1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کی مودی سے پاکستان کے ساتھ جنگ سے گریز کرنے کی اپیل

جاوید اختر روئٹرز کے ساتھ
22 اکتوبر 2025

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے بات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ جنگ سے گریز کریں۔

ڈونلڈ ٹرمپ  نریندر مودی
امریکی صدر ٹرمپ نے وزیرِ اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم شخصیت اور عظیم دوست قرار دیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں دیوالی کی ایک تقریب کے دوران بھارتی نژاد افراد کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزیرِ اعظم مودی سے گفتگو میں علاقائی امن پر بھی بات ہوئی۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر اس بات کا ذکر کیا کہ انہوں نے پہلے بھی بھارت اور پاکستان دونوں کو تنازع سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا، اور یہ جان کر خوشی ہوئی کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ نہیں ہوئی، جسے انہوں نے ایک مثبت نتیجہ قرار دیا۔

ٹرمپ نے کہا، ''ہم نے کچھ دیر پہلے پاکستان کے ساتھ جنگ نہ کرنے پر بات کی۔ اور میرا خیال ہے کہ چونکہ اس میں تجارت بھی شامل تھی، اس لیے میں اس پر بات کر سکا، اور اب پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہے اور یہ ایک بہت ہی اچھی بات ہے۔‘‘

خیال رہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس بھارت اور پاکستان نے 10 مئی کو ایک مفاہمت پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک نے زمینی، فضائی اور بحری محاذ پر تمام فوجی کارروائیاں روکنے پر رضامندی ظاہر کی۔

یہ جنگ بندی صدر ٹرمپ کے اعلان کے تحت ہوئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا تھا۔ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دہائیوں بعد ایسی شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں لڑاکا طیارے، ڈرونز، میزائل اور توپ خانہ استعمال ہوا، اور دونوں جانب تقریباً 70 افراد ہلاک ہوئے۔

ایک ہفتہ قبل بھی امریکی صدر نے اسی طرح کا دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مودی سے بات کی، جنہوں نے مبینہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ بھارت روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا۔ ٹرمپ نے اسے یوکرین جنگ کے تناظر میں ماسکو کو تنہا کرنے کی ایک بڑی پیش رفت قرار دیا تھا۔

تاہم بھارت نے اس دعوے کی تردید کی اور وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان کوئی فون کال نہیں ہوئی۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دیوالی کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی امید ظاہر کیتصویر: AFP/M. Sharma

مودی کا ٹرمپ کو شکریہ

امریکی صدر ٹرمپ نے وزیرِ اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک ''عظیم شخصیت‘‘ اور ''عظیم دوست‘‘ قرار دیا، اور ان کے ساتھ اپنے طویل تعلقات کا ذکر کیا۔

اوول آفس میں دیوالی کی تقریبات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بھارت کے عوام کو اپنی ''گرم جوش مبارکباد‘‘ پیش کی اور کہا کہ انہوں نے ''آج ہی آپ کے وزیرِ اعظم سے بات کی ہے۔‘‘ انہوں نے اس گفتگو کو ''شاندار‘‘ قرار دیا اور کہا، ''ہم نے تجارت پر بات کی... وہ اس میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔‘‘

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دیوالی کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی امید ظاہر کی۔

مودی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ ایک بیان میں کہا، ''صدر ٹرمپ، آپ کی فون کال اور دیوالی کی گرم جوش مبارکباد کا شکریہ۔ روشنیوں کے اس تہوار پر، ہماری دونوں عظیم جمہوریتیں دنیا کو امید کی روشنی سے منور کرتی رہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متحد رہیں۔‘‘

ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری پر اقدام کرتے  ہوئے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے، جس سے اس سال بھارت سے درآمدات پر مجموعی امریکی ٹیکس کی شرح 50 فیصد ہو گئی ہےتصویر: Brendan Smialowski/AFP

توانائی پر بھی بات ہوئی

ٹرمپ نے کہا کہ توانائی بھی ان کی گفتگو کا حصہ تھی، اور مودی نے انہیں یقین دلایا کہ بھارت روس سے تیل کی خریداری کو محدود کرے گا۔

مودی نے بھی کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت ہوئی، لیکن اس میں کیا بات ہوئی، اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری پر اقدام کرتے  ہوئے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے، جس سے اس سال بھارت سے درآمدات پر مجموعی امریکی ٹیکس کی شرح 50 فیصد ہو گئی ہے۔

امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ تجارتی صورتحال کو ''دلچسپ‘‘ قرار دیا۔

ادارت: صلاح الدین زین

جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں