نیدرلینڈز: ڈچ رہنما کے قتل پر اکسانے پر دو پاکستانیوں کو سزا
10 ستمبر 2024فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اشرف جلالی اور سعد رضوی پر ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا۔ پاکستان نے نیدرلینڈز کی درخواست کے باوجود ان افراد کو ہائی سکیورٹی ٹرائل میں پیش ہونے پر مجبور نہیں کیا۔
چھپن سالہ اشرف جلالی کو اپنے پیروکاروں کو ولڈرز کے قتل پر اکسانے پر 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے اپنے پیروکاروں سے کہا تھا کہ ولڈرز کو قتل کرنے پر انہیں "آخرت میں انعام" ملے گا۔
نیدرلینڈز میں اشرف جلالی اور سعد رضوی کے خلاف مقدمے کا آغاز
گیئرٹ ولڈرز پر حملے کا مبینہ منصوبہ: ’پاکستانی‘ ملزم ڈچ عدالت میں
ججوں نے پیر کے روز اپنے فیصلے میں کہا کہ جلالی نے ایک مذہبی رہنما کے طور پر "اپنے اختیارات کا غلط استعمال" کیا اور امکان ہے کہ ان کے پیروکاروں نے ان کی اپیل کو سنجیدگی سے لیا ہو گا۔
انہوں نے فیصلے میں کہا کہ جلالی کی اپیل کا مقصد دہشت گردانہ تھا اور اس نے نہ صرف ولڈرز بلکہ عمومی طور پر ڈچ سیاسی دنیا کو نشانہ بنایا تھا۔
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پارٹی کے رہنما 29 سالہ سعد رضوی کو پیروکاروں کو ولڈرز کو قتل کرنے پر اکسانے پر چار سال قید کی سزا سنائی گئی۔
رضوی کو پاکستانی کرکٹر خالد لطیف کے سابقہ تبصروں کی تعریف کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
ستمبر 2023 میں، ججوں نے لطیف کو ولڈرز کے قتل پر اکسانے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنائی جب انتہائی دائیں بازو کے ڈچ ربنما نے پیغمبر اسلام کے کارٹونوں کے مقابلے کا اہتمام کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ مقابلے بعد میں منسوخ کردیے گئے تھے۔
ولڈرز نے کیا کہا؟
ولڈرز، جن کی پارٹی رواں سال واضح انتخابی کامیابی کے بعد پہلی بار حکومت میں شامل ہوئی، گذشتہ 20 سالوں سے شدت پسندوں کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کی وجہ سے سخت سکیورٹی میں زندگی گزار رہے ہیں۔
ولڈرز کی فتح، یورپ میں ایک غیرمعمولی رجحان کی عکاس
عدالتی فیصلے کے بعد گیرٹ ولڈرز نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، "مجھے امید ہے کہ ان (دو مشتبہ افراد) کو نیدرلینڈز کے حوالے کرکے اور انہیں مجرم قرار دے کر جیل بھیج دیا جائے گا۔"
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام کے کارٹون بنانا اور دکھانا "آزادی اظہار" کا سوال ہے۔ انہوں نے بعد میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ فیصلہ "بہت اچھا فیصلہ" ہے۔
اسلام میں پیغمبر کی تصویر بنانا ممنوع ہے اور ماضی میں ایسے خاکوں پر مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
نیدرلینڈز کا پاکستان کے ساتھ مجرموں کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے جس کی وجہ سے اس بات کا امکان نہیں ہے کہ یہ دونوں افراد، جو پیر کو ایمسٹرڈیم میں عدالت کی سماعت سے غیر حاضر تھے، ڈچ عدالت کی طرف سے سنائی گئی کوئی بھی سزا کاٹنے پر مجبور ہوں گے۔
ج ا ⁄ ص ز ( اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)