1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیوکرین

ٹرمپ اور پوٹن میں جلد ہی بالمشافہ بات چیت متوقع

صلاح الدین زین اے پی، اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
17 اکتوبر 2025

امریکی صدر ٹرمپ نے روسی صدر کے ساتھ بات چیت کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ جلدی ہی بوڈاپیسٹ میں پوٹن سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ ادھر یوکرین کے صدر بھی آج واشنگٹن میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں۔

ٹرمپ اور پوٹن
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان اگست میں الاسکا میں ملات ہوئی تھیاور اس وقت بھی دونوں نے یوکرین جنگ کے خاتمے کے طریقہ کار پر بات چیت کی تھی، تاہم کوئی پیش رفت نہ ہو سکی تصویر: Andrew Harnik/AFP/Getty Images

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین جنگ پر بات کرنے کے لیے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ہنگری کے شہر بوڈاپیسٹ میں ملاقات کریں گے۔ البتہ انہوں نے اس ملاقات کی تاریخ کے بارے میں واضح معلومات فراہم نہیں کیں۔

 پوٹن سے فون پر بات چیت کے بعد انہوں نے ٹروتھ سوشل پر لکھا: "میں نے ابھی ابھی روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ  ٹیلی فون پر اپنی بات چیت ختم کی ہے، اور یہ بہت نتیجہ خیز رہی ہے۔"

ٹرمپ نے مزید کہا، "صدر پوٹن اور میں اس کے بعد ایک متفقہ مقام، بوڈاپیسٹ، ہنگری میں ملاقات کریں گے تاکہ یہ دیکھ سکیں کہ کیا ہم روس اور یوکرین کے درمیان اس "بدنام" جنگ کو ختم کر سکتے ہیں۔"

امریکی صدر کی پوٹن کے ساتھ یہ فون کال جمعے کے روز یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کے واشنگٹن کے طے شدہ دورے سے عین قبل ہوئی ہے۔

امریکہ اور روس کے اعلیٰ سطحی مشیروں کی اگلے ہفتے ملاقات

امریکی صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور روس کے اعلیٰ سطحی مشیر اگلے ہفتے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ابتدائی ملاقاتوں کی قیادت امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کریں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی ان ملاقاتوں کے مقام کا تعین ہونا باقی ہے۔

ٹرمپ نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی ثالثی کے ذریعے فائر بندی کے فریم ورک کے حوالے سے لکھا، "حقیقت میں مجھے یقین ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کامیابی سے روس/یوکرین جنگ ​​کے خاتمے کے لیے بھی ہمارے مذاکرات میں مدد ملے گی۔"

زیلنسکی ٹرمپ سے ملاقات میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے امریکی ساختہ ٹوم ہاک کروز میزائلوں کی خریداری کے لیے منظوری بھی حاصل کرنے کی کوشش کریں گےتصویر: Ukrainian Presidential Press Office/UPI Photo/IMAGO

پوٹن سے ہونے والی بات چیت پر زیلنسکی سے تبادلہ خیال

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پوٹن کے ساتھ فون پر ہونے والی اپنی بات چیت پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بات کریں گے۔ واضح رہے کہ یوکرین کے صدر واشنگٹن پہنچ چکے ہیں اور جمعہ کو اوول آفس میں ان کی ملاقات ٹرمپ سے ہو رہی ہے۔

 ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا، "صدر زیلنسکی اور میں کل اوول آفس میں ملاقات کریں گے، جہاں ہم صدر پوٹن کے ساتھ اپنی گفتگو اور بہت کچھ پر تبادلہ خیال کرنے والے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ٹیلی فون پر آج ہونے والی بات چیت میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔"

توقع ہے کہ زیلنسکی اپنے دورے کے دوران طویل فاصلے تک مار کرنے والے امریکی ساختہ ٹوم ہاک کروز میزائلوں کی خریداری کے لیے منظوری بھی حاصل کریں گے۔

تاہم روس نے یوکرین کو ٹوم ہاکس کی فراہمی کے خلاف امریکی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے۔

ٹوم ہاک کی فراہمی امن عمل کے لیے خطرہ

کریملن کا کہنا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین کی ٹوم ہاک کروز میزائلوں کی درخواست کو تسلیم کرنے کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے۔

کریملن کے معاون یوری اوشاکوف نے جمعرات کے روز صحافیوں کو بتایا کہ پوٹن نے امریکی صدر کو بتایا ہے کہ یوکرین کو ٹوم ہاک میزائل دینے سے امریکہ اور روس کے تعلقات اور امن عمل کو نقصان پہنچے گا۔

کریملن کا کہنا ہے کہ پوٹن نے یوکرین کی ٹوم ہاک کروز میزائلوں کی درخواست کو تسلیم کرنے کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے تصویر: Department of Defense/ZUMA/picture alliance

اوشاکوف نے یہ بھی کہا کہ یہ فون کال روس کی پہل پر ہوئی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ "یہ ایک انتہائی اہم گفتگو تھی اور ساتھ ہی، یہ انتہائی صاف گوئی اور اعتماد پر مبنی تھی۔"

ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان سربراہی ملاقات کے بارے میں کریملن کے معاون نے کہا کہ آنے والے دنوں میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور سرگئی لاوروف پہلے فون پر بات کریں گے اور اس طرح سربراہی اجلاس کے لیے راہ ہموار کرنے کا کام "فوری طور پر" شروع ہو جائے گا۔

ہنگری میں سربراہی اجلاس کی تیاریاں شروع

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کا کہنا ہے کہ جب ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کرنے والے ہیں، تو انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بات کی۔

اوربان نے ایکس پر لکھا: امریکہ اور روس کے درمیان امن سربراہی اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں۔ ہنگری امن کا جزیرہ ہے۔"  البتہ سربراہی اجلاس کی تاریخ کا ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔

اوربان طویل عرصے سے یورپ میں پوٹن کے سب سے بڑے اتحادی رہے ہیں۔

اگلے دو ہفتوں میں ملاقات متوقع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بوڈاپیسٹ میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات کے لیے ایک مشکل ٹائم فریم پیش کیا ہے۔

ٹرمپ نے اوول آفس میں نامہ نگاروں کو بتایا، "میں شاید اگلے دو ہفتوں میں ان سے ملاقات کروں گا۔"

ادارت: کشور مصطفیٰ

پوٹن، ٹرمپ اور زیلنسکی کی سہ فریقی ملاقات ہو سکے گی؟

02:18

This browser does not support the video element.

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں