1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپال اور بھارت میں زلزلہ، متعدد افراد ہلاک

9 نومبر 2022

نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق بدھ کے روز اولین ساعتوں میں 6.6 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ کم از کم چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ دہلی سمیت شمالی بھارت کے متعدد شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

Flash-Galerie Bildergalerie Jahresrückblick Naturkatastrophen 2011 Flut Überschwemmung Tsunami Brand Erdbeben
تصویر: AP

زلزلے کا مرکزبھارتی صوبے اترپردیش کے شہر پیلی بھیت سے 158 کلومیٹر دور اور نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 340 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دیپایل قصبہ تھا۔ بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ علی الصبح تقریباً ایک بج کر 57 منٹ پر آیا۔

نیپالی سسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.6 تھی اور پچھلے 24 گھنٹے میں زلزلے کے تین جھٹکے محسوس کیے گئے۔

نیپالی میڈیا کے مطابق زلزلے سے نیپال کے دوتی ضلع میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں جب کہ درجنوں مکانات منہدم ہو گئے۔

نیپال میں شدید زلزلہ: سینکڑوں ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

نیپالی وزارت داخلہ کے مطابق کم از کم پانچ افراد بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔ دوتی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بھولا بھٹّا نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

نیپالی وزیر اعظم کا اظہار ہمدردی

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ وہ جانی اور مالی نقصانات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدری کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا، "میں نے متعلقہ ایجنسیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ زخمیوں اور دیگر متاثرین کے فوری اور مناسب علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔"

نیپالی آرمی کے ایک ترجمان نارائن سیلوال نے کہا کہ راحت اور بچاو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور دو ہیلی کاپٹروں کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔

نیپال میں اربوں ڈالر کی امداد کہاں لگی؟

دوتی ضلعے کی ایک اعلیٰ سرکاری افسر کلپنا سریشٹھا نے بتایا کہ زلزلے کے مرکز کے اطراف کے گاوں سے تفصیلات یکجا کی جارہی ہیں۔ ملبے سے بچائے گئے لوگوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

دہلی اوراطراف میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے

نیپال کے دوتی ضلعے سے تقریباً 350 کلومیٹر دور بھارت کے قومی دارالحکومت دہلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دہلی کے اطراف کے شہروں غازی آباد، گروگرام اورحتی کہ لکھنؤ تک میں لوگ زلزلے کے جھٹکے کی وجہ سے گھبرا کر نیند سے جاگ گئے۔

بھارت کے قومی سسمولوجی مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 تھی۔ بھارت میں ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

بھارت، نیپال، بھوٹان اور بنگلہ دیش میں شدید زلزلہ

بھارت کی وفاقی وزیر میناکشی لیکھی نے ایک ٹویٹ کرکے کہا، "میں یہ ٹویٹ تو کرنا نہیں چاہتی تھی لیکن بہر حال یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں نے زلزلے کا جھٹکا محسوس کیا۔"

کانگریسی رہنما رادھیکا کھیڑا نے لوگوں سے "چوکنا رہنے اور محفوظ رہنے" کی اپیل کی۔

خیال رہے کہ ہمالیائی ریاست نیپال میں زلزلے آتے رہتے ہیں۔ اپریل 2015 میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں تقریباً 9000 افراد ہلاک اورپانچ لاکھ سے زائد مکانات منہدم ہو گئے تھے۔ اس زلزلے نے کئی قصبوں اور صدیوں پرانے مندروں کو صفحہ ہستی سے پوری طرح مٹا دیا تھا۔ نیپالی معیشت کو اس کی وجہ سے چھ ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

 ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں