1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئٹر کا آج اپنے ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان

4 نومبر 2022

ٹوئٹر نے ایک ای میل میں کہا کہ اس کے تمام دفاتر عارضی طور پر بند اور ان میں رسائی کے لیے استعمال ہونے والے بیجز معطل رہیں گے۔ جمعے کی صبح نو بجے تک ملازمین کو آگاہ کر دیا جائے گا کہ انہیں فارغ کیا جا رہا ہے یا نہیں؟

Symbolbild I Elon Musk - Twitter
تصویر: Nikolas Kokovlis/NurPhoto/IMAGO

 

ایلون مسک  کے ٹوئٹر کے نئے مالک بننے کے بعد اس کے مستقبل کے حوالے سے تقریباً ایک ہفتے تک غیر یقینی صور تحال کے بعد آج جمعے کو کمپنی کے ملازمین کو آگاہ کر دیا جائے گا کہ انہیں نکالا جا رہا ہے یا نہیں۔ اس دوران کمپنی کے تمام دفاتر عارضی طور پر بند رہیں گے اور وہاں ملازمین کی رسائی بھی نہیں ہو سکے گی۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹوئٹر کے ساڑھے سات ہزار ملازمین میں سے آدھے فارغ کر دیئے جائیں گے۔

ٹوئٹر اکاونٹ پر بلیو ٹک والے صارفین کے لیے بری خبر

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سوشل میڈیا کمپنی نے اپنے عملے کو جمعرات کے روز بھیجے گئے ایک ایک ای میل میں کہا ہے کہ وہ جمعے کو صبح نو بجے تک ملازمین کو برطرفیوں کے بارے میں بتا دے گی۔

ملازمین کو کیوں فارغ کیا جارہا ہے؟

روئٹرز کی جانب سے دیکھی گئی ای میل میں کہا گیا کہ "ٹوئٹر کو صحت مند راستے پر لانے کی کوشش میں ہم جمعے کو دنیا بھر میں اپنی افرادی قوت کو کم کرنے کے مشکل عمل سے گزریں گے۔"

ٹوئٹر  نے کہا کہ اس کے دفاتر عارضی طور پر بند رہیں گے اور اندر جانے کے لیے استعمال ہونے والے تمام بیجز کے ذریعے رسائی بھی معطل کر دی جائے گی تاکہ ہر ملازم، ٹوئٹر سسٹم اور صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد ملے۔

اربوں ڈالر کا معاہدہ ختم کرنے پر ٹوئٹر نے ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا

اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ جن ملازمین کو برطرف نہیں کیا جائے گا، انہیں ان کے ای میل ایڈریس پر مطلع کر دیا جائے گا۔ اور جن ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے انہیں ان کے ذاتی ای میل ایڈریس پر مستقبل کا لائحہ عمل بتا دیا جائے گا۔

میں ایلون مسک کیسے بنا؟

07:50

This browser does not support the video element.

اخراجات میں کمی

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے اخراجات میں کمی پر زور دیتے ہوئے اس سوشل میڈیا کمپنی میں کام کے نئے جارحانہ اخلاقیات کو نافذ کیا تھا۔

انہوں نے کمپنی کا کنٹرول سنبھالتے ہی اس کے چیف ایگزیکیوٹیو، مالیات اور قانونی امور کے عہدیداروں اور سینیئر رینک کے عہدیداروں کو پہلے ہی فارغ کر دیا ہے۔

ان کے علاوہ کمپنی کے ایڈورٹائزنگ، مارکیٹنگ اور ہیومن ریسورس شعبوں کے دیگر افراد بھی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چلے گئے۔

دو ملازمین نے روئٹرز کو بتایا کہ جیسے ہی ای میل ٹوئٹر ملازمین کے ان باکسز میں پہنچی، اس کے کچھ ہی دیر بعد سینکڑوں افراد الوادع کہنے کے لیے کمپنی کے 'سلیک'  چینلز پر آگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ کسی نے ایلون مسک کو بھی چینل میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

ٹوئٹر نے جمعرات کو بھیجے گئے ای میل میں کہا کہ، "اگر آپ کسی دفتر میں ہیں یا دفتر جارہے ہیں تو براہ کرم گھر واپس چلے جائیں۔"

ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم کر دیا، ٹوئٹر کا قانونی کارروائی کا اعلان

اس معاملے سے واقف دو ذرائع اور روئٹرز کے ذریعہ دیکھے گئے ایک پیغام کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر انکارپوریشن کی ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بنیادی ڈھانچے کی لاگت میں سالانہ ایک ارب ڈالر تک کی کمی کریں۔

ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر اسپام بوٹس کو'شکست' دینا چاہتے ہیں۔ اور ان کا مقصد اس پلیٹ فارم کو نفرت اور تقسیم کی آماجگاہ بننے سے روکنا ہے جبکہ وہ خود سینسر شپ کو محدود پیمانے تک لے جا رہے ہیں۔ 

ج ا/ ص ز (روئٹرز، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں