نیپئر: پاکستان کے لیے263 رنز کا ہدف
1 فروری 2011چھ ایک روزہ میچوں کے سلسلے میں کھیلے جا رہے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آسان وکٹ پر سلامی بلے بازوں نے اچھا آغاز فراہم کیا۔ مارٹین گپٹل اور جمی ہُو نے پہلی وکٹ کی شراکت میں چالیس رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی گپٹل تھے، جنہوں نے سترہ گیندوں پر اکیس رنز بنائے۔ وہ وہاب ریاض کی گیند پر یونس خان کو کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد وہاب ریاض نے عمدہ بولنگ سے نیوزی لینڈ کا ٹاپ آرڈر اڑا کے رکھ دیا۔ ریاض نے ہُو اور ٹیلر کو بالتریب تیرہ اور چار رنز پر آؤٹ کیا۔ سکاٹ سٹائرس گیارہ کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ ولیمسن کو محمد حفیظ نے آؤٹ کر دیا۔
اس نازک موقع پر جب نیوزی لینڈ کا سکور79 تھا اور پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے تو فرینکلین کی عمدہ اننگز نے بلیک کیپز کو سہارا دیا۔ انہوں نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے باسٹھ رنز بنائے۔ انہیں شاہد آفریدی نے آؤٹ کیا۔ ان کے بعد برینڈن مکیلم نے 37 اور ان کے بھائی نیتھن مکیلم نے ناقابل شکست 53 رنز کی اننگز نے نیوزی لینڈ کو مشکل وقت سے نکال باہر کیا۔
پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے تین جبکہ شاہد آفریدی، عبد الزاق اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اب تک یہ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ اس سیریز کا ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑ گیا تھا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف