1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کا یوکرین کے لیے 100بلین یورو کا فوجی فنڈ زیر غور

3 اپریل 2024

مغربی فوجی اتحاد نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے پانچ سالوں کے لیے 100 بلین یورو کا فوجی پیکج پیش کیا ہے، جس پر برسلز میں وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

روس کے حملے کے خلاف یوکرین کی دفاعی کوششیں سرد پڑرہی ہیں اور کییف نے یہ انتباہ  کیا ہے کہ گولہ بارود کا ذخیرہ کم ہو رہا ہے
روس کے حملے کے خلاف یوکرین کی دفاعی کوششیں سرد پڑرہی ہیں اور کییف نے یہ انتباہ کیا ہے کہ گولہ بارود کا ذخیرہ کم ہو رہا ہےتصویر: Ozge Elif Kizil/Anadolu/picture alliance

متعدد سفارت کاروں کے مطابق نیٹو کے سربراہ نے اگلے پانچ سال میں یوکرین کے لیے 100 بلین یورو کی فوجی مدد کی تجویز پیش کی ہے۔ اس کا مقصد جولائی میں واشنگٹن میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے وقت پر امدادی پیکج کو حتمی شکل دینا ہے۔

نیٹو کے اراکین اور یوکرین کے لیے امداد

توقع ہے کہ بدھ اور جمعرات کو برسلز میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس میں اس تجویز پر بحث کی جائے گی۔ نیٹو کے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی اس میٹنگ کی صدارت اسٹولٹن برگ کریں گے۔

روس کے خلاف یوکرینی کامیابیاں ’بڑی پیش رفت‘ ہیں، نیٹو

نیٹو کی رکنیت کے لیے دعوت نہ ملنے پر یوکرینی صدر ناراض

مزید امداد کے لیے یہ دباو اس بڑھتی ہوئی تشویش کے درمیان آیا ہے کہ روس کے حملے کے خلاف یوکرین کی دفاعی کوششیں سرد پڑرہی ہیں اور کییف نے یہ انتباہ بھی کیا ہے کہ گولہ بارود کا ذخیرہ کم ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی کانگریس میں ریپبلیکنز نے 60 بلین ڈالر کے امریکی فنڈنگ پیکج کو روک دیا ہے تاہم امید ہے کہ قانون ساز آنے والے ہفتوں میں اسے منظور کرنے کے لیے قدم بڑھاسکتے ہیں۔

کیا یورپ ٹرمپ کے دوسرے دورِ اقتدار کے لیے تیار ہے؟

04:06

This browser does not support the video element.

یوکرین کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا کیا مطلب ہے؟

جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے نے نیٹو کے سفارت کاروں کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کا مقصد یوکرین کی حمایت کو کسی انفرادی رکن ملک پرانحصار کو کم کرنا اور ذمہ داری کا بوجھ اتحاد کے اراکین کے درمیان منتقل کرنا ہے۔

اس کا تعلق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ دوبارہ انتخاب سے متعلق خدشات سے بھی ہے۔

ٹرمپ نے فروری میں دھمکی دی تھی کہ وہ ماسکو کو اپنی مالی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کرنے والے نیٹو کے رکن ممالک پر حملہ کرنے کی ترغیب دیں  گے۔

برسلز میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کا ایجنڈا

خبر رساں ادارے روئٹرز نے سفارت کاروں کے حوالے سے بتایا کہ نیٹو امریکہ کی قیادت میں یوکرین ڈیفینس کانٹیکٹ گروپ (یو ڈی سی جی)، جسے رامسٹین گروپ بھی کہا جاتا ہے، سے رابطہ کاری کا کچھ کام خود سنبھالنا چاہتا ہے۔

امریکہ اب تک یو ڈی سی جی کے ذریعہ یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل کو مربوط کرنے کی بنیادی ذمہ داری اٹھاتا رہا ہے۔

وزرائے خارجہ اسٹولٹن برگ کے جانشین کے متعلق بھی بات کریں گے۔ کچھ لوگوں نے مذاکرات میں ان کے جانشین کو منتخب کرلیے جانے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔ اس وقت ڈچ وزیر اعظم مارک روٹے کو مبینہ طورپر 90 فیصد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

تاہم ہنگری اس کی مخالفت کر رہا ہے اور رومانیہ کے صدر کلاوس یونانس کی طرف سے حیران کن چیلنج درپیش ہے۔

یوکرین پر روسی حملے کے دو برس مکمل

03:27

This browser does not support the video element.

نیٹو کے 75سال

جمعرات کو نیٹو کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔

یہ مغربی دفاعی اتحاد 1949 میں دوسری جنگ عظیم کے بعد صرف 12 اراکین کے ساتھ قائم کیا گیا تھا، آج اس کی تعداد بڑھ کر 32 ہو گئی ہے۔

ج ا/ ص ز (ڈی پی اے، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں