1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کا ابتدائی ری پبلکن مباحثوں میں حصہ نہ لینے کا اعلان

21 اگست 2023

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عوام کو پہلے سے ہی معلوم ہے کہ 'میں کون ہوں۔' ان کا یہ اقدام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب انہیں متعدد قانونی چارہ جوئیوں کا سامنا ہے۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عوام کو پہلے سے ہی معلوم ہے کہ 'میں کون ہوں'
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عوام کو پہلے سے ہی معلوم ہے کہ 'میں کون ہوں'تصویر: Alon Skuy/Getty Images

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ وہ بدھ کے روز ٹیلیویژن پر ہونے  والے پہلے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار کے پرائمری مباحثے میں حصہ نہیں لیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ' پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا، ''عوام کو معلوم ہے کہ میں کون ہوں اور میں نے کس قسم کی کامیاب صدارت پیش کی تھی۔''

سن 2024 کے صدارتی انتخابات سے قبل ریپبلکن ووٹروں میں اپنی مقبولیت کے ثبوت میں حالیہ رائے عامہ کے جائزوں میں اپنی برتری کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے مزید کہا کہ، ''اسی لیے میں مباحثوں میں شرکت نہیں کروں گا۔''

صدارتی امیدواری کے لیے پارٹی کے ابتدائی مباحثوں میں ٹرمپ کی غیر حاضری پر پہلے ہی سے قیاس کیا جا رہا تھا۔ وہ مہینوں سے بار بار اپنا یہ موقف دہراتے رہے ہیں کہ وہ پارٹی میں اپنے دیگر حریفوں کو موقع دینے کی اہمیت کو قطعی اہم نہیں سمجھتے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابات میں مداخلت کرنے کا الزام، فرد جرم عائد کر دی گئی

واضح رہے کہ آئندہ بدھ کے روز ملواکی میں ریپبلکن پارٹی کے دیگر صدارتی امیدوار کی کوشش کرنے والے امیدوار پہلی بار جمع ہونے والے ہیں اور اس موقع پر وہ انتخابات میں ٹرمپ کی برتری کے پیش نظر ان پر سیاسی حملہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سی بی ایس کے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ ریپبلکن ووٹروں میں سے 62 فیصد کے لیے سابق صدر ٹرمپ پسندیدہ امیدوار ہیںتصویر: Alex Brandon/AP/picture alliance

مباحثوں سے ٹرمپ کی غیر موجودگی کا مطلب کیا ہو سکتا ہے؟

اتوار کے روز ہونے والے سی بی ایس کے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ ریپبلکن ووٹروں میں سے 62 فیصد کے لیے سابق صدر ٹرمپ پسندیدہ امیدوار ہیں۔ ان کے قریبی حریف فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس ہیں جنہیں، صرف 16 فیصد ووٹر کی حمایت حاصل تھی۔ اس دوڑ میں شامل دیگر ریپبلکنز کو 10 فیصد سے بھی کم ووٹر کی حمایت حاصل ہے۔

ان رائے شماری میں ٹرمپ کی نمایاں برتری اس بات کی عکاس ہے کہ سابق صدر پر چار معاملات میں فرد جرم عائد ہونے کے باوجود وہ ریپبلکن پارٹی میں اب بھی کافی مقبول ہیں۔

بدھ کے روز ہونے والے اجتماع میں ڈی سینٹس کے علاوہ سابق امریکی نائب صدر مائیک پینس اور جنوبی کیرولائنا کی سابق گورنر نکی ہیلی کی بھی بحث میں حصہ لینے کی توقع ہے۔

اس ہفتے کی بحث میں ٹرمپ کی غیر موجودگی ان کے حریفوں میں ڈی سینٹیس جیسے سیاستدان کو ان کے خلاف سیاسی زمین حاصل کرنے میں مدد حاصل ہو سکتی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف فوجداری مقدمے میں فرد جرم عام کر دی گئی

مباحثے میں شامل دیگر امیدواروں میں سے نیو جرسی کے سابق گورنر کرس کرسٹی پر سب کی نظریں ہوں گی، جو پورے پروگرام میں ٹرمپ پر مسلسل حملہ کر سکتے ہیں۔ چونکہ سابق صدر اسٹیج پر موجود نہیں ہوں گے اس وجہ سے وہ اپنے خلاف الزامات کا بر وقت دفاع بھی نہیں کر پائیں گے۔

ص ز/ ج ا (ڈی پی اے، روئٹرز، اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں