نیٹو اور قذافی دونوں کے خلاف جنگ کی جائے، الظواہری
15 اپریل 2011![ایمن الظواہری](https://static.dw.com/image/2722765_800.webp)
امریکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق القاعدہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی یہ ویڈیو لیبیا پر بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع ہونے سے قبل ریکارڈ کی گئی۔ اے پی کے مطابق ایمن الظواہری نے امریکہ اور نیٹو کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو لیبیا کے حکمران معمر قذافی کی حامی فورسز کے خلاف بھی جنگ کرنے کی ترغیب دی ہے۔
القاعدہ کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ معمر قذافی کو اقتدار سے نکال باہر کیا جائے اور ملک میں اسلامی نظام حکومت رائج کیا جائے۔ امریکی خبررساں ادارے کے مطابق القاعدہ کی ویب سائٹ پر جاری کی جانے والی اس ویڈیو میں ایمن الظواہری نے لیبیا کے ہمسایہ ممالک خاص طور پر مصر، الجزائر اور تیونس سے کہا ہے کہ وہ معمر قذافی اور نیٹو کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
القاعدہ کے دوسری اہم ترین رہنما ایمن الظواہری کی اس ویڈیو کے بارے میں خلاصہ سائٹ انٹیلیجنس گروپ نامی امریکی ادارے کی ویب سائٹ پر فراہم کیا گیا ہے۔ یہ تنظیم دہشت گرد تنظیموں کی ویب سائٹس پر نظر رکھتی ہے۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: شامل شمس