1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیورپ

ٹرمپ اور نیٹو سربراہ کا روس سے یوکرین جنگ کو وسعت نہ دینے کا مطالبہ

جاوید اختر (روئٹرز، اے ایف پی کے ساتھ)
26 نومبر 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیٹو کے سربراہ مارک روٹے نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین میں جاری جنگ کو وسعت دینے والے اقدامات سے گریز کرے۔ دونوں رہنماؤں نے بدھ کو ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں یہ بات کہی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 8 جولائی 2026 کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں صدارتی کمپلیکس میں نیٹو اجلاس کے موقع پر نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کر رہے ہیں
فلوریڈا میں ہونے والی یہ ملاقات ایسے وقت پر ہوئی ہے جب یورپی ممالک نے ابتدائی امن مذاکرات میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ تصویر: Alex Brandon/AP Photo/picture alliance

بدھ کو فلوریڈا میں یہ ملاقات ایسے وقت پر ہوئی جب ریپبلکن صدر، جو امریکہ کے مغربی اتحادیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں، گزشتہ ہفتے ایشیا میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور چینی رہنما شی جن پنگ سے ملاقات کر چکے تھے۔ ٹرمپ نے دونوں رہنماؤں کو اپنا ''دوست‘‘ قرار دیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کی رہائش گاہ مارالاگو میں بند کمرے میں ہونے والی ملاقات ''غیر معمولی‘‘ اور ''انتہائی اہم‘‘ رہی، جس میں یوکرین اور ایران میں جاری جنگوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔

مشترکہ بیان میں دونوں رہنماؤں نے کہا، ''ہم نے اس اہمیت پر بھی بات کی کہ روس ایسے اقدامات سے گریز کرے جو دانستہ یا غیر دانستہ طور پر جنگ کو وسعت دیں، اور جنگ کا جلد از جلد پُرامن حل تلاش کرنا ضروری ہے۔‘‘

روٹے، جو نیٹو کے اندر کشیدگی کم کرنے اور ٹرمپ کو اتحاد کے ساتھ برقرار رکھنے کی مسلسل کوشش کرتے رہے ہیں، کہہ چکے ہیں کہ بڑی جوہری طاقتوں کے رہنماؤں کی ملاقات معمول کی بات ہے۔

مشترکہ بیان کے مطابق روٹے اور ٹرمپ نے دفاعی اخراجات میں اضافے اور امریکہ سمیت نیٹو کے دیگر ممالک میں دفاعی سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔

روٹے اور ٹرمپ نے دفاعی اخراجات میں اضافے اور امریکہ سمیت نیٹو کے دیگر ممالک میں دفاعی سرمایہ کاری بڑھانے پر بھی گفتگو کیتصویر: Jonathan Ernst/REUTERS

نیٹو کا موقف

ٹرمپ پر ناقدین کی جانب سے کییف کے مقابلے میں ماسکو کا ساتھ دینے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ تاہم پوٹن سے ملاقات کے بعد امریکی صدر نے کہا تھا کہ روسی رہنما سفارتی ذرائع سے جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

ٹرمپ کی پوٹن سے ملاقات پر امریکہ میں ڈیموکریٹک مخالفین اور یورپی اتحادیوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

فلوریڈا میں ہونے والی یہ ملاقات ایسے وقت پر ہوئی ہے جب یورپی ممالک نے ابتدائی امن مذاکرات میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اب تک ان مذاکرات میں صرف یوکرین، امریکہ اور روس شریک رہے ہیں۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی، جنہیں ٹرمپ کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا ہے، کہہ چکے ہیں کہ یورپ کو امن مذاکرات میں شامل ہونا چاہیے۔

روٹے نے کہا کہ کسی بھی معاہدے میں یوکرین کے لیے سکیورٹی ضمانتیں شامل کرنا ضروری ہوگا۔

انہوں نے کہا، ''جب جنگ ختم ہوگی، خواہ ترجیحی طور پر امن معاہدے کے ذریعے یا اگر یہ ممکن نہ ہو تو طویل مدتی جنگ بندی کے ذریعے، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ یوکرین کو مستقبل کے لیے سکیورٹی ضمانتیں حاصل ہوں۔‘‘

روٹے نے مزید کہا، ''تاہم سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ یوکرین کو جنگ جاری رکھنے کے لیے درکار تمام وسائل میسر ہوں، تاکہ وہ اپنی کامیابیاں برقرار رکھتے ہوئے روس پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈال سکے۔‘‘

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی، جنہیں ٹرمپ کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا ہے، کہہ چکے ہیں کہ یورپ کو امن مذاکرات میں شامل ہونا چاہیےتصویر: Selenskyj/Telegram

مشترکہ بیان میں اور کیا کہا گیا ہے؟

مشترکہ بیان کے مطابق ٹرمپ اور روٹے نے دفاعی اخراجات میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر مسلسل یورپی ممالک پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کریں۔

فلوریڈا میں ہونے والی یہ بات چیت ایسے وقت پر بھی ہوئی ہے جب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سے توقع ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں یورپ میں امریکی فوجی موجودگی کا جائزہ لینے کے منصوبے کا اعلان کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ یوکرین جنگ اور امریکہ و اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ مذاکرات کے بنیادی موضوعات تھے، تاہم ایران کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

ادارت: کشور مصطفیٰ

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں