ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچوں کے لئےجرمن قومی فٹ بال ٹیم کے چناؤ کا عمل
20 مارچ 2009اگلے سال جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے فٹ بال عالمی کپ کے کوالیفائینگ مرحلے میں دو میچوں کے لئے جرمن ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں بتیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اِن میں فارورڈ کھلاڑی پوڈولسکی کا نام بھی شامل ہے۔ پوڈولسکی کو فروری میں ناروے کے حلاف دوستانہ میچ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ یہ دوستانہ میچ جرمنی ایک گول سے ہار گیا تھا۔ گزشتہ سال بھی جرمن ٹیم ایک دوستانہ میچ انگلینڈ سے ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہار گئی تھی۔
جرمن فٹ بال ٹیم اپنے یہ میچ ویلز اور لیشٹن سٹائن کی ٹیموں کے خلاف کھیلے گی۔ بظاہر یہ میچ جرمن ٹیم کے لئے مشکلات کا باعث نہیں بن سکتے۔ لیشٹن سٹائن کے خلاف میچ اٹھائیس مارچ کو لائپ زیگ میں کھلا جا رہا ہے اور ویلز ٹیم کے خلاف جرمنی کا میچ چار دِن بعد کارذیف میں کھیلا جائے گا۔
جرمن کوچ Joachim Loew کو میچوں کے لئے تیئس کھلاڑیوں کی ضرورت ہو گی۔ بتیس کھلاڑیوں میں ممتاز فارورڈ پوڈولسکی بھی شامل ہیں۔ کلوزے اپنے ٹخنے کی چوٹ کے باعث شامل نہیں کئے گئے ہیں۔ وہ امکاناً دو بین الاقوامی میچوں سے باہر ہو چکے ہیں۔ اُن کے ٹخنے کی سرجری کا عمل شروع ہے۔
جرمن ٹیم کے کوچ Joachim Loew نے پوڈولسکی کی واپسی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ابتدائی انتخاب میں شریک کھلاڑیوں میں وولفس برگ کے Marcel Schaefe اور ہوفن ہائیم ٹیم کے Andreas Beck شامل ہیں۔ ناروے کے خلاف میچ کھیلنے والے ہونہار نوجوان کھلاڑی Mesut Ozil کو اِن بتیس کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا۔ برلن کی ہیرتھا کلب کے Arne Friedrich کی واپسی کو بھی خوش آئند خیال کیا جا رہا ہے۔ اِسی طرح ہیمبرگ ٹیم کے Marcell Jansen کے بھی حتمی ٹیم میں چناؤ کے امکانات پر بات کی جا رہی ہے۔ جرمن ٹیم کو ایک اچھے گول کیپر کی بھی ضرورت ہے۔ اولیور کہان کے بعد ابھی تک اُن کے برابر کا گول کیپر دستیاب نہیں ہو سکا ہے۔
جرمن ٹیم اپنے کوالیفائنگ راؤنڈ میں فی الحال دس پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ اُس کے پوائنٹس روس اور ویلز کی ٹیموں سےبہتر ہیں۔ جرمن ٹیم گروپ چار میں ہے۔ گروپ کا فاتح عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کر جائے گا۔