1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

يورپی يونين ميں زيادہ قريبی تعاون ضروری: چانسلر ميرکل

18 اکتوبر 2012

برسلز میں آج یورپی یونین کے سربراہان حکومت دو روزہ اہم اجلاس میں شریک ہیں، جس میں یورو کرنسی کے مستقبل سے متعلق غور و فکر کیا جارہا ہے۔

تصویر: picture-alliance/dpa

 جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے اس  سربراہی کانفرنس سے قبل وفاقی پارليمنٹ ميں ايک حکومتی بيان ديا، جس ميں انہوں نے يورپی يونين کے ممالک کے درميان مالی اور اقتصادی سطح پر بہت زيادہ قريبی تعاون پر زور ديا ہے۔

چانسلر ميرکل نے آج وفاقی پارليمنٹ ميں تقرير کرتے ہوئے کہا کہ کئی اقدامات کے نتيجے ميں يورو زون اور اُس سے بھی ماورا اقتصادی تعاون کا ايک نيا معيار حاصل کر ليا جائے گا۔ انہوں نے آج وفاقی پارليمان ميں اپنے حکومتی بيان ميں يورپی يونين کو مزيد اختيارات دينے اور قومی اختيارات کو کم کرنے کی بات کی۔ اس سلسلے میں دوسرے يورپی ممالک کی طرف سے کی جانے والی مخالفت کی اہميت کو گھٹاتے ہوئے جرمن چانسلر نےکہا کہ ہم آگے بڑھيں گے۔

چانسلر ميرکل نے واضح طور پر اپنے وزير خزانہ شوئبلے کی حمايت کرتے ہوئے اُنہی کی طرح ايک طاقتور يورپی مالی کمشنر کا مطالبہ کيا، جسے مالی استحکام ميں ناکام رہنے والے ممالک کے قومی بجٹوں ميں مداخلت کے اختيارات حاصل ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ يورو کو مستقل طور پر مستحکم بنانے کے ليے متعلقہ ممالک کی طرف سے اپنے بجٹوں کو بہتر بنانے کے زيادہ پکے وعدے کافی نہيں ہوں گے۔ چانسلر ميرکل نے کہا کہ مشترکہ کرنسی يورو کے ليے اقتصادی سياست ميں بھی رکن ممالک ميں زيادہ اتفاق رائے ضروری ہے۔

يورو زون کا بحران، يونان ميں عام ہڑتالتصویر: Reuters

چانسلر ميرکل نے اپنے حکومتی بيان ميں يہ بھی کہا کہ يورپی يونين کے رکن ممالک کو اصلاحات کے ليے يورپی سطح پر ايسے منصوبے طے کرنے ہوں گے جن کی پابندی لازمی ہو اور اُن کی قومی پارليمانوں کو ان کی منظوری دينی ہو گی۔ جرمن چانسلر نے ايک نئے فنڈ کی تجويز بھی پيش کی، جس سے يورپی يونين کے رکن ممالک کو اصلاحات کے ليے  ايک محدود مدت تک کے ليے رقوم دی جائيں۔ انہوں نے يہ بھی کہا: ’’آج اور کل کی يورپی سربراہ کانفرنس يورو زون کے بحران پر قابو پانے کے سلسلے ميں آخری کانفرنس نہيں ہو گی۔ اس طرح کی کانفرنسيں آئندہ بھی ہوتی رہيں گی کيونکہ يورو کو طاقتور بنانے کے ليے يکے بعد ديگرے اقدامات کی ضرورت ہو گی۔‘‘

اسپين ميں بچت کے حکومتی منصوبوں کے خلاف احتجاجتصویر: AP

چانسلر ميرکل نے يونان کا بھی ذکر کيا جس کی مالی مشکلات بہت زيادہ ہيں:  ’’ميری خواہش ہے کہ يونان يورو زون ميں رہے، صرف  اس ليے نہيں کہ يونان ہمارا دوست اور نيٹو کا اتحادی ہے بلکہ اس ليے بھی کہ تمام دشواريوں کے باوجود يہ يونان، يورو زون اور پوری يورپی يونين کے فائدے ميں ہے۔‘‘

يورپی يونين کی آج اور کل تک جاری سربراہی کانفرنس ميں بڑے فيصلوں کی توقع نہيں کی جاتی۔

n-tv,sas/sks

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں