يو۔ اين ومين : اقوام متحدہ کا خواتين کی ترقی کا نيا ادارہ
15 ستمبر 2010اقوام متحدہ نے خواتين کے امور سے متعلق ايک خصوصی ادارہ قائم کيا ہے۔ اس کی سربراہ کے عہدے کی پيشکش، چلی کی سابق صدرميشيل باشيليٹ کو کی گئی جسے انہوں نے قبول کرليا ہے۔ باشيليٹ نے کہا کہ انہوں نے گہرے غورو فکر کے بعد يہ ذمے داری اٹھانے کا فيصلہ کيا ہے۔ انہوں نے سانتياگو ميں ايک پريس کانفرنس ميں کہا: " يہ ايک مشکل فيصلہ تھا۔ ميں نے اس پر بہت غور کيا اور پھر اسے قبول کرہی ليا، کيونکہ مجھے يہ علم ہے کہ يہ کام ميری پوری ذاتی تاريخ کے تانے بانے ميں بہت اچھی طرح سےسما سکتا ہے۔ يہ ايک بہت اچھی ملازمت ہے جسے ميں ٹھکرا نہيں سکتی تھی۔"
سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ ميشيل باشيليٹ کو اس عہدے کی پيشکش پہلی بار اس سال کے شروع ميں کی گئی تھی ليکن وہ اسے قبول کرنے ميں ہچکچاہٹ محسوس کررہی تھيں۔چلی کے قانون کے تحت وہ مسلسل دو مرتبہ صدر نہيں بن سکتيں۔ اس عہدے سے اُن کے سن 2014 منں صدارتی اليکشن لڑنے کے منصوبے پر اثر پڑ سکتا تھا۔ وہ کم ازکم دو برسوں کے لئے نيويارک ميں اقوام متحدہ کے اس خصوصی ادارے برائے خواتين کی سربراہ رہنا چاہتی ہيں۔
58 سالہ باشيليٹ ايک اعتدال پسند سوشلسٹ ہيں۔ انہوں نے چلی کی تاريخ کے مقبول ترين ليڈروں ميں سے ايک کی حيثيت سے چار سال تک ملک کے صدر کے عہدے پر فائز رہنے کے بَعد مارچ ميں يہ عہدہ چھوڑ ديا تھا۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ باشيليٹ نے، جو ڈاکٹر بھی ہيں اس نئے عہدے کو ايک عالمی حيثيت دے دی ہے۔ انہوں نے کہا: "باشيليٹ، اس نازک عہدے کو سنبھالنے کے لئے ايک فعال عالمگير ليڈر شپ، اعلی سياسی صلاحيتيں اور اتفاق رائے پيدا کرنے کی غير معمولی قابليت اپنے ساتھ لائی ہيں۔ مجھے يقين ہے کہ اُن کی طاقتور رہنمائی ميں ہم دنيا بھر میں کروڑوں عورتوں اور لڑکيوں کی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہيں۔"
اقوام متحدہ کے اس نئے ادارے کا سرکاری نام The UN Entity for Gender Equality and Empowerment of Women ہوگا ليکن اسے صرف UN Women کہا جائے گا۔ اس کے دائرے ميں خواتين کی ترقی کا يواين ڈويژن، ترقیء نسواں کا بين الاقوامی ريسرچ اور ٹريننگ انسٹيٹيوٹ، جنس کے امور اور خواتين کی ترقی سے متعلق خصوصی مشير کا دفتر اور خواتين کی ترقی کے يو اين فنڈ نامی ادارے شامل ہوں گے۔
اقوام متحدہ کے سيکريٹری جنرل نے اس موقع پر کہا کہ سن 2007 ميں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے UN Women ادارے کا قيام ان کی سب سے بڑی ترجيح رہی ہے۔ بان کی مون نے يہ بھی کہا کہ باشيليٹ اس ادارے کو ايک حقيقی طاقت بنا سکتی ہيں۔
رپورٹ : شہاب احمد صدیقی
ادارت : افسر اعوان