ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا ’اصل مقابلہ‘ چنئی سپر کنگز کے نام
27 ستمبر 2010اتوار کو کھیلے گئے اس اہم میچ میں واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم بھارتی کرکٹ کلب چنئی سپر کنگز کی عمدہ بولنگ نے اس جنوبی افریقی کلب کو باندھ کر رکھ دیا۔
واریئرز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز ہی بنا سکی۔ واریئرز کے کپتان ڈیوی جیکب 34 رنز کے انفرادی سکور کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
چنئی سپر کنگز کے بولرز مرلی دھرن اور روی چندرن ایشون نے عمدہ بولنگ کی۔ مرلی دھرن اور ایشون نے اپنے چار چار اوورز میں سولہ سولہ رنز دے کر بالتریب تین اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان دونوں کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں چنئی سپر کنگز کی جیت یقینی ہوئی تھی۔
جب چنئی سپر کنگز نے 129 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز مائیکل ہسی اور مرلی وجے نے 103 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ دی۔ مرلی وجے نے دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اٹھاون رنز بنائے اور وہ نکے بوئے کی ایک اچھی گیند کا شکار ہوئے جبکہ مائیکل ہسی 51 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
سیمی فائنل میں چنئی سپر کنگز کو کامیابی دلوانے والے سریش رائنا فائنل میں کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف دو رنز بنا کر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ تاہم کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ہسی کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔ کھیل کے بہترین کھلاڑی مرلی وجے جبکہ سیریز کے بہترین کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ایشون قرار پائے۔
انڈین پریمیئر لیگ کی فاتح ٹیم چنئی سپر کنگز کو چیمپیئنز لیگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا اعزاز جیتنے پر 2.5 ملین ڈالر کا چیک بطور انعام دیا گیا جبکہ رنراپ ٹیم واریئرز کو 1.3 ملین ڈالر کا چیک ملا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ انڈین پریمیئر لیگ کے بعد اس مقابلے کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا ’اصل مقابلہ‘ قرار دے رہے تھے کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف بھارتی کرکٹ کلب شامل تھے بلکہ دنیائے کرکٹ کے دیگر اعلٰی کلب بھی شرکت کر رہے تھے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک