1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹ انڈیز نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا

8 اکتوبر 2012

ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو کولمبو میں کھیلا گیا جس میں ویسٹ انڈیز 36 رنز سے فاتح رہا۔

تصویر: AP

ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 137رنز بنائے، جس سے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے سری لنکا کی امیدیں بڑھ گئی تھیں۔ تاہم ان کے بیٹسمین ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہے۔ ویسٹ انڈیز نے انیسویں اوور میں سری لنکا کے تمام کھلاڑی آؤٹ کر دیے۔ اس وقت اس کا مجموعی اسکور 101تھا۔

سری لنکا نے اپنی اننگز کا آغاز خاصے اچھے انداز سے کیا تھا۔ ایک وقت پر ایک کھلاڑی کے نقصان پر ان کا اسکور 48 تھا تاہم بعد میں ایک کے بعد ایک ان کے تمام بیٹسمینوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو کولمبو میں بارش کا خدشہ تھا، جس کے پیش نظر سری لنکا کی ٹیم اپنے رنز کی اوسط بلند رکھنا چاہتی تھی اور یہ تیزی بھی کسی حد تک ان کی ناکامی کا باعث بنی ہے۔

سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے 33 رنز بنائے۔ سابق کپتان کمار سنگاکارا نے 22 اور نوان کلاسیکارا نے 26 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ سری لنکا کا کوئی بھی بیٹسمین پانچ سے زیادہ کا انفرادی اسکور بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔

سری لنکا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھیتصویر: Reuters

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسپنر سنیل نارائن نے نو رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کی اننگز کے دوران کچھ ایسا درست دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

سری لنکا کے بولروں نے بڑا ہدف کھڑا کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز کی کوششوں کو بڑی حد تک ناکام بنایا۔ صورت حال یہ تھی کہ دس اوورز میں ویسٹ انڈیز دو وکٹوں کے نقصان پر محض 32 رنز بنا پایا تھا۔

سری لنکا کے اسپنر اجانتھا مینڈس نے 12 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں اور یوں بظاہر انہوں نے ویسٹ انڈیز ٹیم کی کمر توڑ دی تھی۔ تاہم مارلون سیموئیلز نے 56 گیندوں کا سامنے کرتے ہوئے 78 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔

قبل ازیں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں سری لنکا نے پاکستان کو جبکہ ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

دوسری جانب اتوار کے فائنل کے بعد سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے اس فیصلے کہ فائنل میں شکست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ng/aba (Reuters, AFP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں