ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پاکستان کا جارحانہ آغاز
16 مارچ 2016اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے کھیل کے ہر شعبے میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں اپنا ابھی تک کا سب سے زیادہ اسکور یعنی 201 بنایا۔
رنز کی اس بارش میں پاکستان کے پانچ بلے باز آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور محمد حفیظ نے 64 رنز بنائے جبکہ اوپنر احمد شہزاد بھی اپنی نصب سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ وہ 52 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان شاہد آفریدی نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے انیس بالوں پر 49 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ شرجیل اٹھارہ اور عمر اکمل صفر کے اسکور پر پویلین لوٹے۔ شعیب ملک 15 اور عماد وسیم صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور عرفات سنی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رنز کے اس پہاڑ کے خلاف بنگلہ دیش کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور پہلی وکٹ ایک رنز پر ہر گر گئی اور سومیا سرکار کو پولیین بھیجنے والے کھلاڑی تھے محمد عامر۔
تمیم اقبال اور شکیب الحسن کے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی پاکستان کی جارحانہ بالنگ کا مقابلہ نہ کر سکا۔ شکیب نے پچاس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس طرح بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 146 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان آفریدی اور محمد عامر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس میچ کا بہترین کھلاڑی شاہد خان آفریدی کو قرار دیا گیا۔ پاکستان اب اپنا اگلا میچ انیس مارچ کو کلکتہ میں ہی بھارت کے ساتھ کھیلے گا۔ گزشتہ روز افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے فیورٹ بھارت کو سنتالیس رنز سے مات دی تھی۔