1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویمبلی فائنل میچ کی ریہرسل: بائرن اور ڈورٹمنڈ کا میچ برابر

5 مئی 2013

بنڈس لیگا کے بتیسویں میچ ڈے کے دوسرے دن کے چھ میچوں میں انتہائی اہم ایک میچ بنڈس لیگا کی نئی چیمپئن بائرن میونخ اور گزشتہ سال کی چیمپئن ڈورٹمنڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

تصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا اب اپنے اختتام کے قریب ہے۔ اس کے مزید دو میچ ڈیز باقی رہ گئے ہیں۔ ہفتے کے روز گزشتہ سال کی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور رواں سیزن کی چیمپئن بائرن میونخ کے درمیان کانٹے دار میچ کھیلا گیا۔ اس میچ کو اسی ماہ کی 25 تاریخ کو برطانوی دارالحکومت لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ کی ریہرسل قرار دیا جا رہا تھا۔

ہفتے کے روز گزشتہ سال کی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور رواں سیزن کی چیمپئن بائرن میونخ کے درمیان کانٹے دار میچ کھیلا گیاتصویر: Getty Images

ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے میچ میں خاصا جارحانہ کھیل پیش کیا گیا۔ بائرن کسی بھی طور پر اس میچ کو جیتنے کی کوشش میں تھی اور اس دوران اس کے پانچ کھلاڑیوں کو مختلف فاؤل کرنے پر میچ ریفری کی جانب سے زرد کارڈ دکھایا گیا۔ ایک کھلاڑی کو میچ سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔ اس میچ کا ایک اور ڈرامہ بائرن کے گول کیپر مانویل نوئیر کا ڈورٹمنڈ کے لیوانڈووسکی کی پنالٹی کو روکنا بھی تھا۔

میچ ریفری کی جانب سے ڈورٹمنڈ کو دی جانے والی پنالٹی کک کو بھی بائرن میونخ کے کھلاڑیوں نے احتجاج کر کے متنازعہ بنا دیا تھا۔ ریفری کے مطابق ڈورٹمنڈ کے ترک نژاد کھلاڑی نوری شاہین کی کِک کو بائرن کے کھلاڑی ژیروم بوٹنگ (Jerome Boateng) نے روکتے ہوئے ہاتھ لگا دیا تھا۔ اس پنالٹی کِک پر بائرن میونخ کے کھلاڑیوں نے پرزور احتجاج بھی کیا مگر ریفری نے اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔ ریال میڈرڈ کے خلاف چار گول کرنے والے پولستانی کھلاڑی رابرٹ لیوانڈووسکی کی لگائی ہوئی کِک بائرن کے گول کیپر مانویل نویئر نے روک لی۔

بائرن میونخ کے ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھایا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اسی ہزار شائقین کے سامنے بائرن میونخ کے بعض کھلاڑیوں نے خاصے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ برازیل سے تعلق رکھنے والے رافینا کو دوسری مرتبہ خطرناک فاؤل کرنے پر ریفری نے دوسرا زارڈ کارڈ تھما کر میچ سے باہر کر دیا۔ اس پر بھی بائرن میونخ کے کھلاڑیوں نے ایک مرتبہ پھر واویلا کرنا شروع کر دیا مگر ان کا احتجاج ریفری کے فیصلے کو تبدیل نہیں کر سکا۔ میچ کے دوران بائرن میونخ کے پانچ کھلاڑیوں کو زرد کارڈ دکھایا گیا۔ ڈورٹمنڈ کے صرف ایک کھلاڑی کو زرد کارڈ حاصل ہوا۔

ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے اس کانٹے دار میچ میں ڈورٹمنڈ نے گیارہویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کر لی تھی۔ یہ گول جرمن فارورڈ کھلاڑی کیون گروس کوئٹز (Kevin Großkreutz) نے کیا۔ ڈورٹمنڈ کی برتری کو پہلے ہاف کے چھبیسویں منٹ میں ماریو گومیز نے گول کر ختم کر دیا۔ اس کے بعد میچ بغیر کسی مزید گول کے برابری پر ختم ہوا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوا۔

ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان لندن شہر کے نواح میں واقع ویمبلی اسٹیڈیم میں چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ اسی ماہ کی پچیس تاریخ کو کھیلا جائے گا۔

(ah/sks(Reuters

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں