1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتجرمنی

وبا کے خاتمے کے لیے یورپ میں کووڈ ویکسین کی مہم شروع

27 دسمبر 2020

یورپی یونین کے رکن ممالک میں اس امید کے ساتھ کووڈ ویکسین کی مہم شروع ہو گئی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے پیدا شدہ بحران اب جلد ختم ہو جائے گا۔ برطانیہ، سوئٹزرلینڈ اور سربیا میں بھی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔

Impfstart in Europa - Italien
تصویر: Massimo Pinca/REUTERS

یورپی میڈیسینز ایجنسی کی جانب سے بیون ٹیک اور فائزر کی تیار کردہ کووڈ ویکسین کو منظور کیے جانے کے بعد 27 رکنی یورپی یونین سمیت یورپ بھر میں کووڈ ویکسین مہم اتوار 27 دسمبر سے شروع کر دی گئی ہے۔

جرمنی، فرانس اٹلی، آسٹریا، پرتگال اور فرانس میں بڑے پیمانے پر ویکسین مہم شروع کرتے ہوئے حکام نے سب سے پہلے معمر افراد اور طبی عملے کو ویکسین فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یونین کے مختلف ممالک میں بیون ٹیک اور فائزر کمپنی کی مشترکہ تیار کردہ ویکسین کی کھیپ جمعے کی شام اور ہفتے کی صبح پہنچنا شروع ہوئی۔ یورپی یونین کا ہر رکن ملک اپنے طور پر طے کردہ ضوابط اور ترجیحات کے تحت ویکسین مہم شروع کر رہا ہے۔

ابتدا میں معمر افراد کو ویکسین دی جا رہی ہےتصویر: Fabrizio Bensch/REUTERS

27 رکنی بلاک نے ابتدائی طور پر آج اتوار کے روز ایک ساتھ ویکسین مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ہنگری نے ویکسین کی پہلی کھیپ ملتے ہی مہم شروع کر دی۔ اس کے بعد سلوواکیہ اور جرمنی نے بھی ہفتے کی شام سے ویکسین مہم شروع کر دی تھی۔

وبا کے خلاف ایک ساتھ لڑنے کا عزم

بیون ٹیک اور فائزر کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کی یورپی یونین کی تمام رکن ریاستوں میں تقسیم ایک مشکل عمل ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اس ویکسین کو منفی 80 ڈگری درجہ حرارت میں میں رکھ کر ہی منتقل کیا جا سکتا ہے۔

یونین نے تمام رکن ریاستوں میں ویکسین کو محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کے لیے ایک مشترکہ منصوبہ تشکیل دے رکھا ہے۔

ویکسین کو منفی 80 ڈگری درجہ حرارت میں رکھنا پڑتا ہےتصویر: Fabrizio Bensch/REUTERS

یورپی یونین کے مطابق یہ منصوبہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف مل کر لڑنے کے عزم اور یورپی اتحاد کی غمازی کرتا ہے۔

جرمنی میں 101 سالہ خاتون کو ویکسین لگائی گئی

جرمنی کی آٹھ کروڑ سے زائد آبادی تک ویکسین کی محفوظ فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں 400 سے زائد ویکسینیشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

جرمنی میں ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتہ 26 دسمبر کو پہنچی۔ ملک کی 16 وفاقی ریاستوں میں سے ہر ایک کو ابتدائی طور پر 10,000 ویکسین ڈوزز فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفاقی جرمن ریاست سیکسنی انہالٹ میں بھی ہفتے کی شام کووڈ ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچی۔ ملک بھر میں اتوار کے روز ویکسین مہم شروع کی جانا تھی تاہم ریاستی حکام نے ہفتے کے روز ہی ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔

جرمن شہر ہالبرسٹاٹ میں 101 سالہ ایڈیتھ کوائیزالا نامی خاتون کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائی گئی۔

ش ح / ا ب ا (روئٹرز، اے پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں