1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہتائیوان

نینسی پیلوسی ایشیا کے دورے پر، تائیوان پر خاموشی سادھ لی

1 اگست 2022

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے ایشیا کا دورہ شروع کردیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ تائیوان بھی جائیں گی یا نہیں۔چین نے ان کے مجوزہ دورہ تائیوان پر خبردار کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا تھا۔

Sprecherin des US-Repräsentantenhauses Pelosi
تصویر: J. Scott Applewhite/AP/dpa

پلوسی کے دفتر سے اتوار کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ایشیائی ملکوں کے دورے پر روانہ ہورہی ہیں۔ اس دوران وہ سنگاپور، ملائشیا، جنوبی کوریا اور جاپان جائیں گی۔ اس بیان میں تائیوان کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔

بعض میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا تھا کہ پلوسی ممکنہ طور پر تائیوان کا دورہ کریں گے۔ ان خبروں کے بعد واشنگٹن اور بیجنگ میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیاتھا۔ بیجنگ کسی بھی غیر ملکی سیاست دان کے تائیوان کے دورے کو اشتعال انگیزی کے طور پر دیکھتا ہے۔

تائیوان میں سن 1949 میں اس کی آزادی کے بعد سے ہی ایک خود مختار جمہوریت ہے تاہم بیجنگ اسے چین کا حصہ قرار دیتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ ایک دن اسے اپنے ملک میں ضم کرلے گا۔

پیلوسی نے اپنے بیان میں کہا،''آج ہمارا کانگریسی وفد انڈو پیسفک خطے کے دورے پر روانہ ہورہا ہے جو خطے میں ہمارے اتحادیوں اور دوستوں کے ساتھ امریکہ کی مضبوط اور غیر متزلزل وابستگی کی تصدیق ہے۔‘‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران انڈو پیسفک خطے میں باہمی سکیورٹی معاملات، معاشی شراکت داری اور جمہوری حکمرانی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ وفد میں ایوان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ گریگوری میکس بھی شامل ہیں۔

تصویر: Hu Shanmin/Xinhua/picture alliance

چین کی فوجی مشقیں بھی جاری

نینسی پیلوسی کے دورے سے متعلق یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب ایک روز قبل ہی چین نے تائیوان کے بالمقابل اپنے ساحل پر فوجی مشقیں شروع کی ہیں۔ اسے امریکہ کے لیے ممکنہ وارننگ قرار دیا جارہا ہے۔ چینی بحریہ چین اور تائیوان کے درمیان واقع سمندری علاقے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے یہ فوجی مشقیں کر رہی ہے۔

چین کے روزنامہ پیپلز ڈیلی کے مطابق چینی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چینی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی تائیوان کے قریب پروازیں کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا، ''چین کی فضائیہ قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پختہ ارادہ، مکمل اعتماد اور صلاحیت کی حامل ہے۔اور بیجنگ قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حفاظت کرے گا۔‘‘

امریکہ نے اپنا طیارہ بردار جنگی جہاز یو ایس ایس رونلڈ ریگن گزشتہ ہفتے جنوبی چین سمندر میں بھیجا تھا۔ حالانکہ امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس جنگی جہاز کو بھیجنے کا فیصلہ بہت پہلے کیا گیا تھا اور یہ ایک معمول کی فوجی مشق تھی۔

تصویر: Susan Walsh/AP/picture alliance

تائیوان کے حوالے سے فکر مندی میں اضافہ

قبل ازیں گزشتہ ہفتے چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران نینسی پلوسی کے تائیوان کے ممکنہ دورے کے حوالے سے خبر دار کیا تھا۔

 شی جن پنگ نے جو بائیڈن سے کہا تھا کہ واشنگٹن کو 'ون چائنا‘ کےاصولوں پر قائم رہنا چاہیے اور اگر کسی نے آگ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی تو وہ تباہ ہوجائے گا۔ جو بائیڈن نے چینی صدر شی جن پنگ کو جواب میں کہا تھا کہ تائیوان پر امریکی پالیسی میں تبدیلی نہیں ہوئی اور واشنگٹن، موجودہ صورتحال میں تبدیلی یا تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی یکطرفہ کوششوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

 یوکرین پر روس کے فوجی حملے کے بعد اس تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے کہ چین بھی تائیوان کے حوالے سے اسی طرح کا قدم اٹھا سکتا ہے۔

ج ا/ ش ر  (ڈی پی اے، روئٹر، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں