1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ويکسين ابھی بنی نہيں کہ ’پہلے کسے ملے گی‘ پر جھگڑا شروع

14 مئی 2020

دوا ساز کمپنی سنوفی کے سربراہ نے کہا ہے کہ کووڈ انيس کے خلاف ويکسين سب سے پہلے امريکا کو فراہم کی جائے گی۔ اس پر نہ صرف فرانسيسی حکومت بلکہ کئی غير سرکاری تنظيموں نے بھی برہمی کا اظہار کيا ہے۔

Symbolbild Impfstoff für Coronavirus
تصویر: picture-alliance/Geisler-Fotopress/C. Hardt

فرانسيسی دوا ساز کمپنی سنوفی کے چيف ايگزيکيٹو پال ہڈسن کے ايک بيان نے ايک ہنگامہ کھڑا کر ديا ہے۔ ہڈسن نے بلومبرگ نيوز کو ديے اپنے ايک انٹرويو ميں کہا کہ کووڈ انيس کے خلاف ويکسين پہلے امريکی شہريوں کو ملنی چاہيے کيونکہ ان کی حکومت نے اس کی تياری ميں سرمايہ کاری کی۔ سنوفی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ چونکہ امريکا نے اپنے شہريوں کی حفاظت کے ليے سرمايہ کاری ميں پہل کی اور رسک ليا، پہلا حق بھی انہی کا ہے۔

نيا کورونا وائرس اب تک دنيا بھر ميں قريب تين لاکھ افراد کی جان لے چکا ہے جب کہ متاثرين کی تعداد تينتاليس لاکھ سے زيادہ ہے۔ عالمی وبا کے باعث دنيا کے بيشتر ممالک ميں مکمل يا جزوی پابندياں نافذ ہيں۔ صنعتيں بری طرح متاثر ہو چکی ہيں اور بے روزگاری ريکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔ دنيا کو درپيش طبی، سماجی اور سياسی چيلنجز سے نمٹنے کے ليے ايک طرف جہاں عالمی سطح پر يکجہتی پر زور ديا جا رہا ہے وہيں مختلف حصوں ميں مختلف حکمت عملی بھی سامنے آ رہی ہے۔

نئے کورونا وائرس کے علاج کے ليے افريقہ ميں ’معجزاتی دوا‘

02:04

This browser does not support the video element.

دوا ساز کمپنی سنوفی کے چيف ايگزيکيٹو پال ہڈسن کے بيان کی کئی حلقوں ميں مذمت جاری ہے۔ فرانسيسی نائب وزير خزانہ نے کہا ہے کہ صرف معاشی وجہ بيان کر کے کسی ايک کو خاص ترجيح دينا ناقابل قبول بات ہے۔

امدادی تنظيم آکسفيم کی فرانسيسی شاخ نے بھی سنوفی کے ارادوں کی مذمت کی ہے۔ اس بارے ميں جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ يہ صورت حال اس بات کی ضرورت پر زور ديتی ہے کہ مستقبل ميں بھی مہلک امراض کے علاج کے حوالے سے قانون سازی درکار ہے تاکہ ان کی منصفانہ بنيادوں پر دنيا بھر ميں تقسيم ممکن ہو سکے۔ ڈيڑھ سو کے قريب موجودہ اور سابق عالمی ليڈران، طبی ماہرين اور اہم شخصيات نے ايک تحرير ميں زور ديا ہے کہ ويکسين کو دنيا بھر ميں ہر شخص کے ليے بلا معاوضہ فراہم کيا جائے۔

سنوفی برطانيہ کی کمپنی گليکسو اسمتھ کلائن کے ساتھ ايک ويکسين پر کام کر رہی ہے۔ فی الحال اس اشتراک سے بننے والی کسی ممکنہ ويکسين کے کلينيکل ٹرائل بھی شروع نہيں ہوئے۔ متعلقہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جلد سے جلد بھی کوئی ويکسين سال کے آخر تک تيار ہو گی۔ اس منصوبے کی فنڈنگ مشترکہ طور پر امريکی محکمہ صحت سے بھی جاری ہے۔

ع س / ع ا، اے ايف پی

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں