ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ثالثی کے لیے کہا ہے، عمران خان
25 ستمبر 2019
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں ایران کے ساتھ تناؤ میں کمی لانے کے لیے ثالثی کے لیے کہا ہے۔ تاہم امریکی صدر نے کہا ہے کہ معاملہ اس کے برعکس ہے۔
اشتہار
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حاشیے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پھر ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقاتیں کی ہیں۔ نیویارک جاتے ہوئے عمران خان نے سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی۔ پاکستانی وزیر اعظم کے مطابق محمد بن سلمان نے بھی ان سے ایسی ہی درخواست کی تھی۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا، ''ٹرمپ نے مجھ سے پوچھا کہ کیا میں صورتحال کی کشیدگی کم کرنے کے لیے کوئی کردار ادا کر سکتا ہوں اور شاید ایک اور معاہدے کا امکان ہو سکتا ہے۔‘‘ پاکستانی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا، ''ہاں ہم نے یہ پیغام پہنچا دیا اور ہاں ہم اس کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
عمران خان نے صحافیوں کو مزید بتایا، ''میں نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ سے ملاقات کے فوری بعد ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ میں اس وقت اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا، سوائے اس کے کہ ہم کوشش کر رہے ہیں اور معاملے کے حل کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
ایک الگ بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں اس حوالے سے ان سے بات کر رہے ہیں، ''پاکستانی پرائم منسٹر خان بھی ایسا ہی کر رہے ہیں۔ بہت سے لوگ، چانسلر میرکل ابھی ابھی، چانسلر میرکل بہت حد تک اس میں شامل ہیں۔ بہت سے لوگ اس معاملے میں شامل ہیں۔ بہت سے لوگ چاہتے ہیں کہ ہم میز پر آ جائیں۔‘‘
تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم کو اس میں شامل ہونے کے لیے کہا تھا تو ٹرمپ کا کہنا تھا، ''وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں، ہمارا بہت اچھا تعلق ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ ایسا کچھ ہو سکتا ہے ... لیکن میں نے ان سے بات نہیں کی ۔۔۔ بلکہ انہوں نے مجھ سے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھا خیال ہو گا کہ ملاقات کی جائے۔‘‘
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فرانس، جرمنی اور جاپانی رہنماؤں نے بھی ٹرمپ اور روحانی سے ملاقاتیں کی ہیں جن کا مقصد سفارت کاری کے ذریعے خلیج کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش ہے۔
عمران خان کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اس وقت نیو یارک میں موجود ہیں۔ اس موقع پر ان کی دنیا کے کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں جاری ہیں۔
تصویر: Press Information Department Pakistan/I. Masood
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن سے ملاقات
عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے بڑھتے اسلامو فوبیا پر گفتگو کی۔ عمران خان نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے حملے کے بعد ملکی وزیر اعظم کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق عمران خان نے جیسنڈرا آرڈرن کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے متعلق پاکستانی تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
تصویر: Press Information Department Pakistan/I. Masood
رجب طیب ایردوآن سے ملاقات
عمران خان نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن سے بھی ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا بھی اعادہ کیا۔ صدر ایردوآن نے جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی موقف کی تائید کی۔
تصویر: Press Information Department Pakistan/I. Masood
ایران کے ساتھ بہتر تعلقات کا اعادہ
پاکستانی وزیر اعظم نے ایرانی صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کی۔ عمران خان نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ عمران خان نے کشمیر کے معاملے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی کی جانب سے پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دو طرفہ معاہدوں پر پیش رفت کو بڑھانے کا اعادہ کیا۔
تصویر: Press Information Department Pakistan/I. Masood
اطالوی وزیر اعظم جوزیپے کونٹے
پاکستانی وزیر اعظم نے اطالوی وزیر اعظم جوزیپے کونٹے سے بھی ملے۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور علاقائی معاملات پر گفتگو کی۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اطالوی وزیر اعظم کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔
تصویر: Press Information Department Pakistan/I. Masood
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر چکے ہیں۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ وہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کے لیے تیار ہیں۔
تصویر: Reuters/J. Ernst
جنرل اسمبلی کا 74واں سیشن
پاکستانی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں سیشن میں پاکستانی وفد کی سربراہی کی۔
تصویر: Press Information Department Pakistan/I. Masood