ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آ گئی
14 مئی 2019خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستانی حکومت نے ایسے افراد کے لیے ایک ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کرا دی ہے جو ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ ایسے لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ 30 جون تک اپنے اثاثے ظاہر کر کے ان پر چار فیصد ٹیکس ادا کر کے انہیں قانونی شکل دے لیں۔ ایسا نہ کرنے والوں کو 30 جون کے بعد گرفتاریوں اور اثاثوں کی ضبطی کا سامنا کرنے پڑے گا۔
پاکستانی حکومت کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے آج منگل 14 مئی کو کہا کہ اس اقدام کا مقصد ایسے لوگوں کو قانونی معیشت کا حصہ بنانا ہے جنہوں نے ابھی تک اپنے اثاثہ جات ظاہر نہیں کیے۔
عبدالحفیظ شیخ کے مطابق اس اسکیم سے وہ لوگ بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جنہوں نے بیرون ملک بینکوں میں اپنے پیسے رکھے ہوئے ہیں تاہم انہیں اس کے لیے یہ رقم پاکستانی بینکوں میں رکھنا ہو گی۔
پاکستان میں ماضی میں بھی ایسی ہی ٹیکس ایمنسٹی اسکیمیں متعارف کرائی جاتی رہی ہیں تاہم وہ ٹیکس نا دہندگان کو قانونی معیشت کا حصہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکیں کیونکہ ایسے افراد کی جانب سے شکایات سامنے آتی ہیں کہ پاکستان حکام انہیں ڈراتے دھمکاتے ہیں۔
پاکستانی حکومت کی جانب سے یہ تازہ پیشرفت عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ پیر 13 مئی کو چھ بلین ڈالرز کے قرضے پر اتفاق ہونے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے یہ قرضہ آئندہ تین برسوں کے دوران فراہم کیا جائے گا تاہم یہ رقم پرانے قرضوں کی ادائیگیوں کے لیے استعمال ہونا ہے۔
ا ب ا / ع ا (ایسوسی ایٹڈ پریس)