امریکی وزیر دفاع اپنے برسلز میں نیٹو اتحادی ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں میں کئی اہم معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ داعش، افغان طالبان اور روس کچھ ایسے معاملات ہیں، جنہیں اس دوران زیادہ توجہ دی جانے کی توقع ہے۔
اشتہار
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس بدھ کے دن برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے وزرائے دفاع کی ایک میٹنگ میں کئی اہم معاملات پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ عراق اور شام میں انتہا پسند گروہ داعش کی پسپائی، افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور شمالی کوریا کا میزائل اور جوہری پروگرام کچھ ایسے موضوعات ہیں، جو موجودہ صورتحال میں انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں میٹس اپنے اتحادی ممالک کے نمائندوں کے ساتھ روس کے معاملے پر بھی گفتگو کریں گے۔
برسلز روانہ ہونے سے قبل میٹس نے صحافیوں کو بتایا کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی نظریں امریکا پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ داعش کی مکمل شکست کی خاطر کیا حکمت عملی تیار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیٹو ممالک کے وزرائے دفاع کے ساتھ ملاقاتوں میں اس تناظر میں ایک متفقہ ایکشن پلان تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔
شامی خانہ جنگی میں داعش کے خلاف کارروائی کی خاطر امریکی حکومت کرد اور شامی عرب جنگجوؤں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے لیکن نیٹو رکن ملک ترکی کرد YPG نامی اس ملیشیا کو ’دہشت گرد‘ قرار دیتا ہے اور یہ معاملہ امریکا اور ترکی کے مابین تنازعے کا سبب بھی بن چکا ہے۔
ترکی کا کہنا ہے امریکا کو اس جنگجو گروپ کو فراہم کیے جانے والا اسلحہ واپس لے لینا چاہیے تاہم امریکی وزیر دفاع نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس برسلز میں اپنے ترک ہم سے بھی ملیں گے اور اس معاملے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
اس کے علاوہ نیٹو رکن ممالک کے وزرائے دفاع کی اس ملاقات میں افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں بھی گفتگو ہو گی۔ سولہ سالہ اس تنازعے کے دوران افغانستان میں لاکھوں ڈالرز کی سرمایا کاری کی جا چکی ہے لیکن اس وسطی ایشیائی ملک میں قیام امن کی امید ابھی تک نظروں سے اوجھل ہے۔
ایک مرتبہ پھر نیٹو نے کہا ہے کہ وہ افغان فورسز کی تربیت اور مشاورت کی خاطر اضافی غیر ملکی فوجی افغانستان تعینات کرے گا۔ ذرائع کے مطابق اضافی تین ہزار فوجی افغانستان تعینات کرنے کے حوالے سے اتفاق کر لیا گیا ہے، یوں افغانستان میں اب مشن کے تحت موجود فوجیوں کی تعداد تیرہ ہزار سے بڑھ کر سولہ ہزار ہو جائے گی۔ ساتھ ہی اس امر پر بھی گفتگو ہو گی کہ افغانستان میں قیام امن کی خاطر طالبان کے ساتھ مذاکرات کو بھی ممکن بنایا جائے۔
افغانستان کے بڑے جنگی سردار
کئی سابق جنگی سردار اب ملکی سیاست میں بھی فعال ہیں یا ہو رہے ہیں۔ ایک نظر ڈالتے ہیں ایسے ہی کچھ اہم افغان جنگی سرداروں پر، جن میں سے چند اب اس دنیا میں نہیں رہے اور کچھ تاحال ملک میں اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ملا داد اللہ
انیس سو اسی کی دہائی میں سوویت فورسز کے خلاف لڑائی میں ملا داد اللہ کی ایک ٹانگ ضائع ہو گئی تھی۔ مجاہدین کے اس کمانڈر کو طالبان کی حکومت میں وزیر تعمیرات مقرر کیا گیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ملا محمد عمر کا قریبی ساتھی تھا۔ داد اللہ سن دو ہزار سات میں امریکی اور برطانوی فورسز کی ایک کارروائی میں مارا گیا تھا۔
تصویر: AP
عبدالرشید دوستم
افغانستان کے نائب صدر عبدالرشید دوستم افغان جنگ کے دوران ایک ازبک ملیشیا کے کمانڈر تھے، جنہوں نے اسی کی دہائی میں نہ صرف مجاہدین کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا اور نوے کے عشرے میں طالبان کے خلاف لڑائی میں بھی بلکہ انہیں طالبان قیدیوں کے قتل عام کا ذمہ دار بھی قرار دیا جاتا ہے۔ سن دو ہزار تین میں انہوں نے خانہ جنگی کے دوران کی گئی اپنی کارروائیوں پر معافی بھی مانگ لی تھی۔
تصویر: picture-alliance/AA/M. Kaynak
محمد قسيم فہیم
مارشل فہیم کے نام سے مشہور اس جنگی سردار نے احمد شاہ مسعود کے نائب کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں۔ سن 2001 میں مسعود کی ہلاکت کے بعد انہوں نے شمالی اتحاد کی کمان سنبھال لی اور طالبان کے خلاف لڑائی جاری رکھی۔ وہ اپنے جنگجوؤں کی مدد سے کابل فتح کرنے میں کامیاب ہوئے اور بعد ازاں وزیر دفاع بھی بنائے گئے۔ وہ دو مرتبہ افغانستان کے نائب صدر بھی منتخب کیے گئے۔ ان کا انتقال سن دو ہزار چودہ میں ہوا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo
گلبدین حکمت یار
افغان جنگ کے دوران مجاہدین کے اس رہنما کو امریکا، سعودی عرب اور پاکستان کی طرف سے مالی معاونت فراہم کی گئی تھی۔ تاہم اپنے حریف گروپوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کے باعث حکمت یار متنازعہ ہو گئے۔ تب انہوں نے اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی خاطر یہ کارروائیاں سر انجام دی تھیں۔ حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار کو امریکا نے دہشت گرد بھی قرار دیا تھا۔ اب وہ ایک مرتبہ پھر افغان سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Jebreili
محمد اسماعیل خان
محمد اسماعیل خان اب افغان سیاست میں اہم مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے صوبے ہرات پر قبضے کی خاطر تیرہ برس تک جدوجہد کی۔ بعد ازاں وہ اس صوبے کے گورنر بھی بنے۔ تاہم سن 1995 میں جب ملا عمر نے ہرات پر حملہ کیا تو اسماعیل کو فرار ہونا پڑا۔ تب وہ شمالی اتحاد سے جا ملے۔ سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کے اہم رکن اسماعیل خان موجودہ حکومت میں وزیر برائے پانی اور توانائی کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
تصویر: AP
محمد محقق
محمد محقق نے بھی اسّی کی دہائی میں مجاہدین کے ساتھ مل کر سوویت فورسز کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا۔ سن 1989 میں افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کے بعد انہیں شمالی افغانستان میں حزب اسلامی وحدت پارٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔ ہزارہ نسل سے تعلق رکھنے والے محقق اس وقت بھی ملکی پارلیمان کے رکن ہیں۔ وہ ماضی میں ملک کے نائب صدر بھی منتخب کیے گئے تھے۔
تصویر: DW
احمد شاہ مسعود
شیر پنجشیر کے نام سے مشہور احمد شاہ مسعود افغان جنگ میں انتہائی اہم رہنما تصور کیے جاتے تھے۔ انہوں نے طالبان کی پیشقدمی کو روکنے کی خاطر شمالی اتحاد نامی گروہ قائم کیا تھا۔ انہیں سن انیس سو بانوے میں افغانستان کا وزیر دفاع بنایا گیا تھا۔ انہیں نائن الیون کے حملوں سے دو دن قبل ہلاک کر دیا گیا تھا۔ تاجک نسل سے تعلق رکھنے والے مسعود کو ایک اہم افغان سیاسی رہنما سمجھا جاتا تھا۔
تصویر: AP
ملا محمد عمر
افغان جنگ میں مجاہدین کے شانہ بشانہ لڑنے والے ملا عمر طالبان کے روحانی رہنما تصور کیا جاتے تھے۔ وہ سن 1996تا 2001 افغانستان کے غیر اعلانیہ سربراہ مملکت رہے۔ تب انہوں کئی اہم افغان جنگی سرداروں کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے ’اسلامی امارات افغانستان‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ سن دو ہزار ایک میں امریکی اتحادی فورسز کے حملے کے بعد ملا عمر روپوش ہو گئے۔ 2015 میں عام کیا گیا کہ وہ 2013 میں ہی انتقال کر گئے تھے۔
تصویر: picture-alliance/dpa
گل آغا شیرزئی
مجاہدین سے تعلق رکھنے والے سابق جنگی سردار شیرزئی نے نجیب اللہ کی حکومت کا تختہ الٹنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ دو مرتبہ قندھار جبکہ ایک مرتبہ ننگرہار صوبے کے گورنر کے عہدے پر فائز رہے۔ طالبان نے جب سن انیس سو چورانوے میں قندھار پر قبضہ کیا تو وہ روپوش ہو گئے۔ سن دو ہزار ایک میں انہوں نے امریکی اتحادی فورسز کے تعاون سے اس صوبے پر دوبارہ قبضہ کر لیا۔
تصویر: picture-alliance/dpa
عبدالرب رسول سیاف
سیاف ایک مذہبی رہنما تھے، جنہوں نے افغان جنگ میں مجاہدین کا ساتھ دیا۔ اس لڑائی میں وہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھیوں میں شامل ہو گئے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ سیاف نے پہلی مرتبہ بن لادن کو افغانستان آنے کی دعوت دی تھی۔ افغان جنگ کے بعد بھی سیاف نے اپنے عسکری تربیتی کیمپ قائم رکھے۔ انہی کے نام سے فلپائن میں ’ابو سیاف‘ نامی گروہ فعال ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے انہیں اپنی حکومت میں شامل کر لیا تھا۔