ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز: پہلے میچ میں پاکستان کی شکست
27 اکتوبر 2010دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں اب جنوبی افریقہ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
رات کی روشنیوں میں ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم انیس اعشاریہ پانچ اوورز میں ایک سو انیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز مصباح الحق رہے، جنہوں نے ستائیس رنز بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی نے سات گیندوں پر پچیس رنز بنائے اور جلد بازی کی وجہ سے اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کسی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ پاکستان کی طرف سے تمام بلے بازوں نے غیر ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے بڑے سڑوک کھیلنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے وہ اپنے بولرز کے لئے کوئی اچھا ہدف تیار نہ کر سکے۔
آغازمیں اگرچہ کھیل پاکستان کے حق میں تھا لیکن مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوا۔ مبصرین کے مطابق پاکستان کا بیٹنگ آرڈر بھی کچھ مناسب نہیں تھا، جس کے وجہ سے جنوبی افریقی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ بیٹنگ کے لئے شاندار وکٹ پر جنوبی افریقہ کے تیز بولر Tsotsobe اور کپتان بوتھا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ نے جب ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پاکستان کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں صرف چھبیس کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کا ٹاپ آرڈر گر گیا۔ جس میں سے دو وکٹیں شعیب اختر اور ایک محمد حفیظ نے حاصل کی۔ تاہم بعد ازاں بیٹنگ کے لئے ایک آسان وکٹ پر چے پی ڈومینی اور کولن انگرام نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ڈومینی ، اکتالیس کے انفرادی سکور پر سعید اجمل کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ انگرام نے چھیالیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ڈومینی کو ان کی عمدہ پرفارمنس کی بنیاد پر کھیل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے خصوصی طور پر کھیلی جا رہی اس سیزیز کا دوسرا اور آخری میچ بدھ کو ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: ندیم گِل