نیا صدارتی نظام: ایردوآن کے نئے وسیع تر اختیارات کون سے؟
4 جولائی 2018
ترکی نے ملکی آئین میں 74 تبدیلیاں کی ہیں جس کے بعد صدر رجب طیب ایردوآن کو کئی نئے اختیارات مل گئے ہیں۔ ان تبدیلیوں کے بعد ایردوآن، ریاست کے ساتھ ساتھ حکومت کے بھی سربراہ بن گئے ہیں۔
اشتہار
نئے صدارتی نظام کے تحت ترکی میں گزشتہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں رجب طیب ایردوآن جیتے تھے اور پارلیمانی انتخابات میں میں ایردوآن کی جماعت کامیاب رہی تھی۔ آج چار جولائی بروز بدھ ایک سرکاری حکم نامے کے تحت ترک آئین کی 74 دفعات میں تبدیلیاں کی گئیں جس کے بعد صدر کو مزید اختیارات مل جائیں گے۔
سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے اس حکم نامے میں سن 1924 سے لے کر 2017ء تک بنائے گئے مختلف ترک قوانین میں تبدیلیاں کی گئیں۔ صدارتی نظام کے نفاذ کے بعد وزیر اعظم کا عہدہ بھی ختم ہو چکا ہے اس لیے آئین میں وزیر اعظم کی جگہ صدر کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔
ترک صدر کو حاصل ہونے والے اختیارات
آئین کی شقوں میں تبدیلیوں کے بعد اب ترک صدر رجب طیب ایردوآن کو جو اضافی اختیارات حاصل ہوں گے ان میں سے چند درج ذیل ہیں۔
نئی وزارتیں تشکیل دے کر ان کی کارکردگی پر بھی نظر رکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ اب وہ پارلیمان کی منظوری کے بغیر سرکاری افسروں کو معطل کر سکیں گے۔
صدر ججوں اور دفتر استغاثہ کے بورڈ کے چار ارکان تعینات کر سکیں گے جب کہ ملکی پارلیمان بورڈ کے سات ارکان تعینات کرے گی۔
صدر ملکی بجٹ بنا سکیں گے اور ملکی سکیورٹی پالیسی کے بارے میں بھی فیصلہ کر پائیں گے۔
پارلیمان کی منظوری کے بغیر صدر ایردوآن ملک میں چھ ماہ تک کی مدت کے لیے ایمرجنسی نافذ کر پائیں گے۔
صدر ایردوآن کو ملکی پارلیمان تحلیل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہو گا۔ تاہم اس صورت میں قبل از وقت صدارتی انتخابات بھی کرانا ہوں گے۔
نئے اختیارات کا نفاذ کب سے ہو گا؟
ملکی آئین میں کی گئی ان تبدیلیوں کا اطلاق صدر کے حلف اٹھاتے ہی ہو جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ صدر ایردوآن رواں ماہ کی آٹھ یا نو تاریخ کو ترک پارلیمان میں حلف اٹھائیں گے۔
نیا صدارتی نظام اور رجب طیب ایردوآن
ترکی میں صدارتی نظام کے نفاذ کا فیصلہ گزشتہ برس اپریل میں کیے گئے ایک عوامی ریفرنڈم میں ہوا تھا۔ اس ریفرنڈم میں معمولی برتری کے ساتھ صدارتی نظام کے حامیوں کی جیت ہوئی تھی۔ آئینی تبدیلیوں کے بعد اس عہدے پر کوئی بھی شخص زیادہ سے زیادہ دو مرتبہ فائر رہ پائے گا۔ تاہم اگر دوسری مدت صدارت کے دوران قبل از وقت انتخابات کرائے گئے تو صدارتی امیدوار تیسری مرتبہ بھی انتخابات میں حصہ لے پائے گا۔
رجب طیب ایردوآن سن 2003 سے لے کر سن 2014 تک ترکی کے وزیر اعظم رہے جس کے بعد وہ ترک صدر بن گئے تھے۔ صدر کے عہدے کو مضبوط بنانے کا منصوبہ ایردوآن کے صدر بننے سے بھی پہلے تیار کر لیا گیا تھا۔ ریفرنڈم کے بعد صدارتی نظام کا نفاذ در اصل سن 2019 میں ہونا تھا لیکن مئی 2018 میں ہی قبل از وقت صدارتی انتخابات کرا لیے گئے۔
ش ح/ ا ب ا (روئٹرز، اے پی)
استنبول، مذہبی تہذیب اور سیکیولر روایات کا امتزاج
یورپ اور ترکی کے سیاسی تنازعات کے باوجود ان میں چند مشترکہ ثقافتی روایات پائی جاتی ہیں۔ پندرہ ملین رہائشیوں کا شہراستنبول جغرافیائی حوالے سے دو برِاعظموں میں بٹا ہوا ہے۔ ثقافتی تضادات کے شہر، استنبول کی تصاویری جھلکیاں
تصویر: Rena Effendi
استنبول کی روح میں یورپ بسا ہوا ہے
ترکی کا شہر استنبول دنیا کا واحد شہر ہے جو دو براعظموں یعنی ایشیا اور یورپ کے درمیان واقع ہے۔ استنبول میں روایتی اور جدید طرز زندگی کے عنصر نظر آتے ہیں۔ تاہم مذہبی اور سیکولر طرزِ زندگی اس شہر کی زینت ہے۔ کثیر الثقافتی روایات کا جادو شہرِ استنبول کی روح سے جڑا ہے۔
تصویر: Rena Effendi
دو ہزارسال قدیم شہر
استنبول کی تاریخ قریب دو ہزار چھ سو سال پر محیط ہے۔ آج بھی اس شہر میں تاریخ کے ان ادوار کی جھلکیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ماضی میں کئی طاقتور حکومتوں نے استنبول کے لیے جنگیں لڑیں، خواہ وہ ایرانی ہوں کہ یونانی، رومی سلطنت ہو کہ سلطنتِ عثمانیہ۔ جیسا کہ قسطنطنیہ سلطنتِ عثمانیہ کا مرکز رہنے سے قبل ’بازنطین‘ کا مرکز بھی رہا۔ بعد ازاں سن 1930 میں پہلی مرتبہ ترکی کے اس شہر کو استنبول کا نام دیا گیا۔
تصویر: Rena Effendi
استنبول، دو مختلف ثقافتوں کے درمیان
آبنائے باسفورس کو استنبول کی ’نیلی روح‘ کہا جاتا ہے۔ آبنائے باسفورس ترکی کو ایشیائی حصے سے جدا کرکے یورپی حصے میں شامل کرتی ہے۔ یہاں چھوٹی چھوٹی کشتیوں میں ہزاروں مسافر روزانہ یہ سمندری پٹی عبور کر کے دو براعظموں کے درمیاں سفر طے کرتے ہیں۔ مسافر تقریبا بیس منٹ میں یورپی علاقے ’کراکوئی‘ سے ایشیائی علاقے ’کاڈیکوئی‘ میں داخل ہو جاتے ہیں۔
تصویر: Rena Effendi
قدیم قسطنطنیہ کا ’غلاطہ پل‘
غلاطہ پل ترکی کے شہر استنبول میں واقع ہے۔ یہاں لوگ بحری جہازوں کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ طویل قطاروں میں کھڑے لوگ ڈوری کانٹے سے مَچھلی پَکَڑنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرتے ہیں۔ یہ سیاحتی مقام بھی ہے، یہاں مکئی فروش، جوتے چمکانے والے اور دیگر چیزیں فروخت کرتے ہوئے لوگ بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ سن 1845 میں پہلی مرتبہ یہ پل قائم کیا گیا تھا، تب استنبول کو قسطنطنیہ کے نام سے جانا جاتا تھا۔
تصویر: Rena Effendi
’یورپ ایک احساس ہے‘
میرا نام فیفکی ہے، ایک مچھلی پکڑنے والے نے مسکراتے ہوئے کہا۔ میں خود کو یورپی شہری سمجھتا ہوں۔ ہم زیادہ آزادی کے خواہش مند ہیں لہٰذا ترکی اور یورپ کو ایک ساتھ ملنا چاہیے۔ فیفکی ریٹائرڈ ہوچکا ہے اورمچھلیاں پکڑنے کا شغف رکھتا ہے۔ تاہم فیفکی نے بتایا کہ اس سے تھوڑی آمدنی بھی ہوجاتی ہے۔ دو کلو مچھلی کے عوض اسے آٹھ یورو مل جاتے ہیں۔
تصویر: Rena Effendi
استنبول کے قلب میں سجے مینار
استنبول شہر کے مرکز تقسیم اسکوائر پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ یہاں ایک مسجد پر تیس میٹر اونچا گنبد اور دو مینار تعمیر کیے جارہے ہیں۔ ترکی میں اگلے سال ہونے والے عام انتخابات تک یہ تعمیراتی کام مکمل ہوجائے گا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان تاریخی مرکز کو نئی شناخت دینے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کہ ’سیاسی اسلام‘ اور قدامت پسند سلطنتِ عثمانیہ کے دور کی عکاسی کرتی ہے۔
تصویر: Rena Effendi
استنبول یورپی شہر ہے لیکن مذہبی بھی
استنبول کا ’’فاتح‘‘ نامی ضلع یورپی براعظم کا حصہ ہونے کے باوجود ایک قدامت پسند علاقہ مانا جاتا ہے۔ اس علاقے کے رہائشیوں کا تعلق اناطولیہ سے ہے۔ یہ لوگ روزگار اور بہتر زندگی کی تلاش میں استنبول آتے ہیں۔ مقامی افراد ’’فاتح‘‘ کو مذہبی علاقے کے حوالے سے پکارتے ہیں، جہاں زیادہ تر لوگ ترک صدر اردگان اور ان کی سیاسی جماعت ’اے کے پی‘ کے رکن ہیں۔
تصویر: Rena Effendi
مساجد کے سائے تلے خریداری
ہر ہفتے بدھ کے روز ’’فاتح مسجد‘‘ کے سامنے ایک بازار لگتا ہے۔ اس بازار میں گھریلو سامان، ملبوسات، چادریں، سبزیاں اور پھل دستیاب ہوتے ہیں۔ یہاں ملنے والی اشیاء کی قیمت نسبتاﹰ مناسب ہوتی ہے۔ فاتح ضلعے میں اب زیادہ تر شامی مہاجرین منتقل ہو رہے ہیں۔ ترکی میں تین ملین سے زائد شامی تارکین وطن موجود ہیں۔ سن 2011 میں شامی خانہ جنگی کے بعد شامی شہریوں کو پناہ دینے کے اعتبار سے ترکی سرفہرست ہے۔
تصویر: Rena Effendi
استنبول کے وسط میں واقع ’مِنی شام‘
استنبول کا ضلع فاتح شامی ریستورانوں کے لیے بھی مشہور ہے۔ یہاں کے ڈونر کباب میں لہسن کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔ ترکی میں مہاجرین کو ’’میسافر‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ ترکی میں سیاسی پناہ کا قانون یورپی یونین کی رکن ریاستوں سے قدرے مختلف ہے۔ تاہم ترک حکومت کی جانب سے دس ہزار شامی مہاجرین کو ترک شہریت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
تصویر: Rena Effendi
’ہپستنبول‘ کی نائٹ لائف
اگر آپ شراب نوشی کا شوق رکھتے ہیں تو استنبول کے دیگر اضلاع میں جانا بہتر رہے گا، ایشیائی حصے میں واقع کاڈیکوئی علاقہ یا پھر کاراکوئی۔ یہاں کی دکانوں، کیفے، اور گیلریوں میں مقامی افراد کے ساتھ سیاح بھی دِکھتے ہیں۔ تاہم ترکی کی موجودہ قدامت پسند حکومت کے دور اقتدار میں شراب نوشی کسی حد تک ایک مشکل عمل ہوسکتا ہے۔
تصویر: Rena Effendi
استنبول کے شہری یورپی سیاحوں کے منتظر
غلاطہ کے علاقے میں واقع ایک ڈیزائنر دُکان میں کام کرنے والی خاتون ایشیگئول کا کہنا ہے کہ ’استنبول بہت زیادہ تبدیل ہو چکا ہے‘۔ استنبول میں چند سال قبل زیادہ تر یورپی سیاح چھٹیاں بسر کرنے آتے تھے تاہم اب عرب سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایشیگئول کا کہنا ہے کہ یہ ان کے کاروبار کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ وہ امید کرتی ہیں کہ یہ سلسہ جلد تبدیل ہوجائے گا۔