نیمار نے بارسلونا کو خیرباد کہنے کا حتمی فیصلہ کر لیا
عابد حسین
2 اگست 2017
بارسلونا کلب نے تصدیق کی ہے کہ نیمار نے کلب چھوڑنے کی درخواست پیش کی ہے۔ کلب کے مطابق فارورڈ کھلاڑی نیمار نے اپنی درخواست میں بارسلونا کلب کے تمام کھلاڑیوں کو الوداع بھی کہہ دیا ہے۔
اشتہار
اطلاعات کے مطابق پچیس برس کے برازیلی فٹ بالر نیمار، فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جَرمین میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ بارسلونا نے نیمار کی اپنے کلب سے منتقلی کے لیے 222 ملین یورو کی خطیر رقم کا مطالبہ رکھا ہے۔ اب نیمار نے کلب سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو پیرس سینٹ جَرمین کے ساتھ طے کرے۔
بارسلونا نے بتایا کہ نیمار جونیئر اپنے والد کے ہمراہ بدھ دو اگست کو دفتر میں آئے اور کلب چھوڑنے کی درخواست دی۔ کلب کے مطابق نیمار معمول کے پریکٹس سیشن کے لیے آئے اور دفتر میں اپنی درخواست دینے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کو بتایا کہ وہ کلب چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
پیرس سینٹ جرمین اگر اتنی بڑی رقم ادا کرنے پر راضی ہو جاتی ہے تو یہ ایک نیا ریکارڈ ہو گا۔ کسی کھلاڑی کی ایک کلب سے منتقلی کی ریکارڈ ادائیگی گزشتہ برس مانچسٹر یونائیٹڈ نے کی تھی۔
برطانوی فٹ بال کلب نے پال پوگبا کے حصول کے لیے 111 ملین ڈالر ادا کیے تھے۔ مختلف یورپی فٹ بال کلبوں نے اتنی بڑی رقم طلب کرنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
نیمار کا بارسلونا کو خیرباد کہنے کا اعلان کلب کے نئے سربراہ ایرنیسٹو والویری کے ابتدائی ہفتوں میں سامنے آیا ہے۔ نیمار نے یہ اعلان چین میں فٹ بال کے فروغ کا دورہ مکمل کرنے کے فوری بعد کیا ہے۔
چیمپئنز لیگ، بارسلونا کی ایک اور کامیابی
ہسپانوی کلب بارسلونا نے ہفتہ چھ جون کی رات برلن میں کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اطالوی کلب یووینٹس ٹیورین کو مات دے کر ایک بار پھر یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
تصویر: Reuters/F. Bensch
ٹرافی کے ساتھ
ہسپانوی کلب بارسلونا نے فائنل میں اطالوی کلب یووینٹس کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ اس تصویر میں بارسلونا کے کھلاڑی ٹرافی کے ساتھ خوشیاں مناتے ہوئے۔
تصویر: Getty Images/AFP/O. Lang
بارسلونا میں خوشیوں کا سماں
گزشتہ چھ برس کے دوران ایف سی بارسلونا نے یورپی فٹ بال کا یہ اہم ٹورنامنٹ تیسری مرتبہ جیتا ہے۔ مجموعی طور پر اس کلب نے یہ یورپی کپ پانچویں مرتبہ جیتا ہے۔
تصویر: Reuters/G. Nacarino
ہارنے کا ریکارڈ
اطالوی کلب یووینٹس ٹیورین ایسا پہلا کلب بن گیا ہے، جو چیمپئنز لیگ کے چھ فائنل مقابلوں میں پہنچنے میں کامیاب تو ہوا، لیکن بد قمستی سے آج تک کوئی ایک بھی فائنل نہیں جیتا۔
تصویر: Reuters/D. Staples
پہلا گول
برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا پہلا گول کروشیا سے تعلق رکھنے والے بارسلونا کے اسٹرائیکر ایوان راکیٹچ نے چوتھے منٹ میں ہی کر دیا اور ہسپانوی ٹیم کو کھیل کے آغاز میں ہی برتری حاصل ہو گئی۔
تصویر: Getty Images/S. Botterill
الوارو موراٹا کا اعزاز
یووینٹس کی طرف سے واحد گول الوارو موراٹا نے 55 ویں منٹ میں کیا اور تب میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا تھا۔ موراٹا ایسے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے دونوں مرحلوں کے علاوہ فائنل میں بھی گول اسکور کیا۔
تصویر: Reuters/M. Dalder
لوئیس سواریس کی تیزی
بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے یوروگوائے کے اسٹرائیکر لوئیس سواریس نے 68 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی۔ لیونل میسی کی طرف سے لگائی گئی کک گول کیپر بوفون نے روک تو لی لیکن ری باؤنڈ ملنے پر سورایس نے بال گول کے اندر پھینک دیا۔
تصویر: Getty Images/M. Rose
آخری کک
اس فائنل کی آخری کک برازیل کے اسٹار نیمار نے لگائی اور بال سیدھا گول پوسٹ میں پہنچ گیا۔ یوں یہ میچ بارسلونا نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ نیمار کے بقول یہ ان کے کیریئر کا سب سے زیادہ اہم میچ ثابت ہوا۔
تصویر: Reuters/K. Pfaffenbach
اس میچ کو دیکھنے کے لیے جرمن صدر یوآخِم گاؤک بھی برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Naupold
برلن میں میلے کا سماں
جرمن دارالحکومت برلن میں کھیلے گئے اس فائنل میچ سے قبل وہاں میلے کا سا سماں تھا۔ شائقین کی بہت بڑی تعداد یہ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچی اور دن بھر وہاں رنگا رنگ ہنگامہ برپا رہا۔
تصویر: picture-alliance/epa/E. Ferrari
9 تصاویر1 | 9
تجزیہ کاروں کے مطابق بارسلونا کلب کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب اتنی بڑی رقم طلب کرنے پر یورپی فٹ بال کلبوں کی جانب سے اظہار بےچینی سامنے آیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ بارسلونا نے 222 ملین یورو کی رقم یک مُشت طلب کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ہسپانوی کلبوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو بھی ہسپانوی فٹ بال کے نگران ادارے لا لیگا کے مرتب کردہ شدہ اصولوں اور ضوابط کی روشنی میں طے کیا جانا ضروری ہے۔