امریکی محمکہ زراعت میں انتہائی اعلیٰ عہدے کے لیے نامزد کردہ سائنسدان کلووِس نے اس عہدے پر کام کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے حوالے سے جاری تحقیق میں ان کا نام بھی شامل تفتیش ہے۔
اشتہار
خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے امریکی میڈٰیا رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی محمکہ زراعت میں ایک اعلیٰ عہدے کی خاطر نامزد کیے جانے والے سینئر سائنسدان سام کلووِس کو اب اس محکمے میں ملازمت نہیں مل سکے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس عہدے کی خاطر انہیں نامزد کیا تھا۔
سام کلووِس سن دو ہزار سولہ میں منعقد ہوئے امریکی صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کا حصہ بھی تھے۔ ان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے کہ انہوں نے اس مہم کے دوران خارجہ امور کے ایک مشیر جارج پاپاڈوپولوس کی حوصلہ افزائی کی تھی کہ وہ روسیوں کے ساتھ رابطہ کریں۔
عدالتی ذرائع کے مطابق جارج پاپاڈوپولوس نے اعتراف جرم کر لیا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے تفتیش کاروں کے ساتھ جھوٹ بولا تھا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی صدارتی مہم اور روسیوں کے مابین رابطہ کاری کی کوشش نہیں کی تھی۔ اگرچہ کلووِس کا نام اس عدالتی دستاویز میں نہیں آیا تھا تاہم بعد ازاں امریکی میڈیا نے کہا کہ یہ سائنسدان بھی اس مبینہ رابطے میں ملوث تھے۔
سام کلووِس نے امریکی صدر ٹرمپ کو لکھے گئے اپنے ایک میں کہا کہ امریکی سیاسی ماحول نے ناممکن بنا دیا ہے کہ وہ ملکی محمکہ زراعت میں ملازمت کے حوالے سے کوئی غیرجانبدار اور شفاف فیصلہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے مخالفین ایک مہم چلائے ہوئے ہیں، جو دن بدن مزید شدت اختیار کرتی دکھائی دیتی ہے۔
کلووِس کے مطابق وہ اس سیاسی گرما گرمی سے الگ ہو کر امریکی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ خط میڈیا کو بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ کلووِس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی کامیابی کی خاطر ہر ممکن جائز قدم اٹھائیں گے۔
دوسری طرف وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کلووِس کے اس فیصلے کا احترام کرتی ہے۔ کلووِس کو جب اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا تھا تو یہ الزامات بھی عائد کیے گئے تھے کہ وہ محمکہ زراعت میں اس عہدے کے لیے لازمی طور پر درکار مناسب قابلیت نہیں رکھتے۔ ٹرمپ نے کلووِس کو امریکی محکمہ زراعت میں اعلیٰ ترین سائنسدان کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
ٹرمپ کے ایسے نو ساتھی جو برطرف یا مستعفی ہو گئے
وائٹ ہاؤس کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر ہوپ ہیکس نے اپنے عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے کتنے اعلی عہدیدار برطرف یا مستعفی ہو چکے ہیں، یہ ان تصاویر کے ذریعے جانیے۔
انتیس سالہ سابق ماڈل ہوپ ہیکس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتہائی قریبی اور پرانی ساتھی قرار دی جاتی ہیں۔ سن دو ہزار پندرہ میں ٹرمپ کی صدارتی مہم کی ترجمان ہوپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں بڑے احسن طریقے سے نبھائی ہیں۔ امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت پر ان سے پوچھ گچھ بھی کی گئی تھی۔
تصویر: Reuters/C. Barria
اسٹیو بینن
سن دو ہزار سولہ کے انتخابات میں ٹرمپ کی فتح اور اُن کے قوم پرستی اور عالمگیریت کے خلاف ایجنڈے کے پس پشت کارفرما قوت اسٹیو بینن ہی تھے۔ گزشتہ ہفتے امریکی ریاست ورجینیا میں شارلٹس ویل کے علاقے میں ہونے والے سفید فام قوم پرستوں کے مظاہرے میں ہوئی پُر تشدد جھڑپوں کے تناظر میں ٹرمپ کو ریپبلکنز کی جانب سے سخت تنقید کے ساتھ بینن کی برطرفی کے مطالبے کا سامنا بھی تھا۔
تصویر: picture alliance/AP Photo/A. Brandon
انٹونی سکاراموچی
’مُوچ‘ کی عرفیت سے بلائے جانے والے 53 سالی انٹونی سکاراموچی وائٹ ہاؤس میں محض دس روز ہی میڈیا چیف رہے۔ بہت عرصے خالی رہنے والی اس آسامی کو نیو یارک کے اس شہری نے بخوشی قبول کیا لیکن اپنے رفقائے کار کے ساتھ نامناسب زبان کے استعمال کے باعث ٹرمپ اُن سے خوش نہیں تھے۔ سکاراموچی کو چیف آف سٹاف جان کیلی نے برطرف کیا تھا۔
امریکی محکمہ برائے اخلاقیات کے سابق سربراہ والٹر شاؤب نے رواں برس جولائی میں وائٹ ہاؤس سے ٹرمپ کے پیچیدہ مالیاتی معاملات پر اختلاف رائے کے بعد اپنے منصب سے استعفی دے دیا تھا۔ شاؤب ٹرمپ کے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد اُن کے ذاتی کاروبار کے حوالے سے بیانات کے کڑے ناقد رہے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J.S. Applewhite
رائنس پریبس
صدر ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے فوراﹰ بعد رپبلکن رائنس پریبس کو وائٹ ہاؤس کا چیف آف اسٹاف مقرر کیا تھا۔ تاہم تقرری کے محض چھ ماہ کے اندر ہی اس وقت کے مواصلات کے سربراہ انٹونی سکاراموچی سے مخالفت مول لینے کے سبب اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔
تصویر: Reuters/M. Segar
شین اسپائسر
وائٹ ہاؤس کے سابق پریس سیکرٹری شین اسپائسر کے ٹرمپ اور میڈیا سے بہت اچھے تعلقات تھے۔ تاہم اُنہوں نے ٹرمپ کی جانب سے انٹونی سکاراموچی کی بطور ڈائرکٹر مواصلات تعیناتی کے بعد احتجاجاﹰ استعفیٰ دے دیا تھا۔ اسپائسر اس تقرری سے خوش نہیں تھے۔
تصویر: Reuters/K.Lamarque
مائیکل ڈیوبک
وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری مائیکل ڈیوبک کو اُن کے امریکی انتخابات میں روس کے ملوث ہونے کے الزامات کو صحیح طور پر ہینڈل نہ کرنے کے سبب ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/S. Walsh
جیمز کومی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومی کو بھی برطرف کر دیا تھا۔ کومی پر الزام تھا کہ اُنہوں نے ہلیری کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں درست معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔ تاہم ٹرمپ کے ناقدین کو یقین ہے کہ برطرفی کی اصل وجہ ایف بی آئی کا ٹرمپ کی انتخابی مہم میں روس کے ملوث ہونے کے تانے بانے تلاش کرنا تھا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. S. Applewhite
مائیکل فلن
قومی سلامتی کے لیے ٹرمپ کے مشیر مائیکل فلن کو رواں برس فروری میں اپنے عہدے سے استعفی دینا پڑا تھا۔ فلن نے استعفے سے قبل بتایا تھا کہ اُنہوں نے صدر ٹرمپ کے حلف اٹھانے سے قبل روسی سفیر سے روس پر امریکی پابندیوں کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔ فلن پر اس حوالے سے نائب امریکی صدر مائیک پنس کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔