ٹوکیو: چیری بلاسم دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے شائقین کا ہجوم
5 اپریل 2024اس سال گرچہ جاپان میں سرد موسم کی طوالت کی وجہ سے چیری بلاسم سیزن نسبتاً تاخیر سے جلوہ افروز ہوا تاہم ٹوکیو شہر اس کے شائقین کی غیر معمولی تعداد سے بھرا ہوا ہے۔
چیری کا پھول، جسے جاپانی زبان میں ''ساکورا‘‘ کہا جاتا ہے، جاپانی قوم کا پسندیدہ پھول ہے۔ لوگ اکثر ساکورا درخت کی چھاؤں اور ان پھولوں کی مسحور کُن خوشبو سے لطف اندوز ہونے کے لیے ان درختوں کے نیچے پارٹیاں کرتے ہیں۔
ان پھولوں کی گرتی ہوئی پنکھڑیاں، بھینی بھینی خوشبو، پکنک اور شراب نوشی ٹوکیو شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔
کینیڈا سے آنے والی 36 سالہ ودیوت لکشمن نے کہا کہ انہوں نے چیری بلاسم کے نظارے اپنے ملک میں بھی دیکھے ہیں مگر اس پیمانے پر ان کا اس انداز میں کھلنا یقیناً منفرد اور دیدنی ہے۔ انہوں نے کہا،''اف یہ منظر پاگل کر دینے والا ہے۔‘‘
چیری بلاسم عام طور سے مارچ کے اواخر سے اپریل کے اوائل تک عروج پر ہوتا ہے اور اسی وقت جاپان میں ایک نیا تعلیمی اور کاروباری سال شروع ہوتا ہے۔
یہ منظر واقعی '' دم بخود‘‘ کر دینے والا ہے، یہ کہنا ہے 47 سالہ سلور شیا کا جو ایک امریکی سیاح ہیں اور اپنی 11 سالہ بیٹی کے ساتھ ایک ماہ سے ٹوکیو میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ''ہم تقریباً ایک ہفتے میں واپس جانے والے ہیں اور ہم گھبرا رہے تھے، پریشان تھے کہ کہیں اس سال کا چیری بلاسم ہم مس نہ کر دیں۔‘‘
دوسرے لوگ بھی ان انوکھے پھولوں کی بہار ختم ہونے کی فکر میں تھے۔ کینیڈا سے آئی ہوئی 30 سالہ ستیہ کنڈولا نے کہا،'' ہم ہر روز چیری کے پھولوں کا انتظار کرتے رہے۔‘‘ ۔ ان کا مزید کہنا تھا،'' ہم کل جا رہے ہیں۔ ہم بہت خوش ہیں کہ آخری دن ہمیں چیری بلاسم کا بھر پور منظر دیکھنے کو مل ہی گیا۔‘‘
ک م/ ش ر(اے پی)