’ورلڈ پریس فریڈم ہیرو‘ کا اعزاز پاکستانی صحافی کے نام
6 جون 2019سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں گزشتہ روز پانچ جون کو انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ 'آئی پی آئی‘ کی ایک اعزازی تقریب میں پاکستان کے انگریزی اخبار روزنامہ ڈان کے صحافی اور کالم نگار سیرل المیڈا نے ورلڈ پریس فریڈم ہیرو کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شہری آزادی، میڈیا کی آزادی اور سیاسی حقوق کو ایک نسل پیچھے دھکیلا جا رہا ہے، وہاں صرف ریاست کی منظور شدہ اختلاف رائے، سیاست اور مظاہروں کی اجازت ہے۔ آئی پی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیرل المیڈا نے انسٹیٹیوٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ''آپ کا تعاون بہت معنیٰ رکھتا ہے اور ڈان اخبار کے مدیر ظفر عباس کی سربراہی میں دیگر ساتھیوں کی آزاد صحافت کے حوالے سے مستقل جدوجہد کو سرہانے کا شکریہ۔‘‘
ویانا کے انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ نے رواں برس اپریل میں ورلڈ پریس فریڈم ہیرو کے وصول کنندہ کے لیے سیرل المیڈا کے نام کا اعلان کیا تھا۔ اس ایوارڈ سے آزادی صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے صحافیوں کو نوازا جاتا ہے، بالخصوص ایسے صحافی جنہوں نے اپنی جان کو خطرہ لاحق ہونے کے باوجود اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھائی ہوں۔
اس انٹرنیشنل انسٹیوٹ کے ایگزیکٹو بورڈ کی نائب چیئر بیاٹا بالگووا نے کہا کہ غدار ثابت کرنے کی متعدد مہم کے باوجود المیڈا اور ڈان اخبار نے صحافت کے بنیادی معیار کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ بالگووا کے بقول، ''ان کی بہادری پذیرائی کی مستحق ہے کیونکہ یہ ہمارے پریس فریڈم کے ہیرو ہیں۔‘‘
ڈان کے کالم نگار اور اسسٹنٹ ایڈیٹر سیرل المیڈا کو پاکستان میں غداری کے ایک مقدمے کا سامنا ہے اور کچھ عرصہ قبل سیرل المیڈا کی بیرون ملک روانگی پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی۔ مبینہ غداری کے الزامات کا تعلق سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ سیرل المیڈا کے ایک ایسے انٹرویو سے ہے، جو پاکستان کے انگریزی اخبار ڈان میں شائع ہوا تھا۔ اس انٹرویو میں نواز شریف نے بین السطور 2008ء میں بھارتی شہر ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کے حقائق پر سوال اُٹھایا تھا۔ بارہ برس قبل ممبئی میں بیک وقت کئی مقامات پر کیے گئے ان دہشت گردانہ حملوں میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ویانا کے انٹرنیشنل پریس انسٹیٹیوٹ کی طرف سے اس بار ورلڈ پریس فریڈم ہیرو کا 71واں ایوارڈ دیا گیا ہے۔