نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم
8 جنوری 2011نیوزی لینڈ کے دورے پر پہنچی پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد ٹیسٹ سیریز کے آغاز میں اب تک بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ پاکستانی بولرز کی بہتر پرفارمنس کے باعث نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
پاکستانی بولرز میں تنویر احمد نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ عبدالرحمان نے تین جبکہ عمر گُل نے نیوزی لینڈ کے دو بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن طریقے سے ہی ہوا، جب اوپنر محمد حفیظ اپنا اور ٹیم کا کھاتہ کھلنے سے قبل ہی آؤٹ ہوکر پویلین سدھار گئے، تاہم پھر توفیق عمر اور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے اظہر علی نے 72 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور اپنی ٹیم کو کھیل میں واپس لے آئے۔
دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر اپنی پہلی اننگز میں 235 رنز بنالیے تھے اور اسے نیوزی لینڈ کا اسکور برابر کرنے کے لیے محض 40 رنز کی ضرورت ہے۔ اسد شفیق 74 جبکہ مصباح الحق 50 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستانی اننگز کی ایک اور خاص بات توفیق عمر کی نصف سنچری بھی رہی۔ انہوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 54 رنز اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کے بولرز میں سے کرس مارٹن نے 67 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، جبکہ برینٹ ارنیل نے بھی 53 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: ندیم گِل