نیوزی لینڈ: مساجد پر دہشت گردانہ حملے اور آن لائن پیغامات
15 مارچ 2019
حالیہ ایام میں انتہاپسندوں کی طرف سے سفید فام نسل پرستانہ برتری کے کئی آن لائن پیغامات شائع ہوئے۔ سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ان پیغامات میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف سابقہ حملوں پر مسرت کا اظہار بھی سامنے آیا ہے۔
اشتہار
نیوزی لینڈ کی ایک مسجد پر حملے کی لائیو فوٹیج سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر نشر کی گئی۔ اس حملے کے بعد نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا ہے اور ان میں سے ایک پر قتل کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
اس حملے کے حوالے سے کئی پیغامات سوشل میڈیا پر شائع کیے گئے ہیں۔ ایک ٹویٹ میں اُس بندوق کی تصویر شائع کی گئی جو کرائسٹ چرچ کی مساجد پر کیے گئے حملوں میں استعمال کی گئی تھی۔ اس میں ایسے سابقہ حملوں کے ریفرنس بھی استعمال کیے گئے جو نسل اور مذہب کی بنیاد پر کیے گئے تھے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ ’ یہ دھرا ہے تمہارا میثاقِ مہاجرت‘۔
یہ امر اہم ہے کہ رائفل پر ’چودہ‘ لکھا تھا اور سفید فام نسلی برتری کے لیے چودہ الفاظ کا سلوگن بھی تقریباً تیئیس برس قبل عام کیا گیا تھا۔ یہ چودہ لفظی نعرہ We must secure the existence of our people and a future for white children ہے یعنی ’ ہمیں سفید فام لوگوں اور بچوں کی بقا کے لیے مستقبل کو محفوظ کرنا ہے‘ ۔ یہ سلوگن امریکی سفید فام نسل پرست رویے کے داعی ڈیوڈ لین نے سن 1995 میں متعارف کرایا تھا۔ ڈیوڈ لین کو امریکی عدالت نے دہشت گرد قرار دے کر 190 برس کی سزا سنائی تھی اور وہ جیل ہی میں تقریباً 22 برس بعد سن 2007 میں انتقال کر گیا تھا۔
بدھ چودہ مارچ کو ہی ٹوئٹر اکاؤنٹ @brentontarrant سے سفید فام نسل کی شرح پیدائش کے بارے میں کئی مضامین شائع ہوئے۔ ان کے ساتھ ساتھ مختلف ملکوں میں انتہا پسند دائیں بازو کی تحریکوں اور اُن کے پرتشدد حملوں کی کہانیاں بھی مخصوص صارفین کے لیے پیش کی گئیں، جو غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف تھیں۔
ٹویٹر پر یہ اکاؤنٹ گزشتہ ماہ بنایا گیا تھا اور اس پروفائل سے تریسٹھ ٹویٹس کیے گئے اور اس کے 218 فالوورز تھے۔ اکاؤنٹ brentontarrant@ اب حملے کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح حملہ آور برینٹن ٹارانٹ کا فیس بک اکاؤنٹ brenton.tarrant.9 بھی اب بند کیا جا چکا ہے۔
اس حملے میں ملوث ایک شخص ایک اور اکاؤنٹ "/pol/ - Politically Incorrect" forum on 8chan پر باقاعدگی سے پوسٹ کرتا رہا ہے۔ یہ آن لائن ڈسکشن کا فورم تھا جہاں نفرت آمیز مواد شائع ہوتا تھا۔ فیس بک کے ایک گمنام یوزر نے جمعہ پندرہ مارچ تقریباً ڈیڑھ بجے کو حملے کا ابتدائی اعلان شائع کیا تھا۔
کرائسٹ چرچ کی پولیس نے بھی فیس بُک کو اس واردات کے بارے فوری طور پر مطلع کیا۔ اس کے بعد فیس بک نے واضح کیا ہے کہ اس حملے کی تعریف یا حملہ آور کی حمایت کے بیانات کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ اسی دوران گوگل اور ٹویٹر نے ان حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔
نیو نازی گروپ کی جانب سے قتل کے واقعات کی تحقیقات
تصویر: picture-alliance/dpa
قاتل برسوں حکام کی نظروں سے اوجھل رہے
’نیشنل سوشلسٹ انڈر گراؤنڈ‘ گروپ ’این ایس یو‘ کے ارکان کئی سالوں تک جرمنی میں لوگوں کو قتل کرتے رہے ہیں۔ ان واقعات میں مبینہ طور پر اووے منڈلوس، اووے بوئنہارڈ اور بیاٹے چَیپے ملوث رہے۔ ان تینوں پر الزام ہے کہ انہوں نے آٹھ ترک نژاد، ایک یونانی نژاد اور ایک خاتون پولیس اہلکار کو غیر ملکیوں سے نفرت کی وجہ سے قتل کیا تھا۔ 2011ء تک یہ افراد حکومت کی نظروں سے اوجھل رہنے میں کامیاب رہے۔
تصویر: privat/dapd
بینک ڈکیتی کا ناکام واقعہ
دائیں بازو کے دہشت گرد گروپ کا سراغ نومبر 2011ء پر لگا تھا۔ اس روز اووے منڈلوس اور اووے بوئنہارڈ نے ایک بینک لوٹا تھا۔ یہ ان کی پہلی ناکام کارروائی تھی۔ پولیس اس گاڑی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی تھی، جس پر یہ دونوں فرار ہوئے تھے۔ تفتیش کے مطابق ان دونوں نے گاڑی کو نذر آتش کرنے کے بعد خود کشی کر لی تھی۔
تصویر: picture-alliance/dpa
بیاٹے چَیپے نے خود کو حکام کے حوالے کر دیا
چیپے، اووے منڈلوس اور اووے بوئنہارڈ مشرقی جرمن شہر سویکاؤ میں رہائش پذیر تھے۔ خود کشی کے واقعے کے بعد اس گھر میں دھماکہ ہوا۔ کہا جاتا ہے کہ ثبوت مٹانے کے لیے انہوں نے گھر کو آگ لگائی تھی۔ چار روز بعد چیپے نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ مشتبہ خاتون دہشت گرد حراست میں ہے۔
تصویر: Getty Images
قتل کے واقعات سے پردہ اٹھا
سویکاؤ کے گھر کی راکھ سے حکام کو ایسا مواد حاصل ہوا، جس سے ’نیشنل سوشلسٹ انڈر گراؤنڈ‘ نامی اس دہشت گرد گروپ کے بارے میں پتہ چلا۔ یہ ایک 15 منٹ طویل ویڈیو تھی۔ اس میں 2000ء اور 2007ء کے درمیان ان تینوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کے مقامات اور نشانہ بننے والے افراد کو دیکھا جا سکتا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
’این ایس یو‘ کا اعترافِ جرم
شوقیہ طور پر بنائی جانے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مشہور کارٹون کیریکٹر ’پنک پینتھر‘ غیر ملکیوں کے خلاف نفرت کا پیغام دے رہا ہے۔ اپنی گرفتاری سے قبل بیاٹے چیپے نے اس ویڈیو کی کاپیاں تقسیم بھی کی تھیں
تصویر: dapd
2011ء کا ناپسندید ترین لفظ ’ Dönermorde ‘
جرمنی میں ڈونر ایک مرغوب غذا ہے اور اس کا تعلق ترکی سے جوڑا جاتا ہے۔ 2011ء تک ذرائع ابلاغ کے کئی اداروں کی جانب سے ان واقعات کو Dönermorde یا ڈونر قتل کہا جاتا رہا۔ حالانکہ تب تک ان واقعات کا پس منظر اور مقاصد واضح نہیں تھے۔ یہ افواہیں تھیں کہ شاید مقتولین کا تعلق کسی منشیات فروش گروہ سے ہو۔ حقیقت منظر عام پر آنے کے بعد Dönermorde سال کا ناپسندیدہ ترین لفظ قرار دیا گیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
آہنی کیلوں سے بھرے بم کا حملہ
جون 2004ء میں کولون شہر میں ایک بم حملہ کیا گیا، جس میں آہنی کیلیں استعمال کی گئی تھیں۔ اس واقعے میں 22 افراد زخمی ہوئے تھے۔ اسی سال جون میں اس وقت کے جرمن وزیر داخلہ اوٹو شلی نے کہا تھا، ’’سلامتی کے اداروں کی اب تک کی تحقیقات کے مطابق یہ کوئی دہشت گردی نہیں بلکہ جرائم پیشہ گروہوں کی ایک کارروائی تھی حالانکہ اس واقعے کے پیچھے بھی نازی انڈر گراؤنڈ گروپ کا ہی ہاتھ تھا۔
تصویر: picture alliance/dpa
برلن میں مقتولین کے لیے دعائیہ تقریب
23 فروری 2012ء کو جرمن دارالحکومت برلن میں ایک خصوصی تقریب میں نازی گروپ کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی یاد تازہ کی گئی۔ اس تقریب میں ترکی سے تعلق رکھنے والے پھول فروش مرحوم انور سمسیک کی بیٹی سیمیہ سمسیک کی جذباتی تقریر نے سب کو غمزدہ کر دیا تھا۔ اس موقع پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے نیو نازی گروپ کی جانب سے کی جانے والی قتل کی وارداتوں سے متاثر ہونے والے خاندانوں سے معذرت کی تھی۔
تصویر: Bundesregierung/Kugler
متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار
چار نومبر 2011ء کو اس گروپ کے بے نقاب ہونے کے ٹھیک ایک سال بعد جرمنی کے متعدد شہروں میں دائیں بازو کی انتہا پسندی اور ان کا شکار ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر منقعد ہونے والی تقریبات میں ان واقعات کی مکمل تفتیش اور حقائق کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا گیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
تفتیش میں بد انتظامی
نیو نازی انڈر گراؤنڈ گروپ کے معاملے میں حکام اور ادارے بری طرح ناکام رہے۔ اس حوالے سے اہم فائلیں تلف کرنے کا واقعہ سامنے آیا۔ اطلاعات کے مطابق آئینی تحفظ کے جرمن ادارے نے نيشنل سوشلسٹ يا نازی انڈر گراؤنڈ گروپ کا راز فاش ہونے کے بعد اُن کی فائلوں کو مبینہ طور پر تلف کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ اس کے بعد اس محکمے کے سربراہ ہائنز فروم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
تصویر: Getty Images
مہمت کوباسک کی یادگار
ڈورٹمنڈ شہر کے میئر اولرش زیراؤ کے بقول ’ڈورٹمنڈ کا شمار جرمنی کے کثیر الثقافتی شہروں میں ہوتا ہے۔ یہاں دائیں بازو کی انتہا پسندی کی مخالفت بھی کھل کر کی جاتی ہے‘۔ یہ بات انہوں نے نازی گروپ کے ہاتھوں قتل ہونے والے مہمت کوباسک کی یادگار کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ یہ یادگار مہمت کی اس دکان کے بہت ہی قریب قائم کی گئی ہے، جہاں چار اپریل 2006ء کو انہیں قتل کیا گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
مقدمے کی کارروائی اور صحافیوں کی مشکلات
اس مقدمے کی کارروائی کے حوالے سے ایک تنازعہ اس وقت کھڑا ہوا، جب عدالتی کمرے میں غیر ملکی صحافیوں کو کوئی نشست نہیں مل سکی تھی۔ یہ کارروائی 17 اپریل کو شروع ہونا تھی تاہم عدالت نے صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے اداروں سے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر سماعت کے دوران کمرے میں بیٹھنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دیں۔ ان معاملات کا تصفیہ ہو جانے کے بعد چھ مئی سے اس مقدمے کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔