ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ: پاکستان کو شکست
8 جون 2009پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ برطانیہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پرایک سو پچاسی رنز بنائے۔اس اسکور میں پیٹرسن کے 58 رنز شامل ہیں۔ انہوں نے یہ اسکورصرف 38 گیندوں پر بنایا۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل اور سعید اجمل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ایک سو چھیاسی رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز بہت اچھا نہیں ہوا اور صرف تیرہ رنز پر پہلی وکٹ گری۔ جس کے بعد یونس خان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہیں کھیل سکا۔ یونس خان نے اکتیس گیندوں پرچھیالیس رنز اسکور کئے۔ پاکستانی ٹیم بیس اوورز میں صرف ایک سو سینتیس رنز بنا سکی اوراس کے سات کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دیکھنا پڑا۔
گو کہ ایک سو چھیاسی رنز کا ہدف زیادہ کٹھن نہیں تھا مگر پاکستان کے لیے یہ اسکور پہاڑ کو عبورکرنے کے مترادف ثابت ہوا۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا میزبان ملک برطانیہ اپنا پہلا میچ ہالینڈ کی نا تجربہ کار ٹیم سے ہار گیا تھا۔ اسے ’سپر ایٹ‘ تک رسائی کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی تھا۔
گذشتہ روز دوسرا میچ جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ کے مابین کھیلا گیا جس میں جنوبی افریقہ نے ایک سو تیس رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح سکاٹ لینڈ وہ پہلی ٹیم ہے جو ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔ منگل کے روز پاکستانی ٹیم کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا۔