1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئٹر اکاونٹ پر بلیو ٹک والے صارفین کے لیے بری خبر

31 اکتوبر 2022

ٹوئٹر اپنے شناخت شدہ صارفین کو نیلے رنگ کا ایک چیک مارک دیتی ہے۔ لیکن 'بلیوٹک' والے ایسے صارفین کے لیے بری خبر یہ ہے کہ سوشل میڈیا کی یہ کمپنی اس کے لیے اب ان سے ماہانہ بھاری فیس وصول کرنے پر غور کر رہی ہے۔

USA Twitter Elon Musk
تصویر: Adrien Fillon/ZUMA Press Wire/picture alliance

مائکروبلاگنگ اور سوشل نیٹ ورکنگ سروس ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک  صارفین کے اکاونٹس کی ویریفکیشن کے لیے ان سے ہر ماہ ایک مقررہ فیس لینے پر غور کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر کے انتظامی امور سے واقف دو عہدیداروں نے اتوار کے روز بتایا کہ صارفین کو اس کے لیے ماہانہ 4.99 ڈالر ادا کرنے ہوں گے بصورت دیگر وہ اپنے "تصدیق شدہ" بیجز یا بلیو ٹک سے محروم ہو جائیں گے۔

ایلون مسک نے اتوار کے روز ایک ٹویٹ کرکے بتایا کہ ٹوئٹر اپنے صارفین کے ویریفیکیشن کے عمل پر نظر ثانی کرے گی۔ خیال رہے کہ چند روز قبل ہی دنیا کے دولت مند ترین شخص مسک نے دنیا میں سب سے زیادہ با اثر سمجھے جانے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خرید لیا ہے۔

اربوں ڈالر کا معاہدہ ختم کرنے پر ٹوئٹر نے ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

ایلون مسک نے اپنی ٹویٹ میں اس حوالے سے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ "تصدیق کے پورے عمل کو ابھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔"

ٹوئٹر کی طرف سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق اگر یہ تجویز یا پروجیکٹ آگے بڑھتا ہے تو صارفین کو ٹوئٹر کے تصدیق شدہ  بیجز حاصل کرنے کے لیے ماہانہ  4.99 ڈالر ادا کرنے ہوں گے، بصورت دیگر وہ اپنے بلیو ٹک سے محروم کر دیے جائیں گے۔

ویریفیکیشن اب ضروری ہو جائے گا

گوکہ ٹیسلا کے سی ای او مسک نے اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے اور اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مطابق اس منصوبے کو فی الحال ختم بھی کیا جا سکتا ہے لیکن یہ بات تقریباً طے ہے کہ ویریفیکیشن اب ٹوئٹر بلیو کا حصہ بن جائے گا۔

ٹوئٹر بلیو کو گزشتہ برس جون میں پلیٹ فارم کی پہلی سبسکرپشن سروس کے طور پر شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت صارف ماہانہ سبسکرپشن کی بنیاد پر "پریمیم خصوصیات تک رسائی" حاصل کر سکتا ہے، جس میں ٹوئٹس میں ترمیم کرنے کی گنجائش بھی شامل ہے۔

ٹوئٹس میں ترمیم کرنے کا فیچر بھی اس ماہ کے اوائل میں دستیاب کرایا گیا تھا جب ایلون مسک نے اپریل میں ٹویٹر پول کا استعمال کرتے ہوئے اپنے لاکھوں مداحوں سے پوچھا تھا کہ کیا وہ 'ایڈٹ بٹن' چاہتے ہیں۔ 70 فیصد سے زیادہ لوگوں نے اس کے حق میں جواب دیا تھا۔

امریکی ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ 'دا ورج' نے اتوار کے روز ٹوئٹر کے انتظامی امور سے واقف ملازمین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ارب پتی تاجر ایلون مسک نے یہ درخواست بھی کی ہے کہ ٹوئٹر کی سائٹ پر جانے کے بعد لاگ آوٹ ہونے والے صارفین کو ایکسپلورر پیج پر ری ڈائریکٹ کیا جائے، جو ٹرینڈنگ ٹوئٹس دکھاتا ہے۔

میں ایلون مسک کیسے بنا؟

07:50

This browser does not support the video element.

بلیو ٹک کے لیے 20 ڈالر تک ماہانہ

' دا ورج' نے اپنی ایک اور رپورٹ میں کہا ہے کہ گوکہ پہلے مرحلے میں صارفین سے بلیو ٹک کے لیے 4.99 ڈالر لیے جائیں گے لیکن بعد میں اسے بڑھا کر 19.99 ڈالر ماہانہ کر دیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹوئٹر نے اپنے ملازمین سے اس پروجیکٹ پر تیزی سے کام کرنے کے لیے کہا ہے۔ انہیں اس نئے فیچر کو متعارف کرانے کے لیے 7 نومبر تک کا وقت دیا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں ملازمت سے فارغ کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 44 ارب ڈالر کے بدلے میں ٹوئٹر کو اپنے کنٹرول میں لینے کے فوراً بعد ہی ایلون مسک نے ٹوئٹر کے سی ای او بھارتی نژاد پراگ اگروال، قانونی شعبے کی سربراہ وجے گڈے اور چیف فائنانشیل افسر نیل سیگال کو ملازمت سے فارغ کر دیا تھا۔

سن 1948 میں کی گئی پیش گوئی، مریخ پر ’ایلون‘ کی حکومت

ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر کو "آزاد" جگہ بنانا چاہتے ہیں اور انسانیت کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

 ج ا/ص ز(روئٹرز)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں