1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يورپی وزرائے خارجہ کا اجلاس، يوکرائن مرکزی مو‌ضوع

عاصم سليم23 جون 2014

آج پیر کے روز لکسمبرگ ميں يورپی يونين کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کا ایک اجلاس ہو رہا ہے، جس ميں يوکرائن کے بحران کے علاوہ عراق، شام، افغانستان اور تھائی لينڈ کی صورت حال جیسے موضوعات پر بات چيت متوقع ہے۔

تصویر: Reuters

اجلاس کی صدارت يورپی يونين کے خارجہ امور کی نگران عہدیدار کيتھرين ايشٹن کریں گی۔ وزراء کے درميان بات چيت ميں يوکرائن کے بحران کو کليدی اہميت حاصل رہے گی۔ يورپی رہنما تاحال روسی صدر ولاديمير پوٹن کے درپردہ ارادوں کو سمجھنے سے قاصر ہيں۔ روسی صدر نے ايک طرف تو مشرقی يوکرائن ميں روس نواز عليحگی پسندوں کے خلاف جاری کييف حکومت کے فوجی آپريشن ميں يوکرائنی صدر پيٹرو پوروشينکو کی جانب سے اعلان کردہ يکطرفہ جنگ بندی کی محدود حمايت کا اظہار کيا ہے تو دوسری طرف روسی فوج نے يوکرائن کے ساتھ سرحد پر اپنی تازہ جنگی مشقيں بھی شروع کر رکھی ہيں۔

اجلاس کی صدارت کيتھرين ايشٹن کريں گیتصویر: Reuters

گزشتہ جمعے کے روز امريکا نے يوکرائن کے مزید سات عليحدگی پسندوں کے خلاف تازہ پابندياں عائد کر دی تھیں۔ واشنگٹن انتظاميہ اس سلسلے ميں يورپی يونين سے بھی اضافی اقدامات کی توقع رکھتی ہے تاہم جرمنی اور فرانس جيسے ممالک کی طرف سے اس معاملے ميں کچھ ہچکچاہٹ سے کام لیا جا رہا ہے۔ کئی يورپی ملک روس کے ساتھ اقتصادی تعلقات خراب ہونے کے خدشے کے سبب زيادہ سخت اور اقتصادی نوعیت کی پابنديوں سے گريز کر رہے ہيں۔ اس بارے ميں بات کرتے ہوئے ايک يورپی سفارت کار نے بتايا کہ روسی اہلکاروں کے خلاف يورپی بلاک کی مزيد پابنديوں کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ مشرقی يوکرائن ميں روس نواز بغاوت سے متاثرہ علاقوں ميں زمينی حالات کيسے ہيں۔

لکسمبرگ ميں ہونے والے اجلاس ميں يوکرائن کے وزير خارجہ پاوَلو کلِمکِن بھی شریک ہوں گے۔ يہ امر اہم ہے کہ يورپی يونين کے آئندہ جمعے اور ہفتے کے روز برسلز ميں ہونے والے ايک اہم سربراہی اجلاس ميں کييف حکام اور يورپی رہنما اضافی انضمام و تعاون کے اُس معاہدے پر دستخط کرنے والے ہيں، جو گزشتہ برس يوکرائن میں ایک بڑے داخلی تنازعے کے آغاز کی وجہ بنا تھا۔

دريں اثناء عراق ميں پچھلے کچھ دنوں کے دوران سنی شدت پسند تنظيم اسلامی رياست برائے عراق و شام کی پيش قدمی اور کئی بڑے شہروں پر قبضے کے بارے ميں بھی تبادلہ خيال کيا جائے گا۔ يورپی يونين کے ايک سفارت کار کے بقول عراق کی صورت حال کافی تشویش ناک ہے۔ اجلاس ميں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے عراق Nickolay Mladenov بھی شريک ہوں گے۔ عراق کے علاوہ شامی خانہ جنگی بھی گفتگو کا موضوع رہے گی۔

دیگر اہم موضوعات میں افغان صدارتی انتخابات کے دوران دھاندليوں کے الزامات اور تھائی لینڈ کی صورت حال بھی شامل ہیں۔ امکان ہے کہ يورپی وزراء تھائی لینڈ میں فوجی حکومت پر زور ديں گے کہ وہ ملک ميں جلد از جلد جمہوريت بحال کرے۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں