1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستبرطانیہ

وزیر اعظم لز ٹرس کا صرف چھ ہفتے بعد ہی استعفے کا اعلان

20 اکتوبر 2022

برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس نے حکومتی سربراہ بننے کے صرف چھ ہفتے بعد ہی اعلان کر دیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے مستعفی ہو جائیں گی۔ ان کے سیاسی زوال کی وجہ ان کی اپنی سیاسی جماعت کو تقسیم کر دینے والا متنازعہ اقتصادی پروگرام بنا۔

UK London Liz Truss
تصویر: Alberto Pezzali/AP Photo/picture alliance

لز ٹرس نے جمعرات بیس اکتوبر کے روز لندن میں دس ڈاؤننگ سٹریٹ پر واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ کے باہر صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں اعلان کیا کہ وہ آئندہ ہفتے سربراہ حکومت کے طور پر اپنی ذمے داریوں سے دستبردار ہو جائیں گی۔

لز ٹرس کا برطانوی سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے پر غور

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بننے سے قبل حکمران ٹوری پارٹی کی سربراہ کے طور پر اپنے انتخاب سے پہلے انہوں نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، وہ اب ان وعدوں کو پورا کرنے کے قابل نہیں رہیں۔ ٹرس نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ وہ اپنی پارٹی کی اس حمایت اور اعتماد سے محروم ہو گئی ہیں، جس کا ان کی ذات پر اظہار ان کے پارٹی لیڈر کے طور پر انتخاب کے وقت کیا گیا تھا۔

لز ٹرس نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی جانشین قیادت کے طور پر نئے ٹوری پارٹی لیڈر کا انتخاب اگلے ہفتے تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد وہ اپنی حکومتی ذمے داریوں سے مستعفی ہو جائیں گی۔

لز ٹرس کو اپنی حکومت کے وزیر خزانہ اور قریب ترین سیاسی معتمد کوارٹینگ کو برطرف کرنا پڑ گیا تھاتصویر: Kirsty Wigglesworth/AP/picture alliance

برطانوی تاریخ کی سب سے کم عرصے تک اقتدار میں رہنے والی وزیر اعظم

لز ٹرس کے آئندہ دنوں مستعفی ہو جانے کے اعلان کے بعد برطانوی سیاست میں ایک نیا ریکارڈ بھی بن گیا ہے۔ وہ برطانیہ میں سب سے کم عرصے کے لیے اقتدار میں رہنے والی سیاست دان بن گئی ہیں۔

انہیں حکومت سازی کی دعوت آنجہانی برطانوی ملکی الزبتھ ثانی نے دی تھی، جن کا اپنی یہ آئینی ذمے داری پورا کرنے کے ایک دو روز بعد ہی تقریباﹰ چھ ہفتے قبل انتقال ہو گیا تھا۔ یوں لز ٹرس کے لیے بطور سربراہ حکومت ان کی نامزدگی اور آج استعفے کے اعلان کا درمیانی عرصہ صرف تقریباﹰ ڈیڑھ ماہ بنتا ہے۔

برطانیہ: لیسسٹر میں ہندو اور مسلم گروپوں میں جھڑپیں

یہ برطانوی سیاسی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم کے اقتدار میں رہنے کا مختصر ترین عرصہ ہے۔ لز ٹرس سے پہلے مختصر ترین عرصے تک حکومت کرنے والے برطانوی وزیر اعظم جارج کیننگ تھے، جن کی حکومت چار ماہ سے بھی کم عرصے تک چلی تھی۔

جارج کیننگ کا 1827ء میں اس وقت انتقال ہو گیا تھا، جب انہیں وزیر اعظم بنے صرف 119 دن ہوئے تھے۔

ٹوری پارٹی کی قیادت سے استعفیٰ

برطانیہ میں حکمران جماعت کا سربراہ ہی وزیر اعظم ہوتا ہے اور لز ٹرس نے آج جمعرات کے روز ٹوری پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا۔

انہوں نے دس ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر صحافیوں کو بتایا، ''میں نے بادشاہ چارلس کے ساتھ گفتگو میں انہیں اطلاع دے دی ہے کہ میں قدامت پسند جماعت کی سربراہی سے مستعفی ہو رہی ہوں۔‘‘

تاریخ ساز برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی کے قائم کردہ بڑے ریکارڈ

 چھ ستمبر کو وزیر اعظم نامزد کی جانے والی لز ٹرس کو گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران اپنی حکومت کے وزیر خزانہ اور قریب ترین سیاسی معتمد کوارٹینگ کو برطرف کرنا پڑ گیا تھا اور اس کے بعد ان کی کابینہ میں وزیر داخلہ کے عہدے پر فائز خاتون سیاستدان بھی مستعفی ہو گئی تھیں۔

اسی دوران برطانوی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر سٹارمر نے مطالبہ کر دیا ہے کہ ملک میں فوری طور پر قبل از وقت عام انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹوری پارٹی میں داخلی طور پر جو ٹوٹ پھوٹ اور ناکامیاں دیکھی جا رہی ہیں، ان کے پیش نظر ملک میں نئے عام انتخابات ضروری ہو گئے ہیں۔

م م / ع ا (اے ایف پی، روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں