يورو چيمپئن شپ، اب چند ہی دن باقی
5 جون 2012Euro 2012 UEFA کی دفاعی چيمپيئن ہسپانوی فٹبال ٹيم آج منگل کے روز پولينڈ ميں بالٹک کے ساحلی شہر Gdansk پہنچ رہی ہے جہاں وہ اگلے اتوار کو اٹلی کے خلاف اس ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا ميچ کھيلے گی۔ اسپين کی ٹيم رواں ہفتے آٹھ تاريخ سے پولينڈ اور يوکرائن کی مشترکہ ميزبانی ميں شروع ہونے والے يورو 2012 کے ليے ’فيورٹ‘ قرار دی جا رہی ہے۔ اگر يہ ہسپانوی ٹيم اپنے چار سال قبل حاصل کردہ اعزاز کا دفاع کرنے ميں کامياب ہوتی ہے تو ايسا يورپی فٹبال کی تاريخ ميں پہلی مرتبہ ہو گا کہ کوئی ٹيم دو مرتبہ مسلسل يورو چيمپيئن شپ جيتے گی۔
ادھر اٹلی کی قومی فٹبال ٹيم بھی آج ہی پولينڈ کے جنوبی شہر Krakow پہنچ رہی ہے۔ نيوز ايجنسی اے ايف پی کی ايک رپورٹ کے مطابق اطالوی فٹبال اس وقت ميچ فکسنگ سے متعلق ايک تنازعے کی زد ميں ہے۔
دوسری جانب جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی ايک رپورٹ کے مطابق جرمن قومی فٹبال ٹيم کے اہم رکن Miroslav Klose نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے جرمنی کے پہلے ميچ تک مکمل طور پر صحت ياب ہو جائيں گے۔ Klose جرمنی کے ليے اسٹرائيکر کی پوزيشن پر کھيلتے ہيں اور پرتگال کے خلاف اس ميچ ميں قومی ٹيم کو ان کی خدمات درکار ہوں گی۔ گروپ ميچوں ميں جرمنی کا مقابلہ ہالينڈ اور ڈنمارک کی ٹيموں سے ہو گا جو کہ اچھی ٹيميں ہيں ليکن Klose کا ماننا ہے کہ جرمنی کی ٹيم اس مشکل گروپ ميں فاتح رہے گی۔ جرمنی کے ليے ايک اور اچھی خبر يہ ہے کہ Bastian Schweinsteiger بھی فٹنس ٹيسٹ پاس کر چکے ہيں اور انہوں نے ٹيم کے ساتھ تربيت ميں حصہ ليا۔
ادھر فرانسيسی فٹبال ٹيم کے کوچ Laurent Blanc نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ ميں نماياں ٹيم کے طور پر سامنے آنے کے ليے ان کی ٹيم کو زيادہ ’مستقل مزاجی‘ کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ فرانس کی ٹيم ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا ميچ انگلينڈ کے خلاف گيارہ جون کو کھيلے گی۔ جبکہ انگلينڈ کی ٹيم کو يورو چيمپئن شپ کے ليے کئی اہم کھلاڑيوں کی خدمات حاصل نہ ہوں گی۔ گزشتہ ہفتے فرينک ليمپارڈ، گيرتھ بيری اور گيری کيہل زخمی ہو گئے اور انگلينڈ کے سب سے اعلیٰ مانے جانے والے کھلاڑی وين رونی پر پہلے ہی سے دو ميچوں کے ليے پابندی عائد ہے۔
یوئیفا یورو کپ فٹبال کا پہلا میچ رواں ہفتے جمعے کے روز کھیلا جائے گا جبکہ اس ٹورنامنٹ کا فائنل یکم جولائی کو یوکرائن کے دارالحکومت کییف میں ہو گا۔
as / aa / afp & dpa