1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کرکٹ کپ، پاکستان اور بھارت کا ٹکراؤ

30 ستمبر 2012

ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت مد مقابل ہو رہے ہیں۔ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے بھارت کو ہر حال میں یہ میچ جیتنا ہو گا۔

تصویر: Reuters

آج اتوار کے روز ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں دو میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ مد مقابل ہوں گے جبکہ دوسرے میچ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔ دونوں میچ کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔

جنوبی افریقہ اور بھارت دونوں ہی اپنے اپنے پہلے میچوں میں شکست سے دوچار ہوئے تھے۔ اس لیے اب اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دونوں کا ہی اپنے اپنے میچوں میں کامیاب ہونا ضروری ہے۔

بھارتی کپتان ایم ایس دھونیتصویر: AP

بھارت کے لیے یہ میچ اس لیے بھی اہم ہے کہ اگر وہ پاکستان سے ہار جاتا ہے تو وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا کیونکہ آسٹریلیا نے اسے ایک بڑے مارجن سے شکست دی تھی اور اس کی اوسط بہت بڑی ہے۔ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی اس وقت شدید دباؤ میں ہیں۔ گزشتہ میچ میں وریندر سہواگ کو باہر بٹھانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے جبکہ یووراج سنگھ کی فوری واپسی پر بھی سوالیہ نشانات اٹھائے جا رہے ہیں۔ دھونی نے البتہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سہواگ کو باہر بٹھانے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے ۔

کرکٹ مبصرین کے بقول اس میچ میں پاکستانی ٹیم زیادہ دباؤ کا شکار نہیں ہو گی کیونکہ اس نے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا پہلا میچ جیت رکھا ہے۔ دوسری طرف بھارتی ٹیم نے اگر سیمی فائنل تک جانا ہے تو اسے پاکستان کو شکست دینا ہو گی۔

گزشتہ روز سپر ایٹ مرحلے میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو ایک آسان مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے ہرا دیا جبکہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے نیوزی کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر اسےتقریباﹰ ٹورنامنٹ سے باہر ہی کردیا ہے۔

سری لنکا بمقابلہ ویسٹ انڈیز

ہفتے کے دن پالیکیلے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں129رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے مارلون سیموئیلز پچاس جبکہ ڈیون براوو نے چالیس رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔ اس میچ میں کرس گیل سمیت دیگر تمام بلے باز سری لنکا کی سپن بولنگ کے آگے بے بس نظر آئے۔

سری لنکا کے کپتان جے وردنےتصویر: AP

سری لنکا نے 130 رنز کا آسان ہدف دلشان کی وکٹ کے نقصان پر ہی پورا کر لیا۔ کپتان جے وردنے نے 49 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہی مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔

انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ

ہفتے کے دن کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو مات دے دی۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیتا اور حریف ٹیم کو جیتنے کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا، جو اس نے بغیر کسی دقت کے عبور کر لیا۔

اس میچ میں نمایاں بات انگلش بلے باز لیوک رائٹ کی دھواں دھار بلے بازی رہی۔انہوں نے43 گیندوں پر پانچ چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے76 رنز بنائے۔ اوئن مورگن نے بھی اچھی بلے بازی کی اور اکتیس گیندوں پر تیس رنز بنائے۔ انگلینڈ نے یہ میچ انیسویں اوور کی آخری گیند پر ہی جیت لیا۔ اس میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز لیوک رائٹ کو دیا گیا۔

( ab / ng (AFP

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں