1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ویٹی لیکس‘، سوالات زیادہ، جوابات کم

30 مئی 2012

پاپائے روم بینیڈکٹ شانزدہم کے ذاتی خادم کی گرفتاری کے بعد بھی ’ویٹی لیکس‘ کے پس منظر کے حوالے سے مفروضوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس اسکینڈل کا دائرہ پھیلتا جا رہا ہے لیکن حقائق کم ہیں اور قیاس آرائیاں زیادہ۔

Rom Pfingstmesse Papst Benedict
تصویر: picture-alliance/dpa

اس اسکینڈل کی تفصیلات جرم و سزا کے کسی ناول سے کم سنسنی خیز نہیں ہیں۔ پاپائے روم کا ذاتی خادم کئی مہینوں تک ایسی خفیہ دستاویزات منظر عام پر لاتا رہا، جن میں بدعنوانی، اقربا پروری اور بد انتظامی کے ساتھ ساتھ پوپ کو قتل کرنے کے ایک مبینہ منصوبے کے حوالے سے تفصیلات بھی شامل تھیں۔

اس اسکینڈل کو ’ویٹی لیکس‘ کا نام بھی ویٹی کن نے خود ہی دیا ہے اور اس کا نقطہء عروج گزشتہ ہفتے پوپ کے ذاتی خادم پاؤلو گابریئیلے (Paolo Gabriele) کی گرفتاری تھا۔ پوپ کا یہ 46 سالہ بٹلر تین بچوں کا باپ ہے اور 2006ء سے پوپ بینیڈکٹ کے ساتھ تھا۔ وہ پوپ کے اتنے قریب تھا کہ اُنہیں لباس پہنانا، کھانا پیش کرنا اور اُن کی خواب گاہ کو آراستہ کرنا بھی اُسی کے فرائض میں شامل تھا۔ عوامی تقاریب میں بھی وہ اکثر پوپ کے ساتھ نظر آتا تھا۔

ویٹی کن حکام کو پاؤلو گابریئیلے کا سراغ ٹیلی وژن صحافی جیان لوجی نُوزی کی کیتھولک کلیسا کے سربراہ کے بارے میں ایک ہفتہ پہلے شائع ہونے والی کتاب سے ملا۔ اُس میں ایسی خفیہ دستاویزات کا بھی ذکر تھا، جو صرف اور صرف پاپائے روم کی میز یا اُن کے پرائیویٹ سیکرٹری کے کمرے سے ہی حاصل کی جا سکتی تھیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اس سازش میں گرفتار ہونے والا پاؤلو گابریئیلے اکیلا نہیں ہے بلکہ چرچ کے مزید سرکردہ ارکان بھی اِس سازش میں ملوث ہو سکتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اِس کا مطلب یہ تھا کہ اِن دستاویزات کو منظر عام پر لانے والا شخص پوپ کے اُسی قریبی حلقے میں سے ہو سکتا ہے، جو ’پوپ فیملی‘ کہلاتا ہے اور جس کے ارکان کی تعداد آٹھ سے زیادہ نہیں ہے۔ گابریئیلے کے کمرے کی تلاشی لی گئی تو شبہات یقین میں بدل گئے۔ غالباً ویٹی کن حکام نے خفیہ دستاویزات سے بھرے ہوئے چار ڈبے اپنی تحویل میں لیے ہیں۔

سوال لیکن یہ ہے کہ اس سازش کا فائدہ کسے ہو گا؟ چونکہ ویٹی کن حکام خود زیادہ تفصیلات جاری نہیں کر رہے، اس لیے سازشی نظریات اور قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہے۔ اس بات پر سبھی متفق ہیں کہ گابریئیلے اس کام میں اکیلا نہیں ہے بلکہ چرچ کے مزید سرکردہ ارکان بھی اِس سازش میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

ایک اطالوی اخبار کے مطابق اٹلی کے کارڈینل پر بھی شک کیا جا رہا ہے تاہم ویٹی کن حکام نے فوراً اس شبے کو رَد کر دیا ہے۔ اطالوی اخبارات نے کئی ایسے افراد کے انٹرویوز شائع کیے ہیں، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم جو مبینہ طور پر ویٹی کن سے ملنے والی خفیہ معلومات کو آگے پہنچانے کا کام کرتے رہے تھے۔

غالباً اسٹیٹ سیکرٹری کارڈینل تارسیسیو بیرتونے (Tarcisio Bertone) اپنے وفادار ساتھیوں کی بدعنوانی پر پردہ ڈالنا چاہتے تھے اور خفیہ دستاویزات منظر عام پر لانے والوں کا مقصد تارسیسیو کو حاصل ہو جانے والی بہت زیادہ طاقت کو لگام دینا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اسکینڈل میں ایک سے زیادہ افراد ملوث ہیں، جو ویٹی کن کے ڈھانچے کو زیادہ شفاف دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ اصل حقائق سے گابریئیلے ہی پردہ اٹھا سکے گا۔

W.Wilde / aa / ah

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں