ون ڈے سیریز: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا
31 جنوری 2010ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے دونوں اوپنر سلمان بٹ اور خالد لطیف بغیر کوئی رن سکور کئے ہی آؤٹ ہو گئے۔ کچھ ہی دیر بعد یونس خان بھی تین رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے اور تب تک پاکستانی ٹیم کا سکور صرف 16 تھا اور اس کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔
بعد کے اوورز میں شعیب ملک 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے اور ان کے بعد عمر اکمل نے 67 اور فواد عالم نے 63 رنز بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی ایک رن پر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا سکور 42 ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز تھا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
جوابا آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔ آسٹریلین اننگز کے ابھی چار گیند باقی تھے کہ موجودہ دورے کے دوران ٹیسٹ سیریز کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی میزبان ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش کر دیا۔
میزبان ٹیم کی طرف سے کپتان رکی پونٹنگ نے 55 رنز بنائے جبکہ مائیکل ہسّی 40 کے ذاتی سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ میں آسٹریلیا کی طرف سے McKay نے 9.3 اوورز میں 35 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
پرتھ میں پانچویں ون ڈے میچ کے دوران یہ بھی ہوا کہ پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے بظاہر ایک سے زائد مرتبہ بال کو دانتوں میں لے لیا یا اسے کاٹنے کی کوشش کی۔ اس پر ان کے خلاف بال ٹیمپرنگ کا الزام بھی سننے میں آیا۔
میچ کے بعد فوری سماعت کے دوران آفریدی نے مبینہ طور پر اپنے خلاف الزام کی درستگی کا اعتراف بھی کر لیا۔ اس پر میچ ریفری مدھوگالے نے سزا کے طور پر شاہد آفریدی کی اگلے دو ٹونٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت پر پابندی لگا دی۔
رپورٹ : مقبول ملک
ادارت : عاطف توقیر