا گيا۔ علاوہ ازيں کارگو يا سامان کی ترسيل کے حوالے سے ہيتھرو يورپی سطح پر سب سے تيزی سے ترقی کرنے والا ہوائی اڈا ثابت ہوا۔ اس ايئر پورٹ سے تقريباً 1.7 ملين ميٹرک ٹن سامان کی ترسيل ہوئی۔
تصویر: Getty Images/D. Kitwood
ايمسٹرڈيم کا ہوائی اڈا بھی فہرست ميں شامل
يورپی ملک ہالينڈ کے دارالحکومت ايمسٹرڈيم کا شپول ايئر پورٹ بھی يورپی سطح پر کافی مصروف ہوائی اڈا ثابت ہوا۔ پچھلے سال تقريباً اڑسٹھ اعشاريہ چار ملين مسافر اس ايئر پورٹ سے گزرے۔ مسافروں کی يہ تعداد 2016ء کے مقابلے ميں 7.7 فيصد زيادہ تھی۔ شپول ايئر پورٹ سے پچھلے سال تين سو چھبيس مختلف شہروں و مقامات کے ليے پروازيں اڑیں۔
تصویر: Reuters/Y. Herman
گيٹوک ايئر پورٹ کی تاريخ کا مصروف ترين مہينہ
ماہ دسمبر سن 2017 گيٹوک کے ليے اس کی تاريخ کا سب سے مصروف مہينہ ثابت ہوا۔ صرف ايک ماہ ميں تين اعشاريہ دو ملين مسافر اس ہوائی اڈے سے گزرے۔ مجموعی طور پر سن 2017 ميں 45.6 ملين مسافروں نے اپنی منزلوں تک پہنچنے کے ليے گيٹوک ہوائی اڈا استعمال کيا۔
تصویر: Getty Images/J. Mansfield
کيفلاوک ايئر پورٹ: مسافروں کی تعداد ميں نماياں اضافہ
ويسے تو آئس لينڈ کا کيفلاوک ايئر پورٹ ديگر بڑے ہوائی اڈوں کے مقابلے ميں ذرا چھوٹا ہے تاہم مسافروں کی تعداد ميں اضافے کے تناظر ميں يہ ہوائی اڈا پچھلے سال سر فہرست رہا۔ پچھلے ايک سال کے دوران اس ہوائی اڈے کو تقريباً نو ملين مسافروں نے استعمال کيا تاہم اس سے پچھلے سال کے مقابلے ميں مسافروں کی تعداد ميں اٹھائيس فيصد کا نماياں اضافہ نوٹ کيا گيا۔
تصویر: picture alliance/AP/P. Dejong
لُوٹن ايئر پورٹ پر بھی ريکارڈ ترقی
لندن کا لُوٹن ايئر پورٹ پچھلے سال ساڑھے پندرہ ملين سے زائد مسافروں کی آمد و رفت کا ذريعہ بنا۔ مسافروں کی تعداد ميں پچھلے سال ساڑھے آٹھ فيصد سے زائد کا اضافہ نوٹ کيا گيا۔ يہ سال لُوٹن کے ليے بھی اس کی تاريخ کا مصروف ترين سال ثابت ہوا۔
تصویر: picture-alliance/PA Wire/V. Jones
جرمنی ميں ہيمبرگ ايئر پورٹ کا ريکارڈ
جرمنی ميں ہيمبرگ کے ہوائی اڈے پر نيا ريکارڈ قائم ہوا۔ اس سے قبل اس ہوائی اڈے سے کبھی سترہ ملين افراد نے سفر نہيں کيا تھا تاہم يہ روايت ٹوٹ گئی اور 2017ء ميں ساڑھے سترہ ملين مسافروں نے ہيمبرگ کا ايئر پورٹ استعمال کيا۔