ورلڈ کپ: ميسی نے ارجنٹائن کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچا ديا
26 جون 2014برازيل ميں جاری فيفا ورلڈ کپ 2014ء ميں پچيس جون کو گروپ ايف کی ٹيموں ارجنٹائن اور نائجيريا کے درميان ميچ پورٹو اليگرے ميں کھيلا گيا، جس کا فيصلہ تين دو سے ارجنٹائن کے حق ميں رہا۔ جنوبی امريکی ٹيم ارجنٹائن کے ليے عالمی شہرت يافتہ کھلاڑی ليونل ميسی نے ميچ ميں دو گول اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹيم کی کاميابی ميں اہم کردار ادا کيا۔ ارجناٹن کے ليے ميچ کا تيسرا اور فيصلہ کن گول مارکوس روجو نے کيا۔ افريقی ٹيم نائجيريا کے ليے دونوں گول احمد موسی نے کيے۔
اس کاميابی کے بعد ارجناٹن نے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ جنوبی امريکی ٹيم نے اپنے تينوں گروپ ميچوں ميں فتح حاصل کرتے ہوئے کُل نو پوائنٹس حاصل کيے جبکہ نائجيريا نے اپنے تين ميچوں ميں کُل چار پوائنٹس حاصل کيے اور گروپ ميں دوسرے نمبر پر آنے کے سبب افريقی ٹيم نے بھی اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ ناک آؤٹ راؤنڈ ميں اب نائجیریا کا مقابلہ فرانس سے ہوگا جبکہ ارجنٹائن کی ٹيم سوئٹزرلينڈ کے خلاف ميدان ميں اترے گی۔
بدھ کے روز گروپ ايف کی ديگر دو ٹيموں ايران اور بوسنيا کے درميان بھی ميچ کھيلا گيا، جو بوسنيا نے ايک کے مقابلے ميں تين گول سے جيت ليا۔ تاہم يہ دونوں ہی ٹيميں اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی نہ کر سکيں۔
ادھر گروپ ای کی ٹيموں ايکواڈور اور فرانس کے درميان ميچ بغير کسی گول کے برابر رہا۔ ريو ڈی جينيرو ميں کھيلے گئے اس ميچ کے بعد فرانس نے اپنے تين ميچوں ميں کُل سات پوائنٹس حاصل کيے جبکہ گروپ ميں سوئٹزرلينڈ کی ٹيم دوسرے نمبر پر آئی ہے۔سوئٹزرلينڈ نےگزشتہ روز ہی کھيلے گئے اپنے تيسرے اور آخری گروپ ميچ ميں ہونڈوراس کو صفر کے مقابلے ميں تين گول سے شکست ديتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ ميچ ميں سوئس ٹيم کے ليے Xherdan Shaqiri نے ہيٹ ٹرک اسکور کی۔
ورلڈ کپ ميں آج پرتگال کا مقابلہ گھانا سے ہو گا جبکہ جرمنی اور امريکا کی ٹيميں بھی ايک دوسرے کے خلاف ميدان ميں اتريں گی۔ ديگر دو ميچ الجزائر اور روس جبکہ جنوبی کوريا اور بيلجيم کے مابين کھيلے جائيں گے۔