1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: نادال فائنل میں

3 جولائی 2010

ٹینس کھیل کے رواں سال کے تیسرے اہم ترین ٹورنامنٹ ومبلڈن میں مردوں اور خواتین کے فائنل میچوں کے لئے سٹیج سج گیا ہے۔ خواتین کا فائنل میچ آج اور مردوں کا فائنل میچ کل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

تصویر: AP

برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے کا ومبلڈن ٹورنامنٹ کا فائنل میچ کھیلنے کا خواب ادھورا رہا۔ ان کے خواب کی تکمیل کی راہ میں ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال آئے۔

برطانوی کھلاڑی اینڈی مرےتصویر: AP

جمعہ کے روز مردوں کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں عالمی نمبر ایک رافائل نادال کے سامنے عالمی نمبر چار اینڈی مرے کی کوئی کوشش کارگر ثابت نہ ہو سکی اور سیدھے تین سیٹوں میں اینڈی مرے کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ صرف دوسرے سیٹ میں اینڈی مرے نے نادال کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی بے سود رہی جبکہ وہ پہلے اور تیسرے سیٹ میں کسی معجزانہ کھیل کے منتظر رہے۔

نادال جس پھرپور فارم کے ساتھ اب ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں، اس کے سامنے برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے ٹھہر نہ سکے۔

اب تک ومبلڈن میں نادال کو حقیقت میں جرمن کھلاڑی فلپ پیٹشنر نے پریشان کیا تھا۔ آخری سیٹ میں جرمن کھلاڑی اپنی زوردار سروس کے ساتھ جیت کے قریب پہنچ کرنادال سے ہار گئے تھے۔ رافائل نادال ومبلڈن کے فائنل میں چوتھی بار پہنچے ہیں اور انہوں نے اپنی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔

مرے کے خلاف جیت نادال کی ومبلڈن ٹورنامنٹ میں مسلسل تیرہویں کامیابی تھی۔ سن 2008 ء میں ہسپانوی کھلاڑی رافائل نادال نے ومبلڈن کے فائنل میچ میں راجر فیڈرر کو ایک طویل میچ کے بعد شکست دی تھی ۔ سن 1938ء کے بعد ومبلڈن کے فائنل میچ تک کسی برطانوی کھلاڑی کو رسائی حاصل نہیں ہوئی ہے۔

ٹوماس بردیختصویر: AP

مردوں کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں چیک جمہوریہ کے ٹوماس بردیخ نے سیربیا کے نوواک جوکووچ کو تین سیٹ کے میچ میں شکست دی۔ مرے کی طرح جوکووچ بھی دوسرے سیٹ میں بردیخ کے سامنےکچھ مزاحمت دکھا سکے۔ بردیخ کے خلاف بقیہ دو سیٹ میں جوکووچ بے بس نظر آئے۔

ٹوماس بردیخ کی جیت کے حوالے سے سیمی فائنل مرحلے پر چیک جمہوریہ کی خاتون کھلاڑی پیٹرا کویٹووا نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔ کویٹووا کا کہنا تھا کہ وہ فائنل سے محروم ہو گئی ہیں لیکن بردیخ یقینی طور پر چیک جمہوریہ کا نام فائنل میچ تک لے کر جائیں گے۔

چیک جمہوریہ کے کھلاڑی نے اپنی زوردار سروس سے سیربیا کے عالمی نمبر تین کو بے بس کردیا تھا۔ بردیخ نے کوارٹر فائنل مرحلے پر راجر فیڈرر کو شکست دی تھی۔

ماہرین کا خیال ہے کہ طویل القامت ٹوماس بردیخ ومبلڈن کے فائنل میچ میں نادال کے لئے تر نوالہ ثابت نہیں ہوں گے۔ جوکووچ کا خیال ہے کہ بردیخ فائنل جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وہ دوران میچ انتہائی زوردار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ایسا ہی سٹائل جرمن کھلاڑی فلپ پیٹشنر کا ہے۔ سن 1987ءکے بعد ومبلڈن کے فائنل میں پہنچنے والے وہ پہلے چیک جمہوریہ کے کھلاڑی ہیں، تب ایوان لینڈل نے فائنل میچ کھیلا تھا۔

روسی کھلاڑی ویرا زوناریواتصویر: AP

خواتین کا فائنل میچ امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز اور روسی کھلاڑی ویرا زوناریوا کے درمیان کھیلا جا ئے گا۔ سیرینا ولیمز اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں