1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

ٹرمپ نے اپنے مزید ساتھیوں اور حامیوں کی سزائیں معاف کر دیں

24 دسمبر 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سمدھی اور روسی معاملے میں ملوث اپنے دو دیگر ساتھیوں کی سزائیں معاف کی ہیں۔ جلد ہی سبکدوش ہونے والے امریکی صدر اس سے قبل بھی پندرہ افراد کو معافی نامہ جاری کر چکے تھے۔

USA Weißes Haus | Donald Trump, Präsident
تصویر: Patrick Semansky/AP Photo/picture alliance

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لوگوں کو معاف کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت بدھ 23 دسمبر کو انہوں نے متعدد مزید افراد کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔ معافی نامے کی اس نئی فہرست میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سابق مینیجر پال مینافورٹ، ان کے ایک ساتھی روجر اسٹون اور داماد جیراڈ کشنر کے والد چارلز کشنر کا نام شامل ہے۔

مینافورٹ کو 2016ء کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے لیے خصوصی تفتیش کے بعد قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ ان پر غلط بیانی سے کام لینے اور منی لانڈرگ میں ملوث ہونے پر امریکا کے خلاف سازش کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور سات برس سے زیادہ کی سزا سنائی گئی تھی۔

صدر کی جانب سے معافی ملنے کے بعد مینافورٹ نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "صدارتی فرمان کے ذریعے آپ نے ہمیں جو معافی عنایت کی ہم اس پر شکر گزار ہیں۔ الفاظ یہ بیان کرنے سے قاصر ہیں کہ میں آپ کا کتنا احسان مند ہوں۔"

روجر اسٹون کو ارکان پارلیمان کے ساتھ حلفیہ بیان میں جھوٹ بولنے کے لیے قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ انہیں بھی اس جرم کے لیے 40 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم صدر ٹرمپ نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انہیں بھی معاف کردیا ہے۔

ٹرمپ کے سمدھی نے ٹیکس کے 18 معاملات میں عدالت کے سامنے ہیرا پھیری کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ انہیں ثبوتوں کو تلف کرنے اورغیر قانونی طور پر فنڈز جمع کرنے کی مہم چلانے کے لیے دو برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ٹرمپ نے ان کی بھی سزا معاف کر دی ہے۔ ان پر نیو جرسی کے گورنر کرسٹ کرسٹی نے مقدمہ چلایا تھا جو ایک وقت ٹرمپ کے مشیر بھی رہے تھے۔

بدھ کے روز صدر نے 23 دیگر افراد کی بھی سزا کی معافی کا اعلان کیا اور اس طرح گزشتہ دو روز کے اندر انہوں نے 49 افراد کو معافی نامہ جاری کیا ہے۔ انہوں نے عراقی شہریوں کی ہلاکت کے لیے قصوروار ٹھہرائے گئے بلیک واٹر کمپنی کے گارڈز کو بھی معاف کر دیا ہے۔

امریکا میں جلد اپنے عہدے سے رخصت ہونے والے صدر کے لیے اپنے آخری ایام میں لوگوں کی سزائیں معاف کرنا ایک عام روایت ہے۔ سابق صدر بارک اوباما نے بھی اپنے اقتدار کے آخری دن سنیکڑوں افراد کو معافی نامہ جاری کیا تھا جس میں بیشتر افراد کو منشیات کے استعمال کے لیے قصوروار قرار دیا گيا تھا۔ موجودہ صدر ٹرمپ کا اقتدار آئندہ 20 جنوری کو ختم ہو رہا ہے۔

ص ز/  ک م  (اے پی، روئٹرز، ڈی پی اے)

امریکی الیکشن، صورتحال کیا رنگ اختیار کرے گی؟

05:03

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں