نیتن یاہو کو حکومت بنانے کی دعوت
3 فروری 2013
اسرائیلی صدر شمعون پیریز نے نیتن یاہو کو نو منتخب ارکانِ پارلیمنٹ کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد حکومت بنانے کی باقاعدہ درخواست ہفتے کو دی۔ نیتن یاہو نے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ ’وسیع طور پر ممکنہ قومی اتحادی حکومت‘ کو تشکیل دیں لے گے۔
صدر کی جانب سے حکومت بنانے کی دعوت ملنے کے بعد بات چیت میں نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا نئی حکومت کی اوّلین ترجیح ہو گی۔
انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات شروع کریں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ مذاکرات کے بغیر گزرتا ہوا ہر دِن ضائع ہو رہا ہے۔
اندرون ملک درپیش چیلنجز کے حوالے سے انہوں نے رہائش کے اخراجات کم کرنے اور کٹر یہودیوں کے لیے لازمی ملٹری سروس کے لیے مکمل استثنیٰ کے خاتمے کی بات کی۔ یہ دونوں باتیں ان کے ممکنہ اتحادیوں کے لیے اہم ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’’ہمیں اختلافات نظرانداز کرنے ہوں گے تاکہ ہم آپس میں اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن سے رہ سکیں۔
اسرائیلی صدر شمعون پیریز کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کی جانب سے نیتن یاہو کو وزیر اعظم نامزد کیے جانے پر انہیں حکومت سازی کا کام سونپا ہے۔ پیریز نے بدھ اور جمعرات کو سیاسی دھڑوں سے مذاکرات کیے تھے، جو اسرائیلی آئین کے مطابق ضروری ہیں۔
بائیس جنوری کے انتخابات میں نیتن یاہو کی بیت نو پارلیمنٹ سب سے آگے رہی، جسے 120 رکنی پارلیمنٹ میں 31 نشستیں حاصل ہوئیں۔ صدر کی جانب سے حکومت سازی کی دعوت ملنے پر اب اتحادی حکومت کے لیے مذاکرات باقاعدہ شروع کیے جا سکتے ہیں۔
الٹرا آرتھوڈوکس پارٹیاں جن میں لیکود بھی شامل ہے، نے 61 نشستیں حاصل کی ہیں جس سے نیتن یاہو کو ایک ممکنہ اتحاد حاصل ہو چکا ہے۔ تاہم خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق وہ وسیع تر حکومت کے خواہاں ہے جو کسی ایک اتحادی کی علیحدگی کی صورت میں بھی قائم رہے گی۔
اس کے برعکس وسیع تر حکومت کےلیے ممکنہ اتحادیوں کے درمیان متعدد معاملات پر اختلافات پائے جاتے ہیں، جن پر سمجھوتہ نہ ہوا تو اتحاد کے لیے نیتن یاہو کے آپشنز محدود ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ نیتن یاہو گزشتہ 50 برس میں پہلے وزیر اعظم ہوں گے جو تیسری مرتبہ یہ ذمہ داریاں نبھانے جا رہے ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 1996ء میں وزیر اعظم بنے تھے جبکہ 2009ء کے انتخابات کے بعد انہیں پھر سے یہ عہدہ سنبھالنے کا موقع ملا تھا۔
ng/ai (dpa, AFP, Reuters)