1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کا افغانستان میں فوجیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

افسر اعوان روئٹرز
7 نومبر 2017

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو جمعرات کے روز اس بات کا اعلان کرنے والا ہے کہ وہ افغانستان میں اپنے تربیتی مشن کا دائرہ بڑھاتے ہوئے وہ وہاں تین ہزار کے قریب مزید فوجی بھیجے گا۔ یہ بات اس اتحاد کے حکام کے حوالے سے بتائی گئی ہے۔

Brüssel NATO Generalsekretär Stoltenberg PK zur neuen Strategie
تصویر: picture-alliance/abaca/D. Aydemir

امریکا کی طرف سے افغانستان میں طالبان کو شکست دینے کے لیے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کے فیصلے کے بعد مغربی دفاعی اتحاد نیٹو بھی اس ملک میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرنے والا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے یہ بات اس اتحاد کے حکام کے حوالے سے بتائی ہے۔

روئٹرز کے مطابق نیٹو اتحاد کی طرف سے افغانستان بھیجے جانے والے یہ اضافی فوجی جنگی کارروائیوں میں شریک نہیں ہوں گے بلکہ وہ افغان وج اور ایئرفورس کے اہلکاروں کی تربیت کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے استعمال ہوں گے۔ اس کا مقصد امریکا کی طرف سے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کی حکمت عملی میں تعاون بڑھانا ہے۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ نے آج منگل سات نومبر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے فوجیوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔ تاکہ افغانستان میں جاری صورتحال میں بہتری ہو سکے، اور طالبان اور دیگر عسکریت پسندوں کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ وہ میدان جنگ میں جیت نہیں سکتے۔‘‘

نیٹو اتحاد میں شریک ممالک کے وزرائے دفاع کا دو روزہ اجلاس بدھ آٹھ نومبر سے برسلز میں شروع ہو رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس اجلاس کے موقع پر وہ افغانستان میں نیٹو فوجیوں کی تعیناتی کی  توثیق کریں گے۔

روئٹرز نے نیٹو کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان فوجیوں کی تعیناتی کا عمل آئندہ برس یعنی 2018ء کے آغاز سے ہو گا۔ نیٹو کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی کے بیلی ہوچنسن کا کہنا ہے کہ امریکی ہدف طالبان عسکریت پسندوں کو یہ بتایا ہے کہ وہ فوجی جنگ میں جیت نہیں سکتے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے افغانستان کے حوالے سے نئی حکمت عملی کا اعلان اگست میں کیا گیا تھا۔ اس حکمت عملی کے مطابق افغانستان میں مزید امریکی فوجی بھیجنا، افغان فوج کو مزید طاقتور بنانا، بھارت جیسے علاقائی اتحادیوں کی طرف سے تعاون میں اضافہ کرنا اور پاکستان کے خلاف ایک سخت نکتہ نظر اپنایا جانا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں