1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

ٹرمپ کی بہن نے انہیں ’جھوٹا اور ظالم‘ کہہ دیا، خفیہ ریکارڈنگ

23 اگست 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے ہی خاندان کے اندر سے شدید مخالفت کا سامنا ہونے لگا ہے۔ ان کی بھتیجی اور بہن کے درمیان ہونے والی خفیہ ریکارڈنگ کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

Geschwister von Präsident Trump | Maryanne und Robert
تصویر: picture-alliance/Globe-Zuma/S. Moskowitz

امریکی صدر ٹرمپ کی سب سے بڑی بہن میریان ٹرمپ بیری نے اپنے بھائی پر تنقید ان کی امیگریشن پالیسی کے تناظر میں کی ہے۔ اس پالیسی کے حوالے سے میریان ٹرمپ نے اپنے بھائی کے لیے 'ظالم‘ اور 'جھوٹے‘ کے الفاظ استعمال کیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اصولوں پر عمل نہیں کرتا لہذا ان پر اعتبار کرنا ممکن نہیں۔ یہ باتیں ایک خفیہ ریکارڈنگ کے افشا ہونے پر سامنے آئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ڈونلڈ ٹرمپ اپنی بات سے مُکر گئے

خفیہ ریکارڈنگ کی تفصیلات ہفتہ بائیس اگست کو معتبر اخبار واشنگٹن پوسٹ نے شائع کی ہیں۔ یہ خفیہ ریکارڈنگ ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے خفیہ انداز میں اس وقت کی، جب وہ اپنی پھوپھی میریان سے ٹیلیفون پر گفتگو کر رہی تھی۔ اسی میری ٹرمپ کی یاداشتوں پر مشتمل ایک کتاب گزشتہ ماہ جولائی میں منظر عام پر آئی ہے۔ اس کتاب کو ٹرمپ فیملی پر ایک بم کے گرنے سے تعبیر کیا گیا تھا۔

تصویر: Imago Images/UPI

امریکی صدر کی بہن میریان ٹرمپ بیری کا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی سے کم سن بچے اپنے والدین سے جدا کر دیے گئے اور ان کو حراستی مراکز میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا کوئی اصول نہیں ہے اور وہ یہ پالیسی اپنے ووٹرز کو خوش کرنے کے لیے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے بھائی کے ٹویٹ کو بھی جھوٹ قرار دیا۔ اپنی بھتیجی میری سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بے اصول بھی کہا۔

مزید پڑھیے: ’ٹرمپ دوبارہ منتخب ہوئے تو شاید جمہوریت باقی نہ رہے' باراک اوباما

میریان ٹرمپ ایک وکیل ہونے کے علاوہ تقریباً بارہ برس تک سینیئر جج رہ چکی ہیں اور اس منصب سے سن 2020 میں ریٹائر ہوئی تھیں۔ انہیں سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے اعلیٰ اپیل عدالت میں تعینات کیا تھا۔ ان کی عمر تراسی برس ہے۔

تصویر: Getty Images/AFP/M. M. Santiago

میریان ٹرمپ اور میری ٹرمپ کی گفتگو سے کتاب (میری ٹرمپ کی یادداشتیں) میں کیے گئے ایک دعوے پر بھی روشنی پڑی کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یونیورسٹی میں داخلے کا امتحان کسی اور شخص کو پیسے دے کر اپنی جگہ بٹھا کر پاس کیا تھا۔ بات چیت میں میریان ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پینسلوینیا یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے اہل ہی اُسی امتحان میں کامیابی سے ہوئے، جس میں ان کی جگہ کوئی اور بیٹھا تھا۔ انہوں نی یہ بھی کہا کہ انہیں امتحان میں بیٹھنے والے شخص کا نام اب بھی یاد ہے۔ اس خفیہ ریکارڈنگ پر صدر یا وائٹ ہاؤس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:  'ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہی سر پر سوار ہیں' مشیل اوباما

امریکی صدر کی بھتیجی میری لی ٹرمپ کی سن 2020 کے مہینے جولائی میں یادداشتوں پر مشتمل خودنوشت  ‘Too Much and Never Enough’  کی فروخت اشاعت کے پہلے ہی دن تقریباً ایک ملین تک پہنچ گئی تھی۔ وائٹ ہاؤس نے اس کتاب کو جھوٹ کا پلندا کہا تھا۔ اس کتاب کی اشاعت روکنے کے لیے صدر ٹرمپ کے حال ہی میں رحلت پانے والے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ نے عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا تھا لیکن عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ امریکی صدر کی پچپن سالہ بھتیجی میری لی ٹرمپ ماہر نفسیات، کاروباری خاتون اور مصنفہ بھی ہیں۔

ع ح، ع آ (اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں