1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینس میں دنیا کے سب سے پرانے فلمی میلے کا آغاز

Amjad, Ali28 اگست 2008

بدھ کی شام سے اٹلی کے شہر وینس میں دنیا کے سبے سے پرانے بین الاقوامی فلمی میلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ اِس بار میلے کے اعلیٰ ترین اعزاز گولڈن لائن کے لئے ہونے والے مقابلے میں 21 فلمیں شامل ہیں اور یہ چھ ستمبر تک جاری رہے گا۔

تصویر: EMAF


اِس 65 ویں وینس فلمی میلے کا آغاز امریکہ کے ہدایتکار بھائیوں کی مشہور جوڑی کوئن براردرز کی فلم "Burn after Reading" سے ہوا۔ اِس فلم میں امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک سابقہ ایجنٹ کی کہانی مزاحیہ انداز میں سکرین پر پیش کی گئی ہے۔

اِس فلم میں مرکزی کردار اداکا کرنے والے اداکار جورج کلونی اور برَیڈ پِٹ اپنی اِس فلم کی تشہی کے لئےخود بھی وینس پہنچے ہوئے تھے۔ مقابلے کے شعبے سے ہَٹ کر دکھائی جانے والی اِس فلم کے ہدایتکار جوئیل اور ایتھن کوئن بھی وینس میں موجود تھے، جنہوں نے اِس سال اپنی فلم ’’نو کنٹری فار اولڈ مَین‘‘ کے لئے چار آسکر ایوارڈز حاصل کئے تھے۔

اِس سال میزبان ملک اٹلی کی چار فلمیں مقابلے میں شامل ہیں۔ میلے کے فنی امور کے انچارج مارکو ملر کے مطابق یہ چیز اِس بات کا ثبوت ہے کہ اٹلی میں سینما کی صنعت کسی بحران کا شکار نہیں ہے۔ اُنہیں میلے میں منتخب کی گئی فلموں پر فخر ہے:

’’یہ میلہ محض عالمی سینما کے مشہور اور اپنے فن میں یکتا فنکاروں کا میلہ نہیں ہے بلکہ ایک ایسا فیسٹیول ہے، جو درحقیقت ایک زلزلہ پیما کی طرح یہ بتاتا ہے کہ کہاں فلم کے شعبے میں کچھ نیا ہو رہا ہے اور عالمی سینما میں کہاں نئی تبدیلیاں عمل میں آ رہی ہیں۔‘‘

چار سال کے وقفے کے بعد اب ایک بار پھر ایک جرمن فلم بھی وینس میلے کے پروگرام میں شامل ہے۔ یہ ہے، ہدایتکار کرسٹیان پیٹسولڈ کی ژَیری خوف، جو لالچ، نا اتفاقی اور جوش و جذبے کی کہانی سناتی ہے۔

اِس کے علاوہ تین مزید فلمیں ایسی ہیں، جو جرمنی کے اشتراک سے بنی ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ جرمن ہدایتکار وِم وَینڈرز اِس بار وینس میلے کی جیوری کے سربراہ ہیں۔ جرمن فلموں کی شرکت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا:

’’مجھے اِس پر بہت خوشی ہے کہ یہاں جرمن فلمیں بھی موجود ہیں اور کہیں دُور کسی کونے کھدرے میں نہیں دکھائی جا رہیں بلکہ مقابلے کے شعبے میں شامل ہیں۔‘‘

اِس سال کا وینس میلہ مصر کے عالمی شہرت یافتہ ہدایتکار یوسُف شاہین کے نام کیا گیا ہے، جو 27 جولائی کو بیاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ میلہ چھ ستمبر تک جاری رہے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں