1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کھیلنے کو بھی دل کرتا ہے، اظہر علی

طارق سعید، لاہور28 جولائی 2015

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کھیلنے کو ان کا بھی دل چاہتا ہے۔ اظہرکے بقول سری لنکا کے خلاف پاکستان کی کامیابی جارحانہ کھیلنے کا نتیجہ ہے۔

Azhar Ali
تصویر: Shafiq Malik

وہ سری لنکا کو سری لنکا میں نو سال بعد ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز ہرانے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر قذافی اسٹیڈیم میں نامہ نگاروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اظہرعلی، جنہوں نے کبھی ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی، بتایا کہ ان کا جی چاہتا ہے کہ وہ ہر فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں لیکن بہترین ٹیم کا انتخاب سلیکٹرز کی صوابدید ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پہلے ایک روزہ میچوں میں بھی نہیں کھلایا جاتا تھا لیکن انہوں نے دو سال ٹیم سے باہر رہ کر دن رات محنت کی، ’’اب ون ڈے میں واپسی پر دباؤ تھا۔ مجھے علم ہے کہ کرکٹ بدل گئی ہے۔ اس لیے شروع سے ہی اپنی بیٹنگ میں روانی لانے کی کوشش کی اور وکٹیں گرنے پر بھی رن ریٹ پر سمجھوتہ نہ کیا۔ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کی وجہ سے کامیابی نے میرے قدم چومے۔‘‘

اظہرعلی کے مطابق سری لنکا میں پاکستان کی ایک روزہ سیریز میں فتوحات جارحانہ کھیلنے کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چمپئینز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کا اضافی دباؤ تھا۔ لیکن ٹیم مینجمنٹ کے مشورے سے کھل کر کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا، ’’ ٹیم نے جیسی فیلڈنگ کی اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم کی فیلڈنگ میں جان آگئی ہے۔‘‘

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ ایشیا کے باہر کامیابیوں کے لیے ٹیم کو جارحانہ اورمثبت کھیلنا ضروری ہوگا۔ اظہر علی کے مطابق یہ کامیابی کھلاڑیوں کی مشترکہ کوششوں کا صلہ ہے۔ ایک سے گیارہ تک ہر کھلاڑی نے جان لڑائی اور دباؤ میں پر سکون رہے۔

اظہر علی نے اس تاثر کو رد کر دیا کہ کوچ وقار یونس اپنے فیصلے ٹیم اور سلیکٹرز پر مسلط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے ٹیم کے مفاد میں باہمی مشاورت سے ہو رہے ہیں۔

آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ ہمبنٹوٹا میں کامیابی سے جیت کا مزہ دوبالا ہوجاتا لیکن بدقسمتی سے وہ ہمارا دن نہ تھا تاہم ہم نے ایک زبردست سیریز جیتی ہے۔

پاکستان کو اب جمعرات سے سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کولمبو میں کھیلنا ہے۔ اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اظہرعلی کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو اس کے ہوم گراونڈ پر ہرانا آسان نہیں لیکن پاکستان اس دورے میں میزبان ملک کے خلاف ون ڈے اور ٹیسٹ میچ جیت چکا ہے۔ اس لیے اب دباؤ بھی لنکن ٹیم پر ہوگا اور مجھے امید ہے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کلین سویپ کرے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں