1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ جی سیون سمٹ میں شریک، دہشت گردی کا معاملہ سرفہرست

William Yang/ بینش جاوید AFP
26 مئی 2017

دنیا کی سات طاقتور ترین اقوام کے گروپ جی سیون کے سربراہان آج جمعہ 26 مئی کو اٹلی میں ملاقات کر رہے ہیں۔ تجارت اور گلوبل وارمنگ کے معاملے پر اختلافات کے باجود یہ سربراہان دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔

G7-Gipfel auf Sizilien
تصویر: picture alliance/dpa/S.Rousseau

دو روزہ جی سیون سربراہی اجلاس اطالوی جزیرے سِسلی کے تاریخی و سیاحتی مقام تاؤرمینا میں آج 26 مئی سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت پر شروع ہو رہا ہے جب اتوار اور پیر کی درمیانی شب مانچسٹر میں ایک میوزک کنسرٹ کے بعد ہونے والے خودکش حملے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے دہشت گردی کے موضوع پر ایک بحث کی صدارت کریں گی اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ جی سیون ممالک پر زور دیں گی کہ وہ انٹرنیٹ کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنانے کے لیے اقدامات کریں کہ وہ شدت پسندانہ مواد کو ویب سائٹس پر سے ہٹائیں۔

جی سیون ملاقات سے قبل ایک برطانوی اہلکار کا کہنا تھا، ’’لڑائی اور میدان جنگ سے انٹرنیٹ پر منتقل ہو رہی ہے۔‘‘

جی سیون سربراہی اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلی مرتبہ شریک ہوں گےتصویر: Getty Images/AFP/S. Loeb

اٹلی کے جزیرے سِسلی کے سیاحتی مقام تاؤرمینا میں ہونے والے اس اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلی مرتبہ شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے اور فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بھی پہلی بار جی سیون سربراہی اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔

تاؤرمینا میں ہونے والے دو روزہ جی سیون سربراہی اجلاس میں امریکا کے علاوہ کینیڈا، فرانس، برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور جاپان کے رہنما بھی اِس اجلاس میں شریک ہوں گے۔ نسبتاﹰ کم دورانیے کے اس اجلاس میں خاص طور پر عالمی اقتصادی مسائل پر فوکس کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سمٹ کے ایجنڈے پر روس، شام، ایران اور شمالی کوریا کے معاملات بھی موجود ہیں۔

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں